Inquilab Logo Happiest Places to Work

حج مکمل، حاجی شاداں و فرحاں، بارگاہ ِ الٰہی میں قربانیاں پیش کیں

Updated: June 16, 2024, 11:45 PM IST | Makkah

سنیچر کی رات مزدلفہ میں کھلے آسمان کے نیچے گزاری، فضا میں تلبیہ کی صدائیں گونجتی رہیں، اتوار کو سخت دھوپ میں منیٰ لوٹے ، شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد فریضہ قربانی اداکیااورحلق کروایا

Haji Rami going to throw pebbles at Satan in Jamrat Complex. In the pictures below, one Haji is collecting pebbles, while in the second picture, other Hajis are throwing pebbles.
حاجی رمی جمرات کمپلکس میںشیطان کو کنکریاں مارنے کیلئے جاتے ہوئے ۔نیچے کی تصاویر میںایک حاجی کنکری اکٹھا کرتے ہوئےجبکہ دوسری تصویر میں دیگر حاجی کنکری مارتے ہوئے

 سنیچر کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کرنے  اور رات مزدلفہ میں کھلے آسمان   کے نیچے گزارنے کے بعداتوار کی صبح حاجی   حج کے بقیہ مناسک کی ادائیگی کیلئے منیٰ کی طرف  روانہ ہوئے۔ رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے بعد ان کے دل مطمئن اور  چہرے شاداں و فرحاں نظر آئے۔اتوار کو بھی دھوپ کی تمازت اور موسم کی سختی کو نظر انداز کرتے ہوئے حاجیوں  نے  جمرات کے مقام پر حج کا اہم رکن  ’رمی‘   ادا کیا جسے ’’شیطان کو کنکری مارنا‘ کہا جاتا ہے۔   یہ حج کے اہم مناسک میں سے ایک ہے۔ اس کی تکمیل کے بعد  حاجیوں نے فریضہ قربانی ادا کیا اور حلق یا تقصیر (بال منڈوانے یا کٹوانے) کے بعد احرام کھول دیا۔   اس کے بعد حجاج کرام  کے قافلے مکہ مکرمہ کی  طرف روانہ ہونا شروع  ہوگئے جہاں  پہنچ کر انہوں نے طواف زیارت  ادا کیا۔
رمی جمرات بحسن وخوبی تکمیل کو پہنچا
  حجاج کے قافلےاتوار کو  فجر کے بعد سے  ہی  مزدلفہ سے منیٰ پہنچنا شروع ہوگئے تھے جہاں انہوں نے رمی جمرات میں حصہ لیا۔سعو دی حکام نے رمی جمرات کے لئے خصوصی انتظامات کئے  ہیں ۔  یہاں بھگدڑ مچنے کا خدشہ رہتا تھا اس لئے جمرات کمپلیکس میں کافی تبدیلیاں کرکے اسے وسیع بنادیا گیا ہے۔ جمرات کامپلکس کو اس طرح  بنایاگیا ہے کہ اب   ایک گھنٹے میں   ۳؍ لاکھ حاجی  شیطان کو کنکریاں مارنے کے رکن کی ادائیگی بہ آسانی کرسکتے ہیں ۔ اتوار کو حاجی جوق درجوق پیدل رمی جمرات کیلئے روانہ ہوئے۔ کچھ لوگ اپنے بوڑھے والدین یا پھر معذور ساتھیوں کو وہیل چیئر پر دھکیلتےہوئے لے جاتے نظر آئے۔ 
دھوپ کی تمازت 
  اس دوران دھوپ کی تمازت اپنے عروج پر تھی اور اکثر حاجی پسینے میں شرابور تھے۔ کچھ نے  دھوپ سے بچنے کیلئے چھتریاں تان رکھی تھیں۔ امسال حج کے دوران درجہ حرارت ۴۵؍ ڈگری تک درج کیاگیاہے۔  
 مزدلفہ میں رات بھر تلبیہ کی گونج
  اس سے قبل سنیچر کو سورج غروب ہونے کے بعد وقوف عرفہ کا فریضہ ادا کرنے کیلئے حاجی پُرنظم، پُر وقار اور پُرسکون طریقے سے تلبیہ کا ورد کرتے ہوئے  مزدلفہ کی طرف روانہ ہوئے۔اس دوران سعودی حکومت کی جانب سے عازمین حج کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی گئی تھی۔ مزدلفہ پہنچ کر انہوں نے نبی کریمؐ کی سنت کے مطابق مغرب اور عشاء کی نمازقصر  ادا کی ۔  اس کے بعد حاجیوں نے مزدلفہ میں کھلے آسمان کے نیچے رات گزاری۔ یہاں رات بھر عازمین کی بڑی تعداد دعاؤں اور گریہ وزاری میں مصروف رہی اور  مزدلفہ کی فضاؤں میں تلبیہ کی صدائیں گونجتی رہیں۔
 ۱۸؍ لاکھ سے زائد افراد نے حج ادا کیا
  امسال ۱۸؍ لاکھ ۳۳ ؍ ہزار ۱۶۴؍ عازمین    نے حج  بیت اللہ کا فریضہ ادا کیا۔ غیر معمولی انتظامات کے ساتھ حج کا فریضہ بحسن وخوبی   ادا کیا گیا۔اس دوران حرمین شریفین میں سیکوریٹی کے غیر معمولی انتظامات رہے جبکہ عازمین کی سہولت کیلئے بڑی تعداد میں بسوں اور دیگر خدمات کا انتظام کیاگیا تھا۔  دھوپ کی تمازت سے عازمین کومحفوظ رکھنے کیلئے وقفے وقفے سے  فضا میں پانی کا چھڑکا ؤ بھی کیا گیا۔  فیلڈ ایمرجنسی پلان کے دوران حجاج کرام کو انتظامی، سیکوریٹی اور صحت کی سہولیات فراہم کی جاتی رہیں تاکہ حجاج کرام اپنے مناسک سہولت کے ساتھ ادا کر سکیں۔سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے سیکوریٹی ترجمان کرنل طلال بن شلہوب نے اعلان کیا کہ حج سیکوریٹی پلان کا پہلا مرحلہ کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے ۔۲۴؍ گھنٹے کے دوران حجاج  نے وقوف عرفہ کے ساتھ کئی دوسرے اہم مناسک ادا کر لیے۔  اس  دوران  انہیں بہترین سہولیات اور خدمات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ عرفات سے مزدلفہ تک سفر اور وہاں پر رات کا قیام حج پلان کا دوسرا مرحلہ تھا اور یہ مرحلہ بھی کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔ عید الاضحی  کے دن حاجیوں نے قربانی دینے کے ساتھ  طواف  زیارت اور ایام تشریق کے دیگر مناسک ادا کئے۔

hajj Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK