سونم وانگ چُک نے حیدرآباد میں خطاب کیا، بنگلور میں ابھیجیت دِپکے کی قیادت میںمنعقدہ احتجاج میں فلم اداکار پرکاش راج بھی شریک ہوئے۔
حیدرآباد میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سونم وانگچک- تصویر:پی ٹی آئی
نیٹ پیپرلیک اور امتحانات میں مبینہ بدنظمیوں کے خلاف کاکروچ جنتاپارٹی(سی جے پی) کے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔سی جے پی کی جانب سے اتوار کو حیدر آباد اور بنگلور میں زبردست مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں بڑی تعداد میں طلبہ اور نوجوان شریک ہوئے اور وزیرتعلیم پردھان کے استعفیٰ کا پرزور مطالبہ کیا ۔
بنگلور میں بارش کےباوجود مظاہرین ڈٹے رہے
رپورٹ کے مطابق ’سی جے پی‘نے اتوارکوکرناٹک کے دارالحکومت بنگلور کے فریڈم پارک میں احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں معروف اداکار پرکاش راج بھی شریک ہوئے۔پورے احتجاج کے دوران ان کے ہاتھ میں ایک پھول تھا۔ شدید بارش کے باوجود بڑی تعداد میں لوگ پوسٹرز اور چھتریاں لے کر احتجاج میں شریک ہوئے۔ مظاہرین نے نیٖٹ امتحان کا پرچہ لیک ہونے اور سی بی ایس ایکی آن اسکرین مارکنگ کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
یہ احتجاج عہدہ حاصل کرنے یا سیاسی پارٹی بنانے کیلئے نہیں :وانگچک
اس سے قبل حیدرآباد کے دھرنا چوک میں بھی احتجاج کیا گیا، جہاں سماجی کارکن سونم وانگچک نے شرکاء سے خطاب کیا۔اس دوران جب نعرے بازی ہوئی اور وانگچک کی حمایت میں نعرے بلند ہوئے تو سونم وانگچک نے کہاکہ یہ کسی سیاسی پارٹی بنانے یا وزیر بننے کی تحریک نہیں ہے۔ وانگچک نے واضح الفاظ میں کہا کہ یہ تحریک نہ تو وزیرِ تعلیم بننے کے لیے ہے اور نہ ہی کوئی نئی سیاسی جماعت بنانے کے لیے، بلکہ یہ ملک کے نوجوانوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو درست کرنے کی ایک کوشش ہے۔ یہ ایک بیداری کی تحریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ہمیں ایسا جمہوری نظام قائم کرنا چاہیے جہاں ہندوستان خوف اور نفرت سے آزاد ہو، اور ہر فرد کو بغیر کسی امتیاز یا سوال کے آزادی حاصل ہو۔وانگچک نے مزید کہا کہ یہ تحریک صرف امتحانات کے مسائل تک محدود نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد پورے نظام کی بنیاد کو مضبوط کرنا بھی ہے، جس کے لیے آئندہ ایک جامع روڈ میپ تیار کیا جائے گا۔ تاہم فی الحال سب سے بڑا مسئلہ امتحانی نظام میں پائی جانے والی خامیاں ہیں۔خیال رہے کہ سی جے پی کے بانی ابھیجیت دپکے اور ان کے حامی گزشتہ۹؍ دنوں کے دوران ملک کے۶؍ شہروں میں احتجاج کر چکے ہیں۔ اس مہم کا آغاز۶؍ جون کو دہلی کے جنتر منتر سے ہوا تھا۔ اس کے بعد۱۱؍ جون کو پونے،۱۲؍ جون کو لکھنؤ،۱۳؍ جون کو امرتسر میں مظاہرے کیے گئے۔