Inquilab Logo

تائیوان کے آس پاس دوسرے دن بھی چینی فوج کی جنگی مشقیں

Updated: April 10, 2023, 11:47 AM IST | Taipei

آج بھی فضائی اور بحری مشقیں ۔ تائیوان کے سرحدی علاقوں میں ۵۸؍ چینی فوجی طیاروںاور ۹؍ جہازوںکی گشت کا دعویٰ

This photo of a Chinese military exercise is taken from a video. (AP/PTI)
چین کی فوجی مشق کی یہ تصویرویڈیو سے لی گئی ہے۔ ( اےپی / پی ٹی آئی)

 اتوار کو تائیوان کے آس  پاس لگاتار دوسرے روز فوجی مشقیں جاری رہیں۔  اس دوران تائیوان کے سرحدی علاقوں میں ۵۸؍ چینی جنگی طیاروںکی گشت کا دعویٰ کیا گیا۔
  میڈیارپورٹس کے مطابق تائیوان کی وزارت دفاع نے اتوار کو بتایا کہ اس نے تائیوان کے نزدیک چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے۵۸؍ طیاروں اور۹؍ جہازوں کا پتہ لگایا ہے کیونکہ چین تائیوان کے ارد گرد اپنی فضائی اور بحری فوجی مشقیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
 سنیچر کو چین نے اعلان کیا تھا کہ اس کی مسلح افواج۸؍ سے۱۰؍ اپریل تک تائیوان کے ارد گرد سمندری علاقے اور فضائی حدود میں فوجی مشقیں کریں گی۔ بیجنگ کے مطابق مشقیں تائیوان کی آزادی کے حامیوں کیلئے ایک انتباہ کے ساتھ ساتھ چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ایک اقدام ہیں۔  یاد رہےکہ تائیوان کی صدر سائی انگ وین  نے گوئٹے مالا اور بیلیز کے دورے  بعد لاس اینجلس میں امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر کیون میک کارتھی اور دیگر قانون سازوں سے ملاقات کی تھی ۔ اس کے بعد ہی چین نے فوجی مشقوںکا اعلان کیا تھا۔ یاد رہےکہ چین نے اس ملاقات پر سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔ 
 تائیوان کی وزارت دفاع کے مطابق رات۱۲؍ بجے تک۵۸؍ پی ایل اے طیاروں تھے جن میں لڑاکا طیارے جے۔۱۰، جے۔۱۱ اور جے۔۱۶، ایک ایچ۶ ؍جیٹ بمبار اور ایک وائی ۲۰؍ کارگو ہوائی جہاز شامل ہیں ۔وزارت نے کہا کہ پتہ چلنے والے ہوائی جہازوں میں سے۳۱؍ نے  تائیوان کی میڈین لائن کو عبور کیا اور جزیرے کے فضائی دفاعی علاقے میں داخل ہوئے۔ اس نے مزید کہا کہ جزیرے کے ارد گرد ۹؍ چینی جنگی جہازوں کا بھی پتہ چلا ہے۔
 تائیوان۱۹۴۹ء سے   آزادانہ طور پر حکومت کر رہا ہے، حالانکہ بیجنگ اس جزیرے کو اپنا حصہ سمجھتا ہے  جبکہ تائیوان  خو د کو ایک علاحدہ ملک  بتاتاہے اور عالمی بر داری سے کہتا ہے کہ  تائیوان ایک خود مختار ملک ہے لیکن اب تک اس نے چین سے آزادی کا اعلان نہیں کیا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK