Inquilab Logo Happiest Places to Work

مانسون میں معمول کے مطابق ٹرینیں چلانے کا دعویٰ

Updated: May 23, 2025, 10:51 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے کے مطابق۸۰؍فیصد سے زائد کام پورا کرلیا گیاہے۔ پٹریوں پر جمع ہونے والے پانی کی نکاسی پر خاص توجہ دیتے ہوئے کئی دیگر کام کئے گئے

The Railways has constructed and cleaned drains near the train tracks to drain rainwater.
ریلوے کی جانب سےٹرین کی پٹریوں کے قریب بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے نالوں کی تعمیر اور ان کی صفائی کی گئی ہے۔

مانسون کے دوران معمول کے مطابق ٹرینیں چلانے کی ریلویز نے یقین دہانی کرائی   ہے اور کہا گیا ہے کہ۸۰؍ لاکھ مسافروں کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔  ان دعوؤں میں کتنی صداقت ہے ، ہرسال اس کا اندازہ اس وقت  ہوتا ہے جب موسلادھاربارش ہوتے ہی ریلوے کی نبض تھمنے لگتی ہے۔ اس وقت کہا جاتا ہے کہ کم وقت میں اتنی زیادہ بارش کا اندازہ نہیں لگایا گیا تھا  وغیرہ، وغیرہ۔مانسون سے متعلق سینٹرل ریلوے اور ویسٹرن ریلوے کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ۸۰؍ فیصد سے زائد کام پورا کرلیا گیا ہے، بقیہ کام جنگی پیمانے پر کیا جارہا ہے۔
کس طرح کی تیاری کی جارہی ہے؟
 مانسون کیلئے نالوں کی صفائی، پٹریاں اونچی کرنا، درختوں کی شاخیں تراشنا، اوورہیڈ سیکشن کی درستی، پانی کی نکاسی کیلئے ہائی اسپیڈ پمپ کی تنصیب، نشیبی علاقوں کی نشاندہی اور کنٹرول روم کے قیام کے ساتھ مسافروں کو حالات سے متعلق پیغام رسانی وغیرہ  کا کام بڑی حد تک  پورا کرلیا گیاہے۔  
گھاٹ سیکشن پر خاص توجہ 
 سینٹرل ریلوے میں ایک بڑا خطرہ بارش کے دوران چٹان اور تودہ کھسکنے کا ہوتا ہے۔‌ اس تعلق سے سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر سوپنل نیلا نے بتایا کہ ان جگہوں پر خاص توجہ دی جارہی ہے اور وہاں الگ سے ٹرینیں تعینات کی جاتی ہیں جو ہمہ وقت نگرانی کرتی ہیں ۔اسی کے ساتھ جدید تکنیک سے ایسے مقامات پر جالیوں سے پتھروں کو باندھا جاتا ہے تاکہ وہ کھسکیں نہ۔ اس کے علاوہ وہاں خصوصی ٹیم کے جوانوں کو ضرورت کے مطابق اہم چیزیں مہیا کرائی جاتی ہیں جس سے وہ لیس رہتے ہیں اور حادثے کی صورت میں بروقت حرکت میں آجاتے ہیں۔
لوکل سیکشن میں الگ طریقے سے کام 
 انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لوکل سیکشن میں الگ طریقے سے کام کیا جاتا ہے۔ اس میں خاص طور پر مسجد، ماٹونگا، دادر، چنچپوکلی، کری روڈ،  بائیکلہ ، پریل اور ایسے دیگر اسٹیشن نشیبی مانے جاتے  ہیں، یہاں تیزی سے پانی جمع ہوجاتا ہے۔ اس لئے یہاں خاص توجہ دی گئی ہے تاکہ پانی جمع نہ ہو اور پانی جمع ہونے کی صورت میں جلد نکاسی ہوسکے۔
’’زیادہ تر کام کرلیا گیا ہے‘‘
 ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نے  انقلاب کو بتایا کہ خاص طور پر چرچ گیٹ سے کھار اور نائیگاؤں سے نالا سوپارہ تک پٹریوں پر پانی جمع ہونے کے امکانات زیادہ رہتے ہیں۔ اس لئے ان میں سے گنجائش کے مطابق کچھ جگہوں پر پٹریوں کے نیچے سرنگیں بنائی گئی ہیں تاکہ اس کے ذریعے پانی کی نکاسی ہوجائے اور اس کا اچھا رزلٹ رہا۔ اس دفعہ بھی ان اسٹیشنوں پر زیادہ توجہ دیتے ہوئے کام کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ مسافروں کو حالات کی جانکاری کے لئے اعلانات کے ساتھ میسیج بھی بھیجا جائے گا اور کنٹرول روم کو بارش کے دوران الرٹ رکھا جائے گا تاکہ مسافروں کو پریشانی نہ ہو اور وقت سے پہلے ان کو موسم کے بارے میں معلومات ہوسکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مینٹیننس ڈپارٹمنٹ کو پہلے  ہی سے الرٹ رکھا گیا ہے ۔انہیں یہ ہدایت دی گئی ہے کہ وقت سے پہلے یعنی جون کے پہلے ہفتے تک تمام کام مکمل ہوجائے۔‌ جہاں تک فی الوقت ہورہی بارش کا معاملہ ہے تو یہ معمول کی بارش نہیں ہے مگر ہمیں اسی طرح دیکھتے ہوئے اپنی مکمل تیاری کرنی ہے تاکہ مسافر وں کوپریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK