سوشل میڈیا پر ’تھینک یو زبیر ‘ اور ’زبیر نے پروپیگنڈہ کو بے نقاب کیا ‘ ٹرینڈ ہونے لگا، زبیر کو سچ کا محافظ بھی کہا جانے لگا۔
EPAPER
Updated: May 09, 2025, 10:48 AM IST | Agency | New Delhi
سوشل میڈیا پر ’تھینک یو زبیر ‘ اور ’زبیر نے پروپیگنڈہ کو بے نقاب کیا ‘ ٹرینڈ ہونے لگا، زبیر کو سچ کا محافظ بھی کہا جانے لگا۔
معروف صحافی اور آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر ایک بار پھر خبروں کی زینت بنے ہیں مگر اس بار اُن کے حق میں ستائش کی لہر سوشل میڈیا پر چھائی ہوئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے پھیلائے جانے والے پروپیگنڈہ کو جس مؤثر انداز میں محمد زبیر نے بے نقاب کیا اس پر ملک بھر میں انہیں سراہا جا رہا ہے۔
معاملہ اس وقت منظر عام پر آیا جب پاکستان کے سرکاری اور نیم سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے ایک جھوٹا بیانیہ پھیلایا گیا جس میں ہندوستان پر سنگین الزامات عائد کئے گئے۔ ان بیانات کو بنیاد بنا کر کئی بین الاقوامی میڈیا پلیٹ فارمس نے بھی اسے رپورٹ کیا۔ تاہم محمد زبیر نے اپنے مخصوص تحقیقاتی انداز اور ڈیجیٹل ثبوتوں کے ذریعے نہ صرف ان الزامات کی حقیقت کو بے نقاب کیا بلکہ ان کے پیچھے چھپے جعلی ویڈیوس، پرانے کلپ اور سیاق و سباق سے ہٹائے گئے بیانات کو بھی واضح کیا۔ انہوں نے بدھ سے جمعرات تک تقریباً ۱۵۰؍ ایسے بیانات اور ویڈیوز کو ٹیگ کرکے بتایا کہ یہ فیک نیوز ہے۔ پھر کیا تھا ایکس، فیس بک اور انسٹاگرام پر محمد زبیر ٹرینڈ ہونے لگے۔ ان کے حق میں ’تھینک یو زبیر ‘ اور ’زبیر نے پروپیگنڈہ کو بے نقاب کیا‘ ٹرینڈ ہونے لگا ۔ متعدد ایکس صارفین نے محمد زبیر کو’سچ کا محافظ اور ’فیک نیوز کا دشمن نمبر ون‘ جیسے القابات سے نوازا۔ کئی معروف صحافیوں، دانشوروں اور سابق سفارت کاروں نے بھی محمد زبیر کی بروقت مداخلت کو سراہا۔ کچھ سوشل میڈیا پیغامات میں زبیر کو بھارت رتن تک دینے کا مطالبہ ہونے لگا۔
یہ بھی پڑھئے: پاکستان کا فضائی دفاعی نظام تباہ ، کئی شہروں میں افراتفری
قابل ذکر ہے کہ محمد زبیر ماضی میں بھی کئی مواقع پر نفرت انگیز مواد، جعلی خبروں اور فرقہ وارانہ پروپیگنڈے کو بے نقاب کرتے آئے ہیں۔ ان کا ادارہ آلٹ نیوز حقائق کی جانچ پر مبنی رپورٹنگ میں ملک کا معتبر نام ہے۔محمد زبیر نے اپنی ایک حالیہ ٹویٹ میں لکھاتھا کہ ’’سچ کی تلاش ہمیشہ آسان نہیں ہوتی، مگر خاموش رہنا بدترین متبادل ہے۔ ‘‘
یہی وہ نظریہ ہے جس نے انہیں عام صحافیوں سے ممتاز بنایا ہے۔آج جب سوشل میڈیا افواہوں کا گڑھ بن چکا ہے، محمد زبیر جیسے صحافیوں کا وجود ایک نعمت سے کم نہیں۔ اُن کی محنت اور جرأت مندانہ صحافت نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ سچ کو دبانا آسان نہیں۔ واضح رہے کہ آلٹ نیوز ایک غیر منافع بخش، آزاد اور تحقیقاتی ادارہ ہے جو ۲۰۱۷ ءمیں محمد زبیر اور پرتیک سنہا نے مشترکہ طور پر قائم کیا تھا ۔ اس ادارے کا بنیادی مقصد ہندوستانی میڈیا، سوشل میڈیا اور سیاسی بیانات میں پھیلائی جانے والی غلط معلومات، جھوٹے دعوے اور فیک نیوز کی نشاندہی کرنا اور انہیں حقائق کی بنیاد پر پرکھ کر عوام کے سامنے لانا ہے۔ یہ ادارہ کئی مواقع پر قومی اور بین الاقوامی سطح پر جعلی خبروں کو بے نقاب کر چکا ہے۔ آج آلٹ نیوز فیک نیوز کے خلاف جنگ میں سب سے مؤثر اور معتبر آواز کے طور پر پہچانا جاتا ہے اور محمد زبیر اس مشن کے نمایاں چہرے ہیں۔