Inquilab Logo

لکھیم پور میںمعاوضہ کا اعلان،مقدمہ درج ، اپوزیشن  پر قدغن

Updated: October 05, 2021, 9:04 AM IST | Jilani Khan | Lucknow

پرینکا گاندھی اور اکھلیش سمیت کسی کو لکھیم پور نہیں پہنچنے دیاگیا، مرکزی وزیر کے بیٹے کے خلاف قتل کا مقدمہ ، مہلوکین کے ورثاء کیلئے معاوضہ اور سرکاری نوکری کا اعلان، عدالتی جانچ اور ہفتے بھر میںگرفتار ی کا وعدہ

After being stopped from going to Lakhimpur, Akhilesh sat on a sit-in on the road. (PTI)
لکھیم پور جانے سے روکنے پر اکھلیش سڑک پر ہی دھرنے پر بیٹھ گئے۔ (پی ٹی آئی)

لکھیم پور کھیری ضلع میں کسانوں پر گاڑی چڑھا کر انہیں وحشیانہ  طریقہ سے قتل کر دینے کے معاملے میں یوگی سرکار نے کسانوں  کے آگے ہتھیار ڈالتے ہوئے نہ صرف مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ  اجے مشرا کے بیٹے کے خلاف دفعہ ۳۰۲؍ کے تحت قتل کا مقدمہ درج کرلیا بلکہ ہائی کورٹ کے سابق جج کی نگرانی میں عدالتی جانچ اور خاطیوں کی ہفتے بھر میں گرفتاری کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی حکومت  نے مہلوک کسانوں  کے ورثاء کیلئے  ۴۵۔۴۵؍ لاکھ روپے کے معاوضے اور گھرکے ایک  فرد کیلئے سرکاری ملازمت کا بھی وعدہ کیا ہے۔ زخمی ہونے والے کسانوں کو ۱۰۔۱۰؍ لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ بہرحال کسانوں  کے آگے  بے بس ثابت ہونےو الی  یوگی سرکار نے  اپوزیشن کے ساتھ انتہائی سختی کا مظاہرہ کیا اور کسی بھی لیڈر کو متاثرہ گاؤں تک پہنچ کر متاثرین سے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔ 
اپوزیشن لیڈروں کی گرفتاریاں
 سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کو لکھیم پور   کیلئے  روانہ ہوتے ہی  وکرما دتیہ مارگ پر  روک دیا گیا۔ اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے  اکھلیش   وہیں دھرنے پر بیٹھ گئے۔ بھیڑ کو بڑھتا ہوا  دیکھ کرپولیس نے انہیں اور پارٹی کے راجیہ سبھا رکن رام گوپال یادو کو حراست میں لے کرا یکو گارڈن بھیج دیاجہاں انہیں تقریباً۳؍  بجے تک رکھا گیا ۔ بعد  ازاں انہیں رہا کردیا گیا ۔اکھلیش یہادو نے پولیس کی سختی کے بعد پارٹی کارکنان سے کہا کہ جو جہاں ہیں وہیں دھرنے پر بیٹھ جائیں۔
ریاست بھر میں دھرنے اور مظاہرے
 اس پر عمل کرتے ہوئے سماجودای کارکنان  نے لکھنؤ سمیت متعدد اضلاع میں مظاہرے اور دھرنے شروع کر دئے۔وہیں پرگتی شیل سماجوادی پارٹی (لوہیا) کے صدر شیو پال یادو کو بھی پولیس نے پولیس لائن لے جاکر روک دیا۔ انہوں نے وزیرا علیٰ کے نام ایک میمورنڈم پولیس کو سونپا جس کے بعد  ا نہیں بھی رہا کردیا گیا۔
 پرینکا گاندھی کو سیتاپور میں ہی روک دیاگیا
  کانگریس کی جنرل سیکریٹری  پرینکا گاندھی  اتوار کی رات تقریباً ایک بجے  دہلی سے لکھنؤ پہنچیں  اور وہاں سے   لکھیم پور کیلئے روانہ ہوئیں مگر  انہیں سیتا پور میں روک دیا گیااور تکونیا جانے نہیں دیا گیا۔انہیں گیسٹ ہائوس میں رکھا گیا ہے۔یوگی حکومت نے کانگریس کے  وزرائے اعلیٰ بھوپیش سنگھ بگھیل (چھتیس گڑھ) اورچرنجیت سنگھ چنیّ (پنجاب) کو بھی لکھنؤ پہنچنے کی ا جازت ہی نہیں دی۔ حکومت نے  صاف طور پر کہہ دیا کہ لکھیم پور  میں حکم امتناعی نافذ ہے، اس لئے وہاں جانے کی اجازت نہیں مل سکتی۔ مذکورہ وزرائے اعلیٰ کو متنبہ کیاگیا کہ انہیں لکھنؤ ہوائی اڈہ پر طیارہ  لینڈ کرنے کی بھی اجازت نہیں ملے گی۔
جینت جودھری تکونیا پہنچنے میں کامیاب!
 بی ایس پی لیڈر ستیش چندر مشرا کو رات میں ہی لکھنؤ  میں  واقع ان کے گھر پر نظر بند کردیا گیا تھا جبکہ عام آدمی پارٹی لیڈر سنجے سنگھ اور بھیم آرمی چیف چندر شیکھر کو بھی سیتا پور سے آگے نہیں بڑھنے دیا گیا۔تاہم، آر ایل ڈی کا دعویٰ ہے کہ ان کے سربراہ جینت چودھری خفیہ طور پر پولیس کو چکمہ دیتے ہوئے تکونیا پہنچ کر کسانوں سے یکجہتی کا اظہار کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
 کسانوں کو روندنے والی گاڑی وزیر کے بیٹے کی ہی تھی
  اس بیچ اس بات کی تصدیق ہوگئی ہے کہ جس گاڑی  نے  پر امن احتجاج کررہے کسانوں کو روندا وہ مرکزی وزیر اجے مشرا کے بیٹےآشیش مشرا کی ہی تھی۔  آشیش مشرا نےبہرحال اس بات کی تردید کی ہے کہ جس وقت ان کی گاڑی نے کسانوں کو روندا اس وقت وہ گاڑی میںموجود تھے۔انہوں  نے کسانوں  پر الزام لگایا کہ انہوں نےان کےڈرائیور کو مار ڈالا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK