Inquilab Logo

چین `کیش لیس کی دنیا میں آگے ،نقدی کا بہاؤ کل کرنسی کا ۳ء۷؍فیصدرہ گیا

Updated: July 07, 2023, 12:38 PM IST | London

برطانیہ کی کارڈف یونیورسٹی میں بینکنگ اینڈ فائنانس کے پروفیسر کینٹ میتھیوز کے حالیہ انٹرویو میں یہ دعویٰ کیا گیا

Economist Kent Matthews
ماہرمعاشیات کینٹ میتھیوز

چین بغیر نقدی کے لین دین کے معاملے میں دنیا کا سرفہرست ملک بننے کی راہ پر گامزن ہے۔ یہ معلومات برطانیہ کی کارڈف یونیورسٹی میں بینکنگ اینڈ فائنانس کے پروفیسر اور ماہرمعاشیات کینٹ میتھیوز کے حالیہ خصوصی انٹرویو کے حوالے سے دی گئی ہیں۔
 کینٹ میتھیوز نے کہا کہ چین میں کیش(نقدی)  کی گردش کم ہوکر موجودہ کل کرنسی کا ۳ء۷؍ فیصد رہ گئی ہے اور اس میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ۱۰؍ یا۲۰؍سال پہلے کے مقابلے میں آج نقدی کا استعمال بہت کم کر رہے ہیں۔ کیش لیس سوسائٹی کی طرف رجحان مسلسل بڑھ رہا ہے۔ آج، برطانیہ میں موجودہ کل کرنسی میں نقدی کی حصے داری تقریباً ۹ء۲؍فیصد ہے۔  میتھیوز نے کہا کہ۲۰؍ برسوں سے بھی کم عرصے میں، چین نے ایک متاثر کن رفتار سے کیش لیس معاشرے کے معاملے میں برطانیہ کے ساتھ اپنے فرق کو کم کیا ہے۔
 انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ چین میں کیس لیس ٹیکنالوجی نے کتنی تیزی سے ترقی کی ہے اور چینی معاشرے نے اسے کتنی تیزی سے قبول کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چین میں نقدی کا استعمال اگلے پانچ سالوں میں زیر گردش کل کرنسی کے دو فیصد سے بھی کم ہو جائے تو انہیں حیرانی نہیں ہوگی کیونکہ چین اس ٹیکنالوجی کو بہت تیزی سے اپنا رہا ہے۔انہوں نے یاد کیا کہ کس طرح اپنے حالیہ دورہ چین کے دوران انہوں نے چند پیسوں میں آم خریدنے کے لیے اپنا فون استعمال کیا۔ مسٹر میتھیوز نے کہا کہ چین میں ٹیکنالوجی دنیا کے دیگر حصوں کے مقابلے بہت ترقی یافتہ ہے اور اس کا تعلق معیشت کے ڈیجیٹلائزیشن سے ہے۔
  میتھیوز کو یہ جان کر حیرت ہوئی کہ چین میں بزرگ، چھوٹے دکاندار اور سڑک پر فروخت کرنے والے بھی نقدی کے مقابلے کیش لیس لین دین کو ترجیح دیتے ہیں۔ 
 انہوں نے کہا کہ چین باقی دنیا کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی مثال قائم کر رہا ہے۔ تاہم ان کا موقف یہ ہے کہ کوئی بھی ملک مکمل طور سے کیش لیس نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نقد کی ضرورت ہمیشہ رہے گی اور کسی بھی حکومت کے لئے  نقد کو گردش سے باہر کرنا ناممکن ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK