Inquilab Logo

گزشتہ ۲؍ سال کے مقابلہ امسال اب تک آتشزدگی کے سب سے زیادہ واقعات ہوئے

Updated: December 09, 2023, 11:22 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

اموات بھی زیادہ ہوئیں۔ یکم جنوری تا ۵؍ دسمبر شہر و مضافات میں آگ لگنے کے ۴؍ ہزار سے زائدحادثات پیش آئے جن میں ۳۳؍ افرادہلاک ہوئے۔

An elderly mother and son died in a terrible fire in a building in Gurgaon. Photo: INN
گرگاؤں کی عمارت میں بھیانک آتشزدگی میں معمر ماں بیٹے کی موت ہوگئی تھی۔ تصویر : آئی این این

شہرومضافات میں گزشتہ ۲؍برس کے مقابلے ا مسال اب تک آتشزدگی کے سب سے زیادہ حادثات پیش آئے ہیں اوران میں اموات کی تعداد بھی زیادہ ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری سے ۵؍دسمبر تک آگ لگنے کے ۴؍ ہزار سے زائد واقعات ہوئے جن میں ۳۳؍ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
فائر بریگیڈ کے ایک سینئر افسر نےبتایا کہ شہر میں بیشتر علاقوں میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی جن میں ہلاکتیں بھی ہوئیں۔ گزشتہ تین برس میں آتشزدگی کے واقعات کا جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ بھی اخذ کیا گیا ہے کہ شارٹ سرکٹ کی اہم وجہ پرانی عمارتوں میں پرانی الیکٹرک وائرنگ اور ان کی آڈٹ رپورٹ نہ بنانا ہے۔
فائر بریگیڈ کے چیف الیکٹریکل انسپکٹر نے کہا کہ پرانی الیکٹرک وائرنگ اور شارٹ سرکٹ کے تعلق سے اب یہ لازمی ہوگیا ہے کہ شہرو مضافات کی تمام عمارتوں کی وائرنگ کا آڈٹ کیا جائے۔ اس ضمن میں جلد ہی قدم اٹھایا جائے گا۔
بی ایم سی اور فائر بریگیڈ نے گزشتہ دو برس کے مقابلہ امسال لگنے والی آگ کا جائزہ لینے اور معائنہ کرنے کے بعد جو رپورٹ ترتیب دی ہے ، اس کے مطابق امسال یکم جنوری تا ۵؍ دسمبر شہرو مضافات میں آگ لگنے کی ۴؍ ہزار ۷۲۱؍ شکایتیں موصول ہوئیں۔اسی طرح الگ الگ علاقوں میں لگنے والی آگ میں ۳۳؍ افراد کی جانیں تلف ہوئی ہیں ۔ ۳؍ روز قبل گر گاؤں علاقے کی گومتی بھون بلڈنگ میں لگنے والی بھیانک آگ میں ۸۲؍ سالہ نلنی شاہ اور ان کے۶۰؍ سالہ بیٹے ہیرین شاہ کی مو ت ہوئی تھی۔ امسال اب تک آتشزدگی میں زخمی ہونے والی کی تعداد ۲۹۰؍بتائی گئی ہے۔
۲۰۲۲ء میں آگ لگنے کے ۴؍ ہزار ۴۱۷؍ واقعات ہوئے جن میں ۱۳؍ افرادکی موت اور ۱۶۰؍ افراد زخمی ہوئے تھے جبکہ ۲۰۲۱ء میں آگ لگنے کے ۴؍ ہزار ۶۵؍ واقعات رونما ہوئے تھے جن میں ۱۹؍ افراد ہلاک اور ۱۷۳؍ زخمی ہوئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق آگ لگنے کے حادثہ میں ۳۲؍ فیصد مرد اور ۳۰؍ فیصد خواتین ہلاک ہوئیں اور ۶۸؍ فیصد مرد اور ۷۰؍ فیصد خواتین زخمی ہوئیں۔
آگ لگنے کے چند واقعات
گر گاؤں کی عمارت میں لگنے والی آگ میں معمر ماں بیٹے ہلاک ہوگئے۔ ۱۵؍ فروری کو کرلا کی ایس آر اے بلڈنگ میں آتشزدگی میں ۷۰؍ سالہ شکنتلا رمانی کی موت ہوئی تھی جبکہ ۶؍ دیگر مکین زخمی ہوئے تھے۔ ۲۷؍ اگست کو سانتاکروز کی گلیکسی ہوٹل میں لگنے والی آگ میں ۳؍ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ۶؍ اکتوبر کو ایس آراے کی ۷؍ منزلہ عمارت میں آتشزدگی سے ۲؍ بچوں سمیت ۷؍ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسی طرح ۲۳؍ اکتوبر کو بوریولی کی وینا سنتور کوآپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی میں لگنے والی آگ میں ۲؍ افراد کی موت ہوئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK