الگ الگ انداز میںجشن کا اہتما م کیا گیا۔ نشےمیں گاڑی چلانے والے ڈرائیوروں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کارروائی۔
گیٹ وے آف انڈیا پر لوگ نئے سال کا جشن منارہے ہیں۔ تصویر:شاداب خان اور نمیش دوے
شہر و مضافات میں شہریوںنے جوش وخروش کے ساتھ نئے سال کا استقبال کیا ۔گھروں ، ہوٹلوں اور تفریحی مقامات پر لاکھوں افراد نے روایتی انداز میں سال نوکا جشن منایا، پٹاخے پھوڑے ، روشنی بکھیری، غبارے اڑائے، رقص کیا اور پرچم وغیرہ لہرائے۔
سالِ نو کو خوش آمدید کہنے کیلئے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب جنوبی ممبئی میں گیٹ وے آف انڈیا، نریمان پوائنٹ، مرین ڈرائیو، گرگائوں چوپاٹی، جوہو چوپاٹی اور دیگر تفریحی مقامات پر جشن منانے والے نوجوانوں کی زبردست بھیڑ رہی ۔سب سے اہم بات یہ رہی کہ سالِ نو کے جشن پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔تھرٹی فرسٹ کو تمام اہم مقامات اورریلوے میں ۲۰؍ ہزار سے زائد پولیس کے جوان تعینات رہ کر سخت نگرانی کرتے رہے۔
ٹرینوں کے ہارن بجاکر سال ِ نو کوخوش آمدید
اکثر مقامات پر تقریباً پوری رات نوجوانوں نے جشن منایا ۔ اس موقع پر پوری رات چلائی جانے والی خصوصی ٹرینوں، میٹرو وغیرہ سے عوام کو آمدورفت میں کافی سہولت رہی۔ریلوے کی جانب سے بھی اپنے انداز میںنئے سال کا استقبال کیا گیا ۔ چر چ گیٹ ،سی ایس ایم ٹی اور دیگربڑے ریلوے اسٹیشنوں پرٹھیک ۱۲؍ بجے بیک وقت تمام ٹرینوں کے ہارن بجاکر نئے سال کا استقبال کیا گیا ۔ ان مناظرکوبھی ریلوے اسٹیشنوں پرموجود ہزاروں مسافروں نے اپنے موبائل فون کے کیمروں میںقید کرتے ہوئے اس لمحے کو یادگار بنانے کی کوشش کی۔
ممبئی میںماں اورجرمنی میں بیٹے نےنئے سال کا جشن منایا
جنوبی ممبئی کی ایک خاتون نے نئے سال کا جشن نئے طرز پر منایا۔ ان کا اکلوتابیٹا اعلیٰ تعلیم کی حصولیابی کیلئے ۲۴؍ نومبر ۲۰۲۵ء کو جرمنی گیاہے ۔ اس نے بدھ کی رات والدہ کو ویڈیو کال کرکےکہا:ممبئی میں تو ہم نے ہرسال ساتھ مل کر نئے سال کی خوشیاں منائی ہیں لیکن امسال میں جرمنی اور آ پ ممبئی میں ہو۔ ہم نے ممبئی کے نئے سال کے جشن کو قریب سے دیکھااور انجوائے کیا ہے لیکن جرمنی میں نئے سال کا جشن کس طرح منایا جاتاہے ، وہ تمہیں ویڈیو کا ل کےذریعے دکھانا ہے۔ منصوبہ کے مطابق بیٹے نے جرمنی کے اس شہر سے ویڈیو کال کیا جہاں وہ مقیم ہے، پورا شہرسرد لہر میںاور برف سے ڈھکاہواتھا۔ سڑک، فٹ پاتھ، دکانوں اور مکانات پر برف کی چادر تھی۔ ایسے میں بھی گرم کپڑوںمیں ملبوس نوجوان، بچے اور خواتین بڑی خوشی سے آتش بازی میں مصروف تھے۔ بیٹا، نئے سال پر وہاں کی سرگرمیاں تصاویر کے ساتھ بیان کر رہا تھا جبکہ ماں بڑی گرمجوشی سے بیٹے کی دلجوئی میں مصروف تھی۔دونوں ایک دوسرےکو خوش کرنے کی کوشش کررہے تھے لیکن حقیقت میں ایک دوسرے سے دور ہونےکااحساس انہیں شدت سے ہورہاتھا۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی
نئے سال کا جشن منانے کے دوران ممبئی پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کئے تھے اور ماضی کے تجربات کی بناء پر شراب کے نشہ میں گاڑی چلانے والوں اور ٹریفک کے دیگر اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے اہم مقامات پر ناکہ بندی بھی کی گئی تھی ۔اس میں ہزاروں ڈرائیوروں پر کارروائی کی گئی اور ایک کروڑ ۳۱؍ لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ محکمہ ٹریفک کی جانب سے یہ بھی انتباہ دیا گیا ہے کہ یہ کارروائی مزید چند روز تک جاری رہے گی ۔ گاڑی چلانے والے ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں ورنہ سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
محکمہ ٹریفک کے ذریعہ جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ۳۱؍ دسمبر ۲۰۲۵ء اور یکم جنوری ۲۰۲۶ء کی درمیانی شب نشہ میں گاڑی چلانے والے ۲۱۱؍ افراد کو ’بریتھ اینالائزر‘ (سانس سے نشہ کا پتہ لگانے والے آلے) کی مدد سے پکڑا گیااور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔اس کے علاوہ بغیر ہیلمٹ، موٹرسائیکل پر ۲؍ سےزائد افراد ، موبائل فون پر بات کرتے ہوئے گاڑی چلانے، بغیر سیٹ بیلٹ لگائے، سگنل توڑنے، غلط سمت گاڑی چلانے اور اجازت سے زیادہ تیز رفتار ی سے گاڑی چلانے والے ۱۳؍ ہزار ۷۵۲؍ ڈرائیوروں پر کارروائی کی گئی اور ایک کروڑ ۳۱؍ لاکھ ۱۴؍ ہزار ۸۵۰؍ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔