یہ کمیٹی طبی اداروں کے تعلیمی معیار اور تحقیقی صلاحیت کو بہتر بنانے کیلئے کام کریگی۔
EPAPER
Updated: March 15, 2026, 12:41 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
یہ کمیٹی طبی اداروں کے تعلیمی معیار اور تحقیقی صلاحیت کو بہتر بنانے کیلئے کام کریگی۔
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی ہدایت پر ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ممبئی کے گرانٹ گورنمنٹ میڈیکل کالج اور سر جے جے گروپ آف ہاسپٹل کے ساتھ ساتھ ناگپور کے سرکاری میڈیکل کالج اور اسپتال کو خود مختاربنانے کیلئے ایک تفصیلی پالیسی تیار کرے گی۔ ریاست کے سابق چیف سیکریٹری جینت کمار بنتھیا کو اس کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے ۔ میڈیکل ایجوکیشن اینڈ فارماسیوٹیکل ڈیپارٹمنٹ نے اس حوالے سے حکومتی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: میراروڈ: غیر قانونی طریقے سے کچرا ڈالنے والے ڈرائیور کو پولیس کے حوالے کیا گیا
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کہا کہ حکومت کا مقصد ریاست کے بڑے سرکاری طبی اداروں کے تعلیمی معیار، تحقیقی صلاحیت اور صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو خود مختاری کے ذریعے مزید موثر بنانا ہے۔اس کمیٹی میں ٹاٹا میموریل اسپتال کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر راجندر بدوے،کے ای ایم اسپتال کے سابق ڈین ڈاکٹر سنجے اوک، گرانٹ میڈیکل کالج کے ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر رنجیت مانکیشور، بی جی گورنمنٹ میڈیکل کالج پونے کے پروفیسر اور شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر راجیش کریا کارتے، مہاراشٹر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے رجسٹرار ممبر کے طور پر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ مہاراشٹر میڈیکل کونسل کے منیجر کمیٹی کے ممبر سیکریٹری ہوں گے ۔ یہ کمیٹی ریاست میں سرکاری میڈیکل کالجوں کے موجودہ انتظامی اور تعلیمی ڈھانچے، خود مختار درجہ دینے کی ضرورت، ممکنہ فوائد کے ساتھ ساتھ ملک اور بیرون ملک کامیاب ماڈلز کا مطالعہ کرے گی۔ اس میں ایمس، پی جی آئی چنڈی گڑھ اور ٹاٹا میموریل جیسے اداروں کے انتظامی نظام کا جائزہ لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھئے: ’ای‘ رِکشا اور ’ای‘ بائیک کیلئے پرمٹ لازمی قرار دینے کا فیصلہ
یہ کمیٹی خود مختار کالجوں کیلئے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور اکیڈمک کونسل کی تشکیل اور اختیارات ڈائریکٹر/پرنسپل کے اختیارات اور ذمہ داریاں، خود مختار نظام کیلئے درکار مالیاتی اور انتظامی نظام کی سفارش کرنا، مالیاتی آزادی، داخلی آمدنی، آڈٹ کے نظام کے ساتھ ساتھ ملازمین اور اساتذہ کے لیے نئی سروس کی شرائط اور پالیسیوں کے حوالے سے سفارشات پیش کرے گی۔کمیٹی ضروری قانونی، انتظامی اور پالیسی تبدیلیوں پر بھی حکومت کی رہنمائی کرے گی ۔ سرکاری تعلیمی اداروں کو خود مختاری دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے انتظامی اور مالیاتی معاملات میں اختیارات کی منتقلی کی تجویز دینا۔ خود مختار اداروں کی کارکردگی کے لیے نگرانی، تشخیص اور احتساب کے طریقہ کار کی سفارش کرنا۔ کمیٹی پالیسی کے مرحلہ وار نفاذ کیلئے لائحہ عمل تیار کرے گی۔کمیٹی کو ۳؍ماہ میں تفصیلی رپورٹ حکومت کو پیش کرنی ہے۔ کمیٹی کو ڈائریکٹوریٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ( ڈی ایم ای آر ) کے ذریعے ضروری معلومات اور تکنیکی مدد فراہم کی جائے گی ۔