Inquilab Logo

نوی ممبئی میں کووڈ۱۹؍ کے معاملات میں اضافہ ، شہری انتظامیہ فکرمند

Updated: July 07, 2021, 9:02 AM IST | Mumbai

اس کیلئے ایئرپورٹ ریلی اور لاک ڈاؤن میں نرمی کوذمہ دار قرار دیا، روزانہ کے کیس کم ہوکر ۶۰؍ کی حد میں آگئے تھے جو اب بڑھ کر ۱۰۰؍ کے پار پہنچ گئے ہیں

Thousands of protesters marched in the name of Navi Mumbai Airport. (File photo)
نوی ممبئی ایئرپورٹ کے نام کیلئے نکالی گئی احتجاجی ریلی میں ہزاروں مظاہرین شریک تھے۔ (فائل فوٹو)

یہاں کووڈ ۱۹؍ کے معاملات میںکمی آنے پر  نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن (این ایم ایم سی) کوکچھ راحت ملی تھی کہ گزشتہ ۱۰؍ دن میں اس وبا کا شکار ہونے والے مریضوں کی تعداد میں پھر اضافہ ہونے پر وہ فکرمند ہوگئی ہے۔ روزانہ کے معاملات بڑھ گئے ہیں اور اس طرح ایکٹیوکیسز بھی بڑھ گئے ہیں۔ اس کیلئے شہری انتظامیہ نے لاک ڈاؤن میں رعایت اور نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نام کیلئے ہونے والے احتجاج کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔
 نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن کی حدود میں دوسری لہر میں کمی واقع ہوئی ہے اور ایکٹیو کیسز  جو ۱۱؍ اپریل کو ۱۱؍ ہزار ۶۰۵؍ تھے ، وہ ۱۶؍ جون کو کم ہوکر ایک ہزار ۱۱۳؍ ہوگئے۔ تاہم گزشتہ ۱۵؍ دن سےیہ رجحان نمایاں طورپر تبدیل ہوا ہے اور کورونا کے روزانہ کے معاملات جو ۱۰۰؍ سے کم ہوگئے تھے اور ۶۰؍کی حد میں تھے ، وہ بڑھ کر ۱۰۰؍ کے پار پہنچ گئے ہیں۔اس بارے میں این ایم ایم سی کے ایک افسر نے کہا کہ ’’ڈاٹا کے مطابق کورونا کے معاملات یقینی طورپر بڑھ رہے ہیں اور یہ رجحان تمام علاقوں میں ہے۔ اس کے پیش نظر ہم  انفیکشن پر قابو پانے کیلئے آر ٹی- پی سی آر ٹیسٹنگ پر توجہ دے رہے ہیں اور کورونا ہاٹ اسپاٹ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔‘‘
 جون کے شروع میں ریاستی حکومت نے میونسپل کارپوریشنوں اور اضلاع کو کووڈ۱۹؍ کی پابندیوں میں کورونا پازیٹیو ریٹ اور خالی آکسیجن بیڈ کی بنیاد پر راحت دی تھی۔ لاک ڈاؤن میں رعایت دیئے جانے کے پہلے دن این ایم ایم سی لیول -۲؍ میں تھا جس کے تحت تمام کاروبار بشمول شاپنگ مال اور تھیٹرس بھی شروع کئے جانے کی اجازت دی گئی تھی لیکن  ڈیلٹاپلس ویریئنٹ کے پیش نظر ضوابط تبدیل کردیئےگئے اور دکانوں اور دیگر کاروبار کو شام صرف ۴؍ بجے تک جاری رکھنے کی اجازت دی گئی اور ہفتہ کے اختتام پر غیر ضروری اشیاءکی دکانیں مکمل بندکرنے کی پابندی عائد کی گئی۔ دریں اثناء نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ڈی بی پاٹل سے منسوب کرنے کے مطالبے کیلئے ۲۴؍ جون کو نوی ممبئی کے علاقے بیلاپورمیں بڑے پیمانے پر احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں نوی ممبئی ، تھانے ، پال گھر ، ناسک اور رائے گڑھ سے ۴۰؍ ہزار افرادشریک ہوئے۔ شہری انتظامیہ اور ماہرین نے ریلی کے خلاف سرخ جھنڈا دکھایا تھا اور وارننگ دی تھی کہ اس سے کورونا تیزی سے پھیل سکتا ہے۔
 ایک اور میونسپل افسر نے کہا کہ ’’کورونا کے فعال معاملات نوی ممبئی کے علاوہ ہر جگہ کم ہورہے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کچھ غلط ہوا ہے۔  اس کی وجوہات لاک ڈاؤن میں نرمی ، کوروناوائرس سے ڈر میں کمی اور ٹیکہ کاری کے سبب غلط اعتماد ہوسکتی ہیں۔ ۱۰؍ دن قبل ہونے والی ریلی بھی اس کی یقیناً بڑی وجہ ہوسکتی ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK