۱۷۵؍ کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے اس پل پر ایک ’ویوگیلری ‘ بھی ہوگی جہاں سے قدرتی مناظر کا نظارہ ہوگا۔
EPAPER
Updated: May 24, 2025, 3:17 PM IST | Siraj Sheikh | Konkan
۱۷۵؍ کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے اس پل پر ایک ’ویوگیلری ‘ بھی ہوگی جہاں سے قدرتی مناظر کا نظارہ ہوگا۔
کوکن کے رتناگیری سے مہابلیشور یا مغربی مہاراشٹر تک براہ راست سفر کرنا اب آسان، محفوظ اور کم وقت میں ہوگا۔ کیونکہ یہاں ایک جدید ترین کیبل اسٹیڈ پل بنایا جا رہا ہے، جو رتناگیری ضلع کو براہ راست ستارا ضلع سے جوڑتا ہے۔ یہ پل کو ئنا وادی میں تعمیر کیا جا رہا ہے جس پر ۱۷۵؍ کروڑ روپے کی لاگت آئے گی اور یہ دسمبر ۲۰۲۵ء تک مکمل ہو جائے گا۔ ایک بار جب یہ پل مکمل ہو جائے گا تو کوکن سے مہابلیشور کا فاصلہ تقریباً ۵۰؍ کلومیٹر کم ہو جائے گا۔ اسلئے یہ سیاحوں اورمسافروں کیلئے سہولت ہو گی۔
یہ پل، ورلی سی لنک کی طرح، کیبل اسٹیڈ ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور یہ مغربی مہاراشٹر میں اپنی نوعیت کا پہلا پل ہوگا جو کہ ۵۴۰؍ میٹر لمبا اور ۱۴؍ میٹر چوڑا ہوگا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پل پر سیاحوں کیلئے ۴۳؍ میٹر اونچی ویو گیلری بھی بنائی جائے گی تاکہ سیاح اس علاقے کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو سکیں ۔ یہاں سے طلوع آفتاب اور غروب آفتاب کے نظارے کو دیکھا جا سکے گا۔ یہ پل ضلع رتناگیری سے مہابلیشور کا فاصلہ تقریباً ۵۰؍ کلومیٹر کم کر دے گا۔ کھیڈ تعلقہ میں رگھوویر گھاٹ کے راستے اس پل کے ذریعے ستارا اور مہابلیشور جانا ممکن ہوگا۔
یہ پروجیکٹ ٹی اینڈ ٹی کمپنی کو دے دیا گیا ہے، اور کام تیزی سے جاری ہے۔ یہ پل کوکن اور مغربی مہاراشٹر کے درمیان رابطے کو مزید مضبوط کرے گا۔ اس سے نہ صرف سیاحوں بلکہ مقامی باشندوں کو بھی بہت فائدہ ہوگا۔ مہابلیشور کے محکمہ تعمیرات عامہ کے انجینئر اجے دیشپانڈے نے بتایا کہ اس پل کی تعمیر کیلئے تمام ضروری اجازت نامے پہلے سے حاصل کر لیے گئے ہیں، خاص طور پر نیشنل وائلڈ لائف فیڈریشن سے منظورِ ی حاصل کر لی گئی تھی۔ اسلئے، کام سے کوئی قانونی یا ماحولیاتی مسائل پیدا نہیں ہوئےہیں۔ یہ منصوبہ نہ صرف آمدورفت کے لیے کارآمد ثابت ہو گا بلکہ سیاحت کو فرو غ دے گا۔