Inquilab Logo

گرمی سے شہری پریشان، درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان

Updated: October 11, 2023, 9:36 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بجلی کے استعمال اور مانگ میں اضافہ۔ اکتوبر کی شدید گرمی مہینے کے اخیر میں ہوتی ہے لیکن رطوبت کی وجہ سے زیادہ گرمی محسوس کی جا رہی ہے۔

Citizens are resorting to umbrellas to avoid the intense heat. Photo: Syed Sameer Abidi
شدید گرمی سے بچنے کیلئے شہری چھتری کا سہارا لے رہے ہیں۔ تصویر:سید سمیر عابدی

امسال ممبئی میں مانسون اکتوبر کی ابتداء میں ہی ختم ہوگیا ہے اور اکتوبر کی گرمی بھی شروع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے شہری پریشان ہیں لیکن محکمہ موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ فوری طور پر گرمی سے راحت کا کوئی امکان نہیں ہے بلکہ آئندہ چند روز میں درجہ حرارت میں معمولی اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔
ممبئی میں محکمہ موسمیات کی سائنسداں سشما نائر نے انقلاب سے گفتگو کے دوران بتایا کہ عام طور پر اکتوبر کے مہینے میں ممبئی میں درجہ حرارت ۳۳؍ سے ۳۴؍ ڈگری سیلسیئس کے درمیان ہی رہتا ہے اور اس میں معمولی کمی زیادتی ہوتی رہتی ہے۔ البتہ فضاء میں رطوبت بھی موجود ہے جس کی وجہ سے جو درجہ حرارت ہے گرمی اس سے زیادہ ہی محسوس ہورہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ فی الحال رات کو بھی درجہ حرارت ۲۵؍ سے ۲۷؍ ڈگری سیلسیئس کے درمیان چل رہا ہے جس کے وجہ سے لوگوں کو موسم ناخوشگوار محسوس ہورہا ہے اور رات کے وقت بھی لوگوں کو گرمی سے اتنی راحت نہیں مل رہی جتنی ۲۳، ۲۴؍ ڈگری سیلسیئس پر ملتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو سانتاکروز میں درجہ حرارت ۳۴ء۸؍ ڈگری سیلسیئس جبکہ قلابہ میں ۳۲ء۶؍ ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا جو پیر کے مقابلے تقریباً ایک ڈگری کم تھا۔
بجلی کا زیادہ استعمال 
اس دوران مہاراشٹر میں بجلی سپلائی کرنے کی ذمہ دار کمپنی کی جانب سے اطلاع دی گئی ہے کہ گرمی بڑھنے سے بجلی کے استعمال میں گزشتہ ۳؍ مہینوں کے مقابلے اضافہ ہوگیا ہے اور بجلی کی مانگ بڑھ گئی ہے۔ بجلی کی مانگ میں اضافہ کی ایک وجہ ایئر کنڈیشنر کا استعمال ہے۔ گزشتہ ۳؍ دنوں کے دوران ممبئی میں بجلی کی مانگ ۳؍ہزار ۵۵۰؍ میگا واٹ تک پہنچ گئی ہے جو گرمی کا موسم ختم ہونے کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ ستمبر کے آخری ہفتے میں بجلی کی مانگ ۲۹؍ ہزار ۳۰۰؍ میگا واٹ تھی۔
واضح رہے کہ اس سال اکتوبر میں جلد مانسون ختم ہونے کا اعلان کیا گیا ہے جو گزشتہ ۵؍ برسوں میں پہلی اور گزشتہ ۲۱؍ برسوں میں دوسری مرتبہ ہوا ہے۔ اس سال ۶؍ اکتوبر کو مانسون ختم ہونے کا اعلان کیا گیا اور ۲۰۱۸ء میں بھی ۶؍ اکتوبر کو ہی مانسون ختم ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ممبئی میں عام طور پر مانسون ۱۰؍ اکتوبر کو ختم ہوتا ہے البتہ اس سے قبل ۲۰۰۲ء میں ۳۰؍ ستمبر کو ہی مانسون ختم کا اعلان کردیا گیا تھا۔
محکمہ موسمیات کے پاس موجود اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ممبئی میں فی الحال جو گرمی چل رہی ہے وہ معمول کی گرمی ہے اور اکتوبر کی جو شدید گرمی ہوتی ہے وہ اس مہینے کے اخیر میں پڑتی ہے۔  ۲۰۱۱ء سے ۲۰۲۰ء کے درمیان سب سے زیادہ درجہ حرارت ۱۷؍ اکتوبر ۲۰۱۵ء کو ریکارڈ کیا گیا تھا جو ۳۸ء۶؍ ڈگری سیلسیئس تھا جبکہ اکتوبر کا دوسرا سب سے گرم دن ۲۸؍ اکتوبر ۲۰۱۸ء تھا جب درجہ حرارت ۳۸؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا تھا۔ موسم کے ایک دیگر ماہر کے مطابق مہاراشٹر میں ہوائوں کا رُخ مکمل طور پر تبدیل ہوچکا ہے، برسات لانے والی ہوائیں ختم ہوچکی ہیں اور اب شمال۔ مشرقی جانب سے ہوائیں ممبئی کی طرف آرہی ہیں جو گرم ہوائیں ہیں اور یہاں گرمی بڑھنے کی وجوہات میں سے ایک ہیں۔
فضائی آلودگی
 ممبئی میں شدید گرمی کے دوران فضائی آلودگی معیانہ درجہ پر ریکارڈ کی جارہی ہے۔ گزشتہ ۲؍ روز سے ممبئی میں ’اے کیو آئی‘ (ایئر کوالٹی انڈیکس) ۱۴۴؍ ریکارڈ کیا جارہا ہے جو درمیانی درجہ کی فضائی آلودگی میں شمار ہوتی ہے۔ البتہ اس دوران بھی قلابہ، مجگائوں اور ولے پارلے (مغرب) میں اے کیو آئی ۲۵۶؍ سے ۳۴۲؍ کے درمیان ریکارڈ کی گئی ہے جو خراب درجہ میں تصور کی جاتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK