ابو عاصم اعظمی کی اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر سے ملاقات ، کارروائی نام پرہونے والی ہراسانی کو روکنے کا مطالبہ ۔
راہل نارویکر (دائیں) ابو عاصم اعظمی کا میمورنڈم پڑھتے ہوئے- تصویر:آئی این این
عیدالاضحی سے قبل غیر قانونی طریقے سے جانوروں کی پکڑدھکڑ کے واقعات میں اضافہ پر مہاراشٹر سماجوادی پارٹی کے صدراور رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر سے ملاقات کی اور انہیں میمورنڈم دے کر قربانی کے جانوروں کی گاڑیوں کوغیر قانونی طریقے سے پکڑنے اور بیوپاریوں کو ہراساں کرنے والے شرپسندوںکے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔
اس موقع پر ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ ممبئی میں داخلہ سے قبل ہی جانوروں کی گاڑیوں کو روک کربیوپاریوں اور ڈرائیوروں کو ہراساں کئے جانے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ عید الاضحی سے قبل اس طرح کی حرکت کے ذریعے فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی سازش شروع ہو گئی ہے اس لئے اس پر پابندی لگائی جائے۔
ابوعاصم اعظمی نے راہل نارویکر کوبتایا کہ عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے جانور ممبئی لانے والی گاڑیوں کو میرا روڈ سمیت کئی مقامات پر سرحدی علاقوں میں ہی روکا جا رہا ہے۔ کئی جگہوں پر سماج دشمن عناصر یا پولیس کے ذریعہ لوگوں کو ہراساں کیا جارہا ہے۔کچھ گاڑیوں کے کاغذات غلط ہونے پر جرمانہ عائد کرنے کے بجائے جانوروں سمیت پوری گاڑی ضبط کی جا رہی ہے۔اس کے بعد بھوکے پیاسے جانوروں کو سڑکوں سے لے جا کر، پولیس اسٹیشن یا گئوشالہ بھیجا جا رہا ہے جو کہ سراسر غلط ہے۔ عیدالاضحی کے موقع پر بلاوجہ سختی کی جا رہی ہے۔ ابو عاصم اعظمی کی شکایت پر اسپیکر راہل نارویکر نے اس معاملے میں پولیس انتظامیہ سے بات کرکے صورتحال کا جائزہ لیا اور مناسب کارروائی کی ہدایت دی۔