سنی یواجناسنگم ( ایس وائی ایس) یوتھ کانفرنس کی پلاٹینم جوبلی تقریب سے وجین کا خطاب، مسجدوں کے نیچےمندر تلاش کرنےکی کوششوں کی مذمت کی۔
EPAPER
Updated: December 30, 2024, 10:56 AM IST | Agency | Calicut/Thrissur
سنی یواجناسنگم ( ایس وائی ایس) یوتھ کانفرنس کی پلاٹینم جوبلی تقریب سے وجین کا خطاب، مسجدوں کے نیچےمندر تلاش کرنےکی کوششوں کی مذمت کی۔
کیرالا کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے شہریوں کے حقوق کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے فرقہ پرستی کو ملک وملت کیلئے ناسور بتایا۔اس تشویش کااظہار انہوں نے کیرالا کے تھریسور میں منعقدہ سنی یواجناسنگم ( ایس وائی ایس) یوتھ کانفرنس کی پلاٹینم جوبلی کانفرنس میںانسانی حقوق کے موضوع پر منعقدہ اجلاس میں کیا۔
انہوں نے ملک بھر میں ہو رہے انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ کسی کو بھی شہری حقوق کی خلاف ورزی کی اجازت ہرگز نہیں ہے،چاہے وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔پنارائی وجین نے بے قصورافراد کی غیرمنصفانہ قید اور بڑھتے ہوئے مظالم پرمرکز پر سخت تنقید کی۔ وزیر اعلیٰ نے اجمیر درگاہ پر حالیہ دعوؤں کو تفرقہ انگیز قرار دیتے ہوئے شرپسند وں کے اقدامات کے خلاف خبردار کیا۔ انہوں نے اس طرح کے واقعات کو روکنے کیلئے ۱۹۹۱ءکے خصوصی ایکٹ پرعمل درآمد پر زور دیا۔ وزیر اعلیٰ نے وقف ایکٹ میں مجوزہ ترمیم اور مدارس کو فرقہ وارانہ سرگرمیوں کے طور پر نشانے بنانے والوں کی بھی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست عناصر کی مسلم دشمنی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے، ہمیں ایسے عناصر سے ہوشیار رہنا ہوگا۔ اس کانفرنس کی صدارت شیخ ابوبکر احمد نے کی ۔ کانفرنس میںعوامی نمائندوں اورکیرالاکی مقامی ملی وسماجی شخصیات بھی شریک رہیں۔
کانتھا پورم کے مفتی ٔ اعظم اے پی ابوبکر مصلیارنے اپنے صدارتی خطاب میں سیاسی پارٹیوں کو ملک کے سیکولر تانے بانے کو محفوظ رکھنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کا مشورہ دیااور عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ تقسیم کرنے والے نظریات کو مسترد کردیں۔
واضح رہے کہ سنی یواجنا سنگم کے تحت کیرالا یوتھ نیشنل کانفرنس کا چار روزہ اجلاس ۲۶؍دسمبرکو تھریسور میں شروع ہوا تھا۔ اس کے تحت ۶؍ مختلف مقامات پرمختلف عنوانات سے اجلاس منعقد کئے گئے جن میں ریاست بھر سے علماء، مشائخ ، ملی و مذہبی رہنما ، تنظیموں کے سربراہان اوراہل قلم اور دانشوران کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔