Inquilab Logo Happiest Places to Work

کاکروچ جنتا پارٹی کا ۵؍ گھنٹے کا پُر امن مظاہرہ،دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ پر بضد

Updated: June 06, 2026, 11:09 PM IST | New Delhi

سیکڑوں نوجوانوں نے اپنی زندگی کے پہلے مظاہرے میں شرکت کی ، سونم وانگ چک بھی جنتر منتر پہنچے ، مظاہرین میں معمر افراد اور اسکولی بچے بھی شامل تھے

CJP founder Abhijeet Deepke was carried on his shoulders by his supporters. (PTI)
سی جے پی کے بانی ابھیجیت دپکے کو ان کے حامیوں نے کندھوں پر اٹھالیا تھا ۔(پی ٹی آئی )

سوشل میڈیا کے ذریعے  بننےوالی کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کی جانب سے نیٹ  پیپر لیک کے معاملے میںسنیچر کو جنتر منتر پر منعقدہ احتجاج میں سیکڑوں کی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔ ہاتھوں میں پوسٹر اور پمفلٹ لئے کچھ لوگوں نے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا، تو کچھ نے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔جنتر منتر دہلی میں احتجاجی مظاہروں کا مرکز ہے۔ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف  ناراضگی کا اظہار کرنے کیلئے ہر گروپ اس کا رخ کرتا ہے، تاہم سی جے پی کا یہ احتجاج خاص تھا۔ یہاں صرف معاشرے کے بزرگ شرکاء ہی نہیں بلکہ نوعمر، یہاں تک کہ اسکول کے بچے بھی موجود رہے۔کئی افراد کے اپنے چہروں پر کاکروچ والا ماسک لگائے ہوئے تھے۔ 
ابھیجیت کی وضاحت 
 مظاہرے میں شامل ہونے  کے لئے صبح ہی امریکہ سے دہلی پہنچے سی جے پی کے کنوینر ابھجیت دِپکے نے مظاہرہ کی قیادت کرتے ہوئےکہا کہ ان کی پارٹی پہلے سے طے شدہ سیاسی حکمت عملی کا نتیجہ نہیں ہے، بلکہ وہ حکومت سے ناراض نوجوانوںکی آواز بن کر ابھری ہے اور چند ہی دنوں میں لاکھوں لوگ اس سے جڑ چکے ہیں۔ دِپکے نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز کے اقتدار پر قابض بی جے پی نے عوام کو ہندو مسلم مسائل میں الجھا کر رکھا ہے جبکہ اصل سوال روزگار، روزی روٹی اور عام لوگوں کے مسائل کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  گزشتہ ۱۰؍ سے ۱۲؍سال سے ہمیں ہندو مسلم میں الجھا کر رکھا گیا۔ کیا اس سے نوکریاں مل رہی ہیں؟ کیا فرقہ وارانہ سیاست سے لوگوں کے گھر چل رہے ہیں؟ 
پرامن مظاہرہ کی اپیل 
    دپکے نے مظاہرین سے تحریک کو پرامن رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کئی طاقتیں اس تحریک کو ناکام دیکھنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا گزشتہ پانچ دنوں سے میں مسلسل گزارش کر رہا ہوں کہ ہمارا احتجاج مکمل طور پر پرامن رہے۔ یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس تحریک کو ناکام نہ ہونے دیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت کے خلاف بولنے والے نوجوانوں اور ان کے خاندانوں میں خوف کا ماحول بنایا جا رہا ہے۔  دپکے نے کہا کہ جب میں امریکہ سے ہندوستان لوٹ رہا تھا، تب میری ماں رو رہی تھیں۔ انہیں ڈر تھا کہ حکومت مجھے جیل میں ڈال دے گی۔ یہ صرف میری ماں کا ڈر نہیں ہے، بلکہ ہر اس ماں کا ڈر ہے جس کا بیٹا حکومت کے خلاف آواز اٹھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو یہ پیغام دینا ضروری ہے کہ ہم خوف کی سیاست سے گھبرانے والے نہیں ہیں۔ 
پردھان کے استعفے کا مطالبہ  
  دپکے نے کہا کہ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کے مطالبے کے حق میں سوشل میڈیا پر مہم شروع ہوئے ایک ماہ سے زیادہ کا وقت ہو چکا ہے لیکن حکومت کی جانب سے کارروائی کرنے کے بجائے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے الزام لگایاکہ ہم گزشتہ ایک ماہ سے دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ مانگ رہے ہیں لیکن یہ لوگ توجہ ہٹانے میں لگے ہیں۔ہمارے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہیک  کئے جا رہے ہیں اور پوسٹس ہٹوائی جا رہی ہیں۔ آپ ہماری پوسٹ تو ڈیلیٹ کر سکتے ہیں، لیکن ہمیں اس جگہ سے مٹا نہیں سکتے۔
پارٹی کے مطالبات 
  اسی دوران، سی جے پی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ لوگ پوچھتے ہیں کہ تحریک، دھرنا مظاہرہ اور جلوس نکالنے سے کیا  ہوتا ہے؟  ہمارا جواب ہے کہ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہم زندہ ہیں۔ یہ مظاہرہ جو ۵؍ گھنٹے تک جاری رہا پوری طرح سے پر امن رہا ۔ دپکے نے کہاکہ وہ حکومت کو ایک ہفتے کا وقت دے رہے ہیں۔ اگر اس دوران وزیر تعلیم کو نہیں ہٹایا گیا تو ہم اگلے ہفتے  دوبارہ جنتر منتر آئیں گے اور احتجاج کریں گے۔ حالانکہ مظاہرین مودی حکومت کے خلاف سخت غصے میں تھے اور گودی میڈیا ہائے ہائے کے نعرے بھی لگارہے تھے لیکن انہوں نے کہیں بھی اپنا آپا نہیں کھویا بلکہ پورے نظم و ضبط اور تحمل کے ساتھ ۵؍ گھنٹے تک مظاہرہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK