Inquilab Logo

’’چیف پارلیمنٹرین اس بار کیوٹو سے الیکشن ہار رہے ہیں‘‘

Updated: May 22, 2024, 1:29 PM IST | Agency | Bhadohi

سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کا وزیراعظم مودی پر براہ راست حملہ،اسے بریکنگ نیوز بتایا۔

Samajwadi Party chief Akhilesh Yadav addressed a large rally in Azamgarh. Photo: INN
سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اعظم گڑھ میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کیا۔ تصویر : آئی این این

وزیر اعظم مودی پر سیدھا حملہ کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ ملک کے چیف پارلیمنٹرین اس بار کیوٹو(بنارس) سے الیکشن ہارر ہے ہیں ۔ ضلع کے راج پور میدان میں انڈیا اتحاد کی طرف سے ترنمول کانگریس کے امیدوار للتیش پتی ترپاٹھی کی حمایت میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے منگل کو کہا کہ ’’کبھی کاشی کو کیوٹو بنانے کا سپنا دکھانے والے ملک کے چیف پارلیمنٹرین اب کی بار کیوٹو سے بھی الیکشن ہارنے جا رہے ہیں۔ ملکی باشندوں کیلئے یہ سب سے بڑی بریکنگ نیوز ہے۔ یہ الیکشن عام الیکشن نہ ہوکر آئین بچانے کا الیکشن ہے جہاں این ڈی اے آئین کو تبدیل کرنے کو بضد ہے تو وہیں انڈیا اتحاد کے لوگ کمر کس کر بابا صاحب کے ذریعہ بنائے گئے آئین کے دفاع کے لئے آج عوام کے درمیان ہیں۔ ‘‘
 انہوں نے کہا کہ الیکٹورل بانڈ کے ذریعہ بی جےپی نے بڑے کاروباریوں سے چندہ لے کر مہنگائی کو بڑھانے کا کام کیا ہے۔ بی جےپی نے دعویٰ کیا تھا کہ کسانوں کی آمدنی دگنی کردیں گے لیکن ہوا کیا۔ گزشتہ۱۰؍سال میں کھاد، بیج، ڈیزل اور پیٹرول کی مہنگائی اپنے شباب پر ہے۔ کسانوں کی کھیتی کے اخرات بھی نہیں نکل پارہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: مرزا پور میں انوپریا پٹیل کے راستےمیں ایک نہیں کئی رکاوٹیں، سماجوادی پارٹی کے امیدوار سے سخت مقابلہ

سماجوادی سربراہ نے کہا کہ بی جےپی حکومت کے میعاد کار میں مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے۔ چاروں طرف بےروزگاری کا بول بالا ہے۔ سرکاری نوکری کیلئے کوئی بھی جگہ نکلتی ہے تو تعلیم یافتہ بے روزگار سخت محنت کر اس کا امتحان دیتے ہیں لیکن بدقسمتی کی بات ہے کہ ہر بار امتحان پیپر لیک ہوجاتے ہیں۔ یہاں تک کی آرمی میں بھرتی کیلئے پہلے سے نافذ نظام کو بدل کر اگنی ویر کی بھرتی اسکیم بنا کر مرکزی حکومت نے نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا ہے۔ حکومت کے اس قدم سے تعلیم یافتہ بے روزگاروں اور اگنی ویر جوانوں کے اہل خانہ ناراض ہیں جو الیکشن میں انہیں اچھا سبق سکھائیں گے۔ 
 انہوں نے کہا کہ۴۰۰؍ پار کا نعرہ دینے والی بی جےپی اب۴۰۰؍ہار کر محض۱۴۰؍سیٹوں تک سمٹ کررہ جائے گی۔ ابھی تک ۵؍ مراحل کے ہوئے ہیں، جن سے یہ پوری طرح واضح ہوچکا ہے کہ انڈیا اتحاد اکثریت سے حکومت بنانے جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم بات صرف اترپردیش کی کریں تو ریاست کی۸۰؍سیٹوں کو جیتنے کا دعویٰ کرنے والی بی جےپی ریاست کی سبھی سیٹوں پر الیکشن ہاررہی ہے۔ یہاں تک کہ ریاست کے پردھان سیوک نریندرمودی بھی اپنی کیوٹو سے الیکشن ہار رہے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK