ماحولیات کی تبدیلی سے لڑنے اور مہاراشٹر کو سرسبز رکھنے کی غرض سے حکومت کا ۷؍ سال طویل مہم کا منصوبہ ۔
EPAPER
Updated: March 08, 2026, 9:41 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ماحولیات کی تبدیلی سے لڑنے اور مہاراشٹر کو سرسبز رکھنے کی غرض سے حکومت کا ۷؍ سال طویل مہم کا منصوبہ ۔
مہاراشٹر کو سرسبز بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ریاست میں ۳۰۰؍ کروڑ درخت لگانےکے عزم کا اظہار کیاہے۔ ایک روز قبل ریاستی بجٹ پیش کرتے ہوئے انہوں نے یہ اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ کے بقول قومی جنگلاتی پالیسی ۱۹۸۸ءکے مطابق، ریاست کے کل جغرافیائی رقبے کا کم از کم۳۳؍ فیصد رقبہ جنگلات اور درختوں پر محیط ہونا چاہئے۔ مہاراشٹر میں سرسبز رقبہ کو بڑھانے کیلئے ماحولیاتی تحفظ، آب و ہوا کی تبدیلی سے لڑنا اور دیہی روزگار پیدا کرنا ان تین اصولوں کے تحت۳۰۰؍ کروڑ درخت لگانے کی مہم چلائی جائے گی۔ یہ درخت ۷؍برس میں لگائے جائیں گے۔ ‘‘ انہوں نے مزید بتایاکہ ’’ درخت لگانے کی مہم سے دیہی علاقوں میں روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ ‘‘ وزیر اعلیٰ کے بقول ’’ درخت لگانے کی اس مہم میں غیر سرکاری تنظیموں اور تعلیمی اداروں کی بھی مد د لی جائے گی۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: ممبئی کو ٹریفک سے پاک کرنے کیلئے متعدد منصوبے
ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کی کوشش
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہاکہ’’محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہےکہ آئندہ برسوں میں مانسون کے دوران بارش کم ہو سکتی ہے، اس کی وجہ تیزی سے بدلتا ہوا ماحولیاتی نظام بتائی گئی ہے۔ اسی لئے ماحولیات کے توازن کو برقرار رکھنے کیلئے درخت لگانے کی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ اسی کے ساتھ پانی کو محفوظ کرنے اور ندیوں کو جوڑنے کے متعدد منصوبے بھی نافذ کئے جارہے ہیں۔ جن علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوتی ہے وہاں کی ندیو ں کا پانی مہاراشٹر کے قحط زدہ علاقوں میں لے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ‘‘نہوں نے کہاکہ ’’پانی کے بچانے کے ساتھ ساتھ استعمال شدہ پانی دوبارہ قابل استعمال بنانے والے ’ ری سائیکلنگ پلانٹ‘ پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔ ‘‘ یاد رہے کہ مہاراشٹر کے مراٹھواڑہ اور ودربھ میں یوں بھی پانی کی قلت ہے۔