Inquilab Logo

ریاست کے۷۲؍ ہزار سے زائد مقامات پر صفائی مہم

Updated: October 02, 2023, 11:50 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

عوام کے ساتھ گورنر، وزیر اعلیٰ ، دیگر وزراء اور افسران کی بھی شرکت۔ انتظامیہ صرف ایک دن نہیں بلکہ ہردن اپنے متعلقہ گاؤں اور شہر کو صاف رکھنے کی ہدایت۔

Cleanliness drive led by Chief Minister Eknath Shinde. Photo: PTI
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی قیادت میں صفائی مہم۔ تصویر:پی ٹی آئی

وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر بابائے قوم مہاتما گاندھی کی جینتی سے ایک روز قبل یعنی یکم اکتوبر ۲۰۲۳ءکو صبح ۱۰؍بجے سے ۱۱؍ بجے تک ایک گھنٹے میں ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر صفائی مہم  چلائی گئی۔
وزیر اعلیٰ آفس ذرائع کے مطابق ریاست میںشہریوں کے تعاون سے ۷۲؍ہزار ۷۴۷؍ سے زیادہ مقامات پر صفائی کی گئی۔ ’’ایک تاریخ ایک گھنٹہ‘‘ نعرے کے تحت منعقد کی گئی صفائی مہم کے دوران گورنر رمیش بیس، وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزرائے اعلیٰ دیویندر فرنویس ، اجیت پوار اوردیگر وزراء کے ساتھ میونسپل کمشنر اور دیگر سرکاری افسران بھی ساحل اور سڑکوں پر صفائی کرتے ہوئے نظر آئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق اس صفائی مہم میں مہاراشٹر کیلئے شہری علاقوں میں ۱۳؍ہزار ۳۲۴؍ مقامات پر صفائی پروگرام منعقد کرنے کا ہدف طے کیا گیا تھا لیکن یہ سرگرمی ریاست میں۱۴؍ ہزار ۵۰۰؍  سے زیادہ مقامات پر کی گئی۔ صفائی کی یہ سرگرمی دیہی علاقوں میں۵۸؍ ہزار ۲۴۷؍ مقامات پر کی گئی۔ اس طرح اتوار کو مہاراشٹر میں۷۲؍ ہزار ۷۴۷؍ مقامات پر لاکھوں شہریوں کی شرکت سے صفائی مہم منعقد گئی۔
علاقوں کو روزانہ صاف ستھرا رکھنے کی ہدایت
وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اس مہم کو کامیابی کے ساتھ انجام دینے کیلئے محکمہ شہری ترقیات کے ساتھ ساتھ گرام پنچایت، میونسپل کارپوریشن اور نگر پنچایت کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت دی کہ  اپنے متعلقہ گاؤں اور شہروں کو صرف ایک دن کیلئے نہیں بلکہ ہر روز صاف رکھا جائے۔
صفائی صرف کاغذ پر نہ رہے
 گرگاؤں چوپاٹی میں صفائی مہم میں شرکت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ افسران سے کہا کہ ’’صفائی ایک خدمت ہے۔ اسے کاغذ تک ہی محدود نہ رکھا جائے بلکہ  اپنے علاقوں میں روزانہ اسی دلجمعی کے ساتھ  صفائی ستھرائی ہونی چاہئے جس  طرح اس صفائی مہم کے دوران کی گئی ۔ ایسا نہ ہو کہ آج صفائی ہو اور کل کوڑا کرکٹ ہو۔‘‘
انہوں نے مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کے آس پاس کے علاقوں کی صفائی پر خصوصی توجہ دینے کی بھی تلقین کی۔ وزیر اعلیٰ شندے نے عز م ظاہر کیا کہ مہاراشٹر کو صفائی کے معاملے میں ملک میں سرفہرست مقام دلائیں گے۔
ممبئی میں ۱۷۸؍  مقامات پر صفائی کی گئیں
مرکزی حکومت کی قومی پہل ’’سوچھتا ہی سیوا‘‘ کے نعرے کے تحت یکم اکتوبر کو ممبئی میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے صبح۱۰؍بجے سے ۱۱؍بجے تک عوامی شراکت کے ذریعے ۱۷۸؍ مقامات پر صفائی ستھرائی کا اہتمام کیا گیا۔
نوی ممبئی میں ایک لاکھ ۲۸؍ ہزار شہریوں کی شرکت 
 نوی ممبئی  میونسپل کارپوریشن کی حدود میں مختلف علاقوںمیں ایک لاکھ ۲۸؍ ہزار شہریوں نے ’’سوچھتا ہی سیوا‘‘ نعرے کے تحت منعقدہ مہم میں حصہ لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK