اکھلیش یادو کی پریس کانفرنس ،آئندہ اسمبلی الیکشن کے حوالے سےبی جے پی پر متعدد الزامات لگائے،عوام کو خبرداررہنےکی صلاح۔
EPAPER
Updated: May 04, 2026, 10:51 AM IST | Hamidullah Siddiqui | Lucknow
اکھلیش یادو کی پریس کانفرنس ،آئندہ اسمبلی الیکشن کے حوالے سےبی جے پی پر متعدد الزامات لگائے،عوام کو خبرداررہنےکی صلاح۔
سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے اتوار کو بی جےپی پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وہ آئندہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں ڈی جے کے استعمال کے ذریعے ماحول کو خراب کرنے، نفرت پھیلانے اور تشدد بھڑکانے کی سازش کر رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر اسمارٹ میٹر میں دھاندلی ممکن ہے تو پھر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی شفافیت پر کیسے یقین کیا جا سکتا ہے۔
لکھنؤ میں پارٹی دفتر پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ اس بار بی جے پی انتخابات کو روایتی سیاسی مہم کی بجائے شور شرابے اور اشتعال انگیزی کے ذریعے لڑنا چاہتی ہے۔ ان کے مطابق، پارٹی انتخابی ریلیوں میں تیز آواز والے ڈی جے استعمال کرے گی، جن پر ایسے گانے بجائے جائیں گے جو اشتعال پیدا کریں گے جس سے تصادم کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے ۔اکھلیش نے مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے’ سیل براڈکاسٹ الرٹ سسٹم‘ پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فون بند ہونے کے باوجود الرٹ آنا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حکومت کسی بڑے خوف کا ماحول بنانے کی تیاری کر رہی ہے۔ اکھلیش یادو نے اسمارٹ میٹر منصوبے کو بدعنوانی کی ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو لوٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر اسمارٹ میٹر میں دھاندلی ممکن ہے تو پھر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی شفافیت پر کیسے یقین کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے عوام کو اس خطرے کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے سلطانپور ضلع کے ایک حالیہ واقعہ کا حوالہ دیا اوربتایا کہ ایک شادی کی تقریب میں انتہائی تیز آواز والے ڈی جے کے باعث ۱۴۰؍ مرغیوں کی موت ہو گئی تھی، جس پر پولیس نے مقدمہ بھی درج کیا۔
یہ بھی پڑھئے: اسمبلی انتخابات: تمل ناڈو میں ٹی وی کے، مغربی بنگال، آسام میں بی جے پی آگے
مغربی بنگال انتخابات کے حوالے سے اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی نے اتر پردیش کے ضمنی انتخابات میں جواسٹرٹیجک تعیناتی کی مشق کی تھی، وہی حکمت عملی بنگال میں بھی دوہرائی گئی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انتخابی عملے کو چن چن کر تعینات کیا گیا اور مرکزی فورسیز کا متوازی نظام قائم کیا گیا۔انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ترنمول کانگریس کی لیڈر ممتا بنرجی کامیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ دیدی تھیں، دیدی ہیں اور دیدی ہی جیتیں گی۔