این سی سی پی(شرد) کے ترجمان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو پانی چاہئے دھمکی نہیں۔
EPAPER
Updated: April 13, 2025, 9:52 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
این سی سی پی(شرد) کے ترجمان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو پانی چاہئے دھمکی نہیں۔
بی جے پی کے دور اقتدار میں ملک کا تجارتی دارالحکومت میں پانی کے ٹینکر مالکان کی ہڑتا ل کے سبب شہری پینے کے پانی سے بھی محروم ہیں۔ ممبئی کے ہزاروں شہریوں کو پانی کیلئے قطاروں میں کھڑا ہونا پڑرہا ہے۔ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی ٹنکیاں خشک ہو چکی ہیں۔ جھگی جھوپڑ پٹیوں میں رہنے والوں کے چولہے بجھ چکے ہیں۔ طلبہ، مزدور، خواتین، عام ممبئی کے باسی کی حالت ابتر ہوگئی ہے اور اس نازک صورتحال میں حکومت ٹینکر مالکان سے بات چیت کر کے مسئلہ حل کرنے کے بجائے انہیں جیل میں ڈالنے کی دھمکی دے رہی ہے۔ دھمکیوں سے مسئلہ حل نہیں بلکہ پیچیدہ ہوگا۔ این سی پی(شرد پوار) کے ترجمان اور ممبئی یوتھ ڈپارٹمنٹ کے صدرایڈوکیٹ امول ماتلے نے حکومت کےاس رویہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’ممبئی کے شہریو ں کو دھمکی نہیں بلکہ پانی چاہئے بات بی جے پی لیڈروں کو سمجھنی چاہئے۔ ‘‘
ایک ویڈیو پیغام میں ایڈوکیٹ امول ماتلے نے کہا کہ پانی کے ٹینکروں کی ہڑتا ل کے معاملے پر گزشتہ روز ممبئی مضافات ضلع کے نگراں وزیر آشیش شیلار کی موجودگی میں ٹینکر ڈرائیورز اونرز اسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگ ہوئی۔ امید کی جارہی تھی کہ بات چیت کے ذریعے کوئی سمجھوتہ ہوگا او ر مسئلہ کا حل نکالا جائے گا لیکن کیا ہوا؟ اس میٹنگ میں بی جے پی کے رکن کونسل پروین دریکر نے ٹینکر ڈرائیورز اونرز اسوسی ایشن کے عہدیداروں کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ہڑتال واپس لے لو، ورنہ ہم تمہیں جیل میں ڈال دیں گے!۔ یہ حکومت ہے یا گینگ وار کرنے والا گروہ؟جمہوریت میں لوگوں کے مسائل طاقت سے حل نہیں کئے جاتےبلکہ ان کا حل بات چیت اور افہام و تفہیم سے نکالا جاتا ہے لیکن یہاں حکومت غنڈوں کی زبان بول رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’’ ممبئی یونیورسٹی کے کالینہ کیمپس میں صورتحال اور بھی خراب ہے۔ طلبہ کے ہاسٹل کو پانی کی کمی کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔ ریستوراں بند ہے۔ امتحانات کے دوران طلبہ کو بنیادی سہولتیں نہیں مل رہیں۔ پروفیسرز اور عملہ بھی پریشانی کا شکار ہے اور ایسے وقت میں حکومت غنڈوں کی زبان بول رہی ہے۔ ‘‘
این سی پی لیڈر کے بقول سرپرست ہونے کا مطلب عوام کی سرپرستی کرنا ہے۔ لیکن آشیش شیلار آپ کا رویہ کسی سرپرست جیسا نہیں، سزا دینے والا ہے۔ اگر ٹینکر ڈرائیور کوئی اصول توڑتے ہیں تو بات چیت کے ذریعے حل نکالا جاتا ہے۔ کیا حکومت کو یہ احساس نہیں کہ دھمکیوں سے ہی تنازعات بڑھتے ہیں ؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ این سی پی – (شرد پوار ) اس کی سخت مذمت کرتی ہے اور ہم حکومت کو واضح انتباہ دیتے ہیں۔ دھمکیوں کی یہ سیاست بند کرو!بات چیت کے ذریعے مسئلہ حل کریں ورنہ پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے شہری سڑک پر اتر کر آپ کی کرسیاں بہا لے جائیں گے۔