Inquilab Logo

سردی کے موسم میں شدید گرمی سے شہری بے حال

Updated: December 20, 2022, 9:46 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ماہرین موسمیات کے مطابق درجہ حرارت میں ایک ہفتے تک کمی کا امکان نہیں ۔ منالی، پہلگام اور کیدارناتھ میں ۲۶؍ دسمبر سے برف باری شروع ہونے کی امید ہے جس کے اثرات سے شہر میں بھی موسم سرد ہوسکتا ہے

In the month of December, the citizens are facing problems due to extreme heat. (file photo)
دسمبر کے مہینے میں شدیدگرمی سے شہریوں کوپریشانی کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ (فائل فوٹو)

 ماہرین موسمیات کے مطابق ممبئی میں اس ہفتے گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے اور ۲۶؍ دسمبر سے منالی، پہلگام اور کیدارناتھ جیسے علاقوں میں برف باری شروع ہونے کی امید ہے جس سے ممبئی میں بھی درجہ حرارت کم ہوگا۔ ماہرین کے مطابق ۲۶؍ دسمبر سے منالی اور دیگر علاقوں میں شدید برف باری کا امکان ہے جس کے اثرات سے ممبئی، نوی ممبئی، وسئی، تھانے اور اطراف کے علاقوں میں بھی ٹھنڈ پڑنے کی امید ہے۔
  مہاراشٹر میں دسمبر سردیوں کا موسم مانا جاتا ہے لیکن گزشتہ چند روز سے ممبئی میں دن کا درجہ حرارت تقریباً ۳۵؍ ڈگری سیلسیئس سے بھی اوپر درج کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف شہری گرمی سے بے حال ہیں بلکہ فضا میں رطوبت کی مقدار بھی زیادہ ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے پسینے بھی چھوٹ رہے ہیں۔ حتیٰ کہ اتوار اور سنیچر کو شدید گرمی کے سبب مہاراشٹر دسمبر مہینے میں ملک کے گرم ترین حصوں میں شامل رہا۔
 گزشتہ چند روز سے رات کو بھی درجہ حرارت تقریباً ۲۳؍ ڈگری سیلسیئس درج کیا جارہا ہے لیکن محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر و مضافات میں درجہ حرارت میں کوئی قابل ذکر تبدیلی کا امکان نہیں ہے اس لئے شہریوں کو گرمی سے فوری راحت کی کوئی امید نہیں ہے۔
 واضح رہے کہ دسمبر میں اب تک کئی دنوں میں درجہ حرارت ۳۶؍ ڈگری سیلسیئس سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا جو اس مہینے میں پورے مہاراشٹرمیں سب سے زیادہ درجہ حرارت تھا۔ یہی نہیں اس دوران ممبئی کے سانتاکروز میں کم سے کم درجہ حرارت ۲۳؍ ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا جو ممبئی میں دسمبر مہینے میں عام طور پر درج کئے جانے والے درجہ حرارت سے ۴؍ ڈگری زیادہ تھا۔
 محکمۂ موسمیات نے یہ بھی وضاحت کی ہے کہ صرف ممبئی ہی نہیں بلکہ پوری کوکن پٹی میں درجہ حرارت کا یہی حال ہے اور ان علاقوں میں بھی لوگ گرمی سے پریشان ہیں۔
 اس دوران موسم کا حال بتانے والی نجی کمپنی ’اسکائے میٹ‘ نے کہا ہے کہ بحر عرب میں دبائو کی وجہ سے فضا میں بادل زیادہ ہیں جس کے نتیجہ میں درجہ حرارت بڑھ گیا ہے۔  البتہ آئندہ ۲؍ سے ۳؍ روز میں شمال مشرقی ہوائوں سے بحرعرب میں دبائو گھٹے گا اور شہر میں درجہ حرارت میں کمی آئے گی نیز فضائی آلودگی بھی کم ہوگی۔
 یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل ممبئی کی فضائی آلودگی دہلی سے بھی اونچی سطح پر چلی گئی تھی اور تقریباً ایک ہفتے تک فضائی آلودگی میں کوئی قابل ذکر فرق نہیں آیا تھا ۔البتہ اب اس میں بھی کچھ حد تک سدھار آیا ہے۔
 محکمۂ موسمیات میںکلائمیٹ ریسرچ اینڈ سروسیز، پونے کے ڈپٹی ڈائرکٹر جنرل کے ایس ہوسالیکر نے اس بارے میں بتایا کہ ماحولیات پر منفی اثرات سے مختلف ممالک کے موسموں پر مختلف اثرات پڑ رہے ہیں اور گزشتہ ایک دہائی کے دوران ممبئی میں دن کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ نظر آیا ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت ۳۶؍ ڈگری کے بھی پار چلا جاتا ہے۔

winter Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK