ٹی ایم سی نے کمیشن پرپارٹی کے اندیشوں کو دور کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا، حتمی ووٹر لسٹ کو قبول نہ کرنے کی دھمکی، قانونی لڑائی کا اعلان۔
EPAPER
Updated: January 01, 2026, 3:33 PM IST | Agency | New Delhi
ٹی ایم سی نے کمیشن پرپارٹی کے اندیشوں کو دور کرنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا، حتمی ووٹر لسٹ کو قبول نہ کرنے کی دھمکی، قانونی لڑائی کا اعلان۔
مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات سے قبل ’ایس آئی آر‘ کے موضوع پر الیکشن کمیشن سے ٹی ایم سی کے وفد کی ملاقات کے بعد صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔ ٹی ایم سی لیڈر ابھیشیک بنرجی جو دہلی میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کرنے والے وفد میں شامل تھے، نے الزام لگایا ہے کہ پارٹی کمیشن کے سامنے اپنے اندیشے ظاہر کئے تو جواب دینے کے بجائے الیکشن کمشنر اپنا آپا کھو بیٹھے۔ یہ الزام لگاتے ہوئے کہ الیکشن کمیشن ٹی ایم سی کے خدشات کو دور کرنے میں ناکام رہا ہے، پارٹی نے ایس آئی آر کےبعد جاری ہونےوالی حتمی ووٹر لسٹ کو قبول نہ کرنےا ور قانونی راستہ اختیار کرنے کی دھمکی دی ہے۔
بدھ کو ایس آئی آر پر الیکشن کمیشن کے سا تھ ڈھائی گھنٹے کی میٹنگ کے بعد انہوں نے مرکزی حکومت اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار پر سنگین الزامات لگائے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پچھلی بار جو پانچ سوال پوچھے تھے ان کا جواب نہیں دیا گیا، دو تین سوالات کے علاوہ کسی کا بھی جواب نہیں دیا گیا۔ لاکھوں لوگوں کے نام شک کے دائرے میں ہیں، ہم نے ان سے متعلق سوال کئے، لیکن فہرست ابھی تک فراہم نہیں کی گئی۔جن کے نام حذف کئےگئے ہیں ان میں کتنے بنگلہ دیشی اور روہنگیا ہیں؟ہم نے اس کا جواب طلب کیا ہے لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ جس نے فارم نہیں بھرا اس کا نام ہٹا دیا جائے، لیکن جس نے فارم بھرا اس کا نام کیسے حذف کیا جا سکتا ہے۔ابھیشیک بنرجی نے کہا کہ جو لوگ الیکشن کرانا جانتے ہیں وہ ووٹر لسٹ چوری کر رہے ہیں۔ ووٹر لسٹ کی چوری ہو رہی ہے، اگر کانگریس یہ پکڑ لیتی تو بی جے پی ہریانہ، مہاراشٹر، دہلی اور بہار میں ہار جاتی۔ حکومت سرکاری سرکلر اور نوٹیفیکیشن پر چلتی ہے، لیکن مودی حکومت وہاٹس ایپ کے ذریعے ملک کو چلانا چاہتی ہے۔انہوں نے الیکشن کمشنر پر من منانی کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔