• Wed, 24 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی سی جے میں اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کے نسل کشی کے مقدمے میں بلجیم شامل

Updated: December 24, 2025, 8:19 PM IST | Hague

بین الاقوامی عدالتِ انصاف میں اسرائیل کے خلاف جنوبی افریقہ کے دائر کردہ نسل کشی کے مقدمے میں بلجیم بھی شامل ہو گیا ہے جس سے عالمی دباؤ میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

International Court of Justice. Photo: INN
عالمی عدالت انصاف۔ تصویر: آئی این این

بین الاقوامی عدالتِ انصاف (آئی سی جے) نے منگل کو اعلان کیا کہ بلجیم نے جنوبی افریقہ کی جانب سے اسرائیل کے خلاف دائر کئے گئے اس قانونی مقدمے میں شمولیت اختیار کر لی ہے، جس میں اسرائیل پر غزہ کی پٹی میں نسل کشی کے ارتکاب کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بلجیم سے قبل کئی ممالک اس مقدمے میں شامل ہو چکے تھے، جن میں برازیل، آئرلینڈ، بولیویا، کولمبیا، لیبیا، اسپین اور میکسیکو شامل ہیں، جو اقوامِ متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت میں یہ کیس لے کر گئے ہیں۔ 
جنوری ۲۰۲۴ءمیں جاری کئے گئے ایک فیصلے میں، جو غزہ میں اسرائیل کی فوجی مہم کے آغاز کے تقریباً چار ماہ بعد آیا، عدالت نے اسرائیل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایسے کسی بھی عمل سے باز رہے جو نسل کشی کے زمرے میں آ سکتا ہو۔ عدالت نے فلسطینیوں کو لاحق ’’ناقابلِ تلافی نقصان‘‘ کے’’حقیقی اور فوری خطرے‘‘ سے بھی خبردار کیا تھا۔ آئی سی جے نے عبوری اقدامات بھی جاری کئے، جن کے تحت اسرائیل کو غزہ میں انسانی امداد کی اجازت دینے، نسل کشی پر اکسانے سے روکنے اور اس کے ذمہ دار افراد کو سزا دینے کا حکم دیا گیا۔ اسرائیل اب تک ان احکامات پر عمل کرنے میں ناکام رہا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: لندن: گریٹا تھنبرگ فلسطین ایکشن کی حمایت پر گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہا

دریں اثنا، غزہ میں فلسطینی مزاحمتی دھڑوں کا کہنا ہے کہ وہ جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کو مکمل کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو اس سال۱۰؍ اکتوبر کو شروع ہوا تھا، اور اس مقصد کیلئے اپنے قبضے میں موجود آخری اسرائیلی فوجی کی لاش تلاش کر رہے ہیں۔ اسی دوران اسرائیل پر الزام ہے کہ وہ معاہدے کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے اور اس کی شرائط، خصوصاً پہلے مرحلے سے متعلق شقوں، پر عمل درآمد میں ناکام ہے۔ فلسطینی وزارتِ صحت (غزہ) کے مطابق، ۱۰؍ اکتوبر کو جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اسرائیل نے کم از کم۴۰۶؍ فلسطینیوں کو شہید کیا اور۱۱۱۸؍ دیگر کو زخمی کیا ہے۔ وزارت نے مزید بتایا کہ۷؍ اکتوبر۲۰۲۳ء کو جنگ کے آغاز سے اب تک شہادتوں کی تعداد کم از کم۷۰؍ ہزار ۹۴۲؍ہو چکی ہے، جبکہ ایک لاکھ ۷۱؍ ہزار۱۹۵؍فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK