نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ذریعہ ۳۴۹؍کلو کوکین ضبطی کے تعلق سے کچھ نئے انکشاف سامنے آئے ییں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ گودام سنگ مرمر (ماربل) کے کاروبار کے نام پر کرائے پر لیا گیا تھا مگر درحقیقت یہاں منشیات چھپانے کا کام جاری تھا۔
رہنال علاقے میں واقع گودام جہاں سے کوکین ضبط کی گئی- تصویر:آئی این این
نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ذریعہ ۳۴۹؍کلو کوکین ضبطی کے تعلق سے کچھ نئے انکشاف سامنے آئے ییں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ گودام سنگ مرمر (ماربل) کے کاروبار کے نام پر کرائے پر لیا گیا تھا مگر درحقیقت یہاں منشیات چھپانے کا کام جاری تھا۔ این سی بی کی ابتدائی تحقیقات میں یہ گودام ایک بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک کی اہم کڑی ثابت ہوا ہے۔یہ گودام لکشمن کمپاؤنڈ، رہنال علاقے میں واقع ہے جو بھیونڈی کے مشہور گودام بیلٹ کا حصہ ہے۔ اس علاقے میں بڑے پیمانے پر لاجسٹکس اور ذخیرہ اندوزی کی سرگرمیاں جاری رہتی ہیں جس کے باعث مشتبہ سرگرمیوں پر فوری طور پر توجہ نہیں جا سکی۔
مقامی افراد اور مزدوروں کے مطابق چھاپے سے تقریباً ۱۰؍ دن قبل ایک غیرمعمولی طور پر بڑی صنعتی مشین گودام میں لائی گئی تھی۔ مشین کا سائز اتنا بڑا تھا کہ اسے اندر داخل کرنے کےلئے گودام کے دروازے کے لوہے کے ڈھانچے کا کچھ حصہ کاٹنا پڑا۔ اس دوران کئی نامعلوم افراد بھی موجود تھے، تاہم علاقے میں لوڈنگ اور اَن لوڈنگ کا عمل معمول کا حصہ ہے اس لئے کسی نے شک ظاہر نہیں کیا۔ مذکورہ گودام کے باہر کسی قسم کا سائن بورڈ یا کاروباری شناخت موجود نہیں تھی، جو بعد میں شک کی ایک بڑی وجہ بنی۔
گودام کے مالک کی شناخت اوم پرکاش گپتا کے طور پر ہوئی ہے، جو قریبی گودام میں منیشا کلیئرنگ ایجنسی چلاتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ یہ گودام اگست ۲۰۲۵ء میں نتن نام کے شخص کو باقاعدہ معاہدے کے تحت کرائے پر دیا گیا تھا۔ کرایہ دار نے خود کو ماربل کے کاروبار سے وابستہ بتایا تھا۔ گپتا نے اس بات کی تصدیق کی کہ حال ہی میں ایک بھاری مشین گودام میں لائی گئی تھی تاہم انہوں نے اس کے اصل مقصد سے لاعلمی ظاہر کی۔
تحقیقات کے دوران این سی بی نے انکشاف کیا کہ کوکین کو خاص طور پر تیار کردہ مشینوں کے اندر خفیہ خانوں میں چھپا کر ہندوستان لایا گیا تھا۔ ہر پیکٹ کو متعدد تہوں میں پولی تھین سے لپیٹا گیا تھا جس پر سیاہ چکنی تہہ بھی لگائی گئی تھی تاکہ سیکوریٹی اسکینرز سے بچا جا سکے۔معلوم ہوکہ این سی بی نے کارروائی کے دوران نوی ممبئی کے کلمبولی علاقے میں کے ڈبلیو سی ویئرہاؤسنگ کمپلیکس کے قریب ایک ماروتی سوزوکی سپر کیری (سی این جی) گاڑی کو روکا، جس سے تقریباً ایک ایک کلوگرام کے ۱۳۶؍ پیکٹ برآمد ہوئے۔ یہ پیکٹ کرکٹ پیڈز اور دستانوں کے اندر چھپائے گئے تھے۔موقع سے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیاجس نے دورانِ تفتیش بھیونڈی میں ایک اور کھیپ کے بارے میں اہم معلومات فراہم کی۔ اس اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے این سی بی نے رہنال کے اسی گودام پر چھاپہ مارا جہاں سے مزید ۲۱۳؍ کلو کوکین برآمد کی گئی۔ اس بڑی کارروائی کے بعد بھیونڈی کے گوداموں کے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پایا جا رہا ہے۔ مقامی افراد میں تشویش پائی جارہی ہے کہ اس طرح کی سرگرمیاں علاقے کی ساکھ اور سلامتی کے لئے خطرہ بن سکتی ہیں۔این سی بی حکام کے مطابق اس معاملے کی تفتیش تیزی سے جاری ہے اور اس بین الاقوامی منشیات نیٹ ورک سے جڑے دیگر ملزمین کی تلاش کی جا رہی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں مزید گرفتاریاں عمل میں آئیں گی اور اس بڑے ریکیٹ کے کئی اور پہلو سامنے آئیں گے۔