Inquilab Logo

رابطہ اور بھروسہ ہند فرانس شراکت داری کی مضبوط بنیاد

Updated: July 15, 2023, 11:01 AM IST | Paris

وزیراعظم نریندرمودی نے اپنے ۲؍دورۂ فرانس کے پہلے دن لاسین میوزیکل میں ہندوستانی برادری کے پروگرام سے خطاب کیا

Narendra Modi visit to France. Photo : INN
نریندر مودی فرانس کا دورہ کر رہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

: وزیراعظم نریندر مودی نے فرانس کے اپنے ۲؍ روزہ دورے کے پہلے دن ’لاسین میوزیکل‘ میں ہندوستانی برادری کے  ایک پروگرام سے خطاب کیا۔اس پروگرام میں شرکت کیلئے فرانس میں مقیم ہندوستانی دوردراز   سے یہاں آئے تھے۔ وزیراعظم  نریندر مودی نے یہاں اپنی تقریر کے ابتدائی حصے میں مسرت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ’’ آج یہ نظارہ اپنے آپ میں  شاندار ہے۔ ہم ہندوستانی جہاں بھی جاتے ہیں وہاں ایک چھوٹا ہندوستان ضرور بنالیتے ہیں۔اس پروگرام میں شرکت کیلئے کچھ لوگ ۱۲؍ گھنٹے سفر کرکے آئے ہیں ، اس سے بڑا پیار کیا ہوسکتا ہے۔‘‘  اپنے خطاب میں وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ’’آج دنیا نئے ورلڈ آرڈر کی جانب بڑھ رہی ہے۔ اس تناظر میں  ہندوستان کا کردار تیزی سے بدل رہا ہے۔ ہندوستان ’مدر آف ڈیموکریسی ‘ ہے اور کثرت میں وحدت کی نظیر ہے۔  ہر چیلنج سے نمٹنے میں ہندوستان مددگار ہورہا ہے۔ ہندوستان کی ہزاروں سال کی پرانی تاریخ ، اس کا تجربہ، دنیا کی بھلائی کیلئے اس کی کوششوں کا دائرہ بڑا ہوا ہے۔
 وزیراعظم نے اپنے اس خطاب میں یہ بھی کہا کہ ’’ہندوستان کے الگ الگ کونوں میں لگ بھگ سوزبانیں پڑھائی جاتی ہیں۔ دنیا کی سب سے پرانی زبان تمل زبان ہے ۔ اس سے بڑے فخر کی بات کیا ہوسکتی ہے کہ دنیا کی سب سے پرانی زبان، تمل ہندوستان کی زبان ہے، ہندوستانیوں کی زبان ہے۔ کلائمیٹ چینج ، گلوبل سپلائی چین ، دہشت گردی ، شدت پسندی ، ہرچیلنج سے نمٹنے میںہندوستان کا تجربہ ، ہندوستان کی کوششیں دنیا کے لئے مددگار ثابت ہورہی ہیں۔‘‘ وزیراعظم مودی نے ہندوستان اور فرانس کے تعلقات کے حوالے سے کہا کہ ’’دونوں ملکوں کے لوگوں کے درمیان کا رابطہ ، بھروسہ اس شراکت داری کی سب سے مضبوط بنیاد ہے۔ یہاں نمستے فرانس فیسٹیول ہوتا ہے تو ہندوستان میں لوگ بونسو انڈیا کا لطف اٹھاتے ہیں۔ ہندوستان فرانس سنگ بھی ہیں اور ایک رنگ بھی ۔‘‘ اپنے پچھلے دورے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستانی سرزمین ایک بڑی تبدیلی کی گواہ بن رہی ہے۔ اس تبدیلی کی کمان ہندوستا ن کی بہن بیٹوں،  نوجوانوں کے پاس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ    اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ  میں بتایا گیا ہے کہ صرف ۱۰؍ سے ۱۵؍ سال کے اندر ہی ہندوستان نے لگ بھگ ۴۲؍ کروڑ باشندوں کو غریبی کی سطح سے اوپر اٹھادیا ہے۔ یہ پورے یورپ کی آبادی سے بھی زیادہ ہے، یہ پورے امریکہ کی آبادی سےبھی زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ سن کر ہر ہندوستانی کو فخر ہوگا کہ ہندوستان ۱۰؍ سال میں دنیا کی دسویں سب سے بڑی معیشت بن گیا ہے۔ آج دنیا یہ یقین کرنے لگی ہے کہ ہندوستان کو پانچ ٹریلین اکنامی بننے میں دیر نہیں لگے گی۔ فرانس میں ہندوستان کے یوپی آئی کے استعمال کے تئیں معاہدہ ہوگیا ہے ۔  یہ بھی طے ہوا ہے کہ فرانس میں ماسٹرز کرنے والے ہندوستانی طلبہ کو پانچ سال کا ’لانگ ٹرم پوسٹ اسٹڈی ویزا‘ دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK