• Fri, 02 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

روس یوکرین سے جنگ جیت جائے گا، سال نو کی تقریر میں پوتن کا دعویٰ

Updated: January 02, 2026, 2:13 PM IST | Agency | Moscow

یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہاکہ ہم کسی بھی قیمت یا سمجھوتے کے بغیر امن معاہدہ چاہتے ہیں۔

Vladimir Putin. Picture: INN
ولادیمیر پوتن۔ تصویر: آئی این این
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ روس کو یقین ہے کہ وہ یوکرین کے خلاف جاری جنگ میں کامیاب ہوگا۔   نئے سال کے موقع پر اپنی قوم سے خطاب کے دوران ولادیمیر پوتن نے یوکرین میں لڑنے والے روسی فوجیوں کوہیرو  قرار دیتے ہوئے عوام سے ان کی حمایت کی اپیل کی ہے۔  پوتن نے فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ پر اور اپنی فتح پر یقین ہے۔قابل ذکر ہے کہ  دنیا بھر کی طرح روس میں بھی نئے سال کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔ نئے سال کی آمد سے قبل رات۱۱؍ بج کر۵۵؍ منٹ پر روسی صدر ولادیمیر پوتن نے قوم سے براہِ راست ٹیلی ویژن خطاب کیا اور کہا کہ روسی عوام کی ذاتی امیدیں اور منصوبے مادرِ وطن کی تقدیر سے جڑے ہوئے ہیں، اور قومی ترقی کا راستہ اتحاد اور باہمی اعتماد سے ہو کر گزرتا ہے۔ روسی صدر کا کہنا تھا کہ قومی اتحاد ہی ملک کی خودمختاری، سلامتی اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے، انہوں نے عوام کو صحت، خوشحالی، باہمی ہم آہنگی اور محبت کی دعاؤں کے ساتھ نئے سال کی مبارکباد دی۔
دوسری جانب یوکرین کے صدر زیلینسکی نے نئے سال کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا ہے کہ یوکرین کسی بھی قیمت یا سمجھوتے کے بغیر امن چاہتا ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ ہم جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں مگر یوکرین کے خاتمے کی قیمت پر نہیں۔ یوکرین تھکا ہوا ضرور ہے لیکن ہتھیار ڈالنے کے لیے تیار نہیں۔  یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ امریکہ کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد امن معاہدہ۹۰؍ فیصد تک تیار ہے مگر باقی۱۰؍ فیصد نکات یوکرین، یورپ اور خطے کے مستقبل کے لیے فیصلہ کُن ہوں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی معاہدے کے لیے مضبوط سکیورٹی ضمانتوں کو ضروری قرار دیا اور کہا کہ سکیورٹی ضمانتیں اسلئے ضروری ہے تاکہ روس دوبارہ حملہ نہ کرسکے۔ واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے سبب یورپ میں اس خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ اگر جنگ جَلد ختم نہ ہوئی تو اس کے اثرات یوکرین سے باہر بھی پھیل سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK