Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہند پاک کرکٹ میچ کی مشروط منظوری

Updated: August 21, 2025, 10:35 PM IST | New Delhi

مودی حکومت نے واضح کردیا کہ ہندوستان نہ تو پاکستان کیخلاف دوطرفہ مقابلوں کی میزبانی کریگا نہ پاکستان جاکر کھیلے گا لیکن ورلڈ کپ اور دیگر بڑےٹورنامنٹس میں چونکہ کئی ممالک کی ٹیمیں ہوتی ہیں اس لئے وہاں آپس میں میچ کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں

Cricket fans will soon get to watch the match between India and Pakistan. (File photo)
کرکٹ شائقین کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مقابلہ جلد ہی دیکھنے کو ملے گا ۔(فائل فوٹو)

مودی حکومت نے اگلے مہینے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے والے مردوں کے ایشیاء کپ اور اکتوبر میں ہونے والے خواتین کے یک روزہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ  میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے میچوں کی اجازت دے دی ہے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ ہندوستان دوطرفہ مقابلوں کے لئے نہ تو پاکستان کی میزبانی کرے گا اور نہ ہی  پاکستان کا دورہ کرے گا لیکن اس کے ایتھلیٹس اور ٹیمیں ان کثیر جہتی مقابلوں   میں حصہ لے سکتی ہیں جن میں پاکستان بھی شریک ہے۔ اس فیصلے کے ساتھ ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ اور اکتوبر میں ہونے والے خواتین کے ون ڈے ورلڈ کپ میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچوں کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔  
 وزارت کھیل کی جانب سے  جاری بیان  میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سیاسی کشیدگی کے ماحول میں پاکستان کے ساتھ کھیلوں کے تعلقات پر ہندوستان کی پالیسی بالکل واضح ہے۔ تاہم اس بیان میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ آیا ہندوستانی کھلاڑی پاکستان میں منعقدہ کثیر جہتی مقابلوں میں حصہ لے سکیں گے یا نہیں۔یہ بیان متحدہ عرب امارات میں ایشیا کپ کے آغاز سے تین ہفتے سے بھی کم وقت پہلے سامنے آیا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان اور پاکستان ایک ہی گروپ میں شامل ہیں اور کم از کم ایک بار ۱۴؍ ستمبر کو  دبئی میں آمنے سامنے ہوں گے جبکہ امکان ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں تین مرتبہ آمنا سامنا آسکتی ہیں۔ یاد رہے کہ  اپریل میں پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد یہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پہلا کرکٹ میچ ہوگا۔ایسے ماحول میں ہندوستان میں پاکستان کے ساتھ کھیلوں کے تمام روابط ختم کرنے کی آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ جولائی میں لیجنڈس ورلڈ چمپئن شپ کے دوران، جو ریٹائرڈ کھلاڑیوں کا ٹورنامنٹ تھا، ہندوستان نے پاکستان کے خلاف سیمی فائنل کھیلنے سے انکار کرتے ہوئے میچ منسوخ کردیا تھا۔
 حکومت ہند کے مؤقف کی وضاحت کے بعد ٹیم  انڈیا کو اب ایشیا کپ میں پاکستان کے خلاف کھیلنے کی باضابطہ منظوری مل گئی ہے۔ اس ٹورنامنٹ کی میزبانی بنیادی طور پر ہندوستان کو کرنی تھی لیکن جولائی میں اسے متحدہ عرب امارات کو منتقل کردیا گیا۔وزارت نے اپنے بیان میں کہاکہ جہاں تک ایک دوسرے کے ملک میں دوطرفہ کھیلوں کے انعقاد کا سوال ہے، ہندوستانی ٹیم پاکستان میں کسی مقابلے میں حصہ نہیں لے گی۔وزارت نے مزید کہا کہ ہندوستان ہو یا بیرون ملک، بین الاقوامی اور کثیر قومی مقابلوں کے حوالے سے ہم بین الاقوامی کھیلوں کے اداروں کے اصولوں اور اپنے کھلاڑیوں کے مفادات کو سامنے رکھتے ہیں۔یاد رہے کہ ہندوستان  اور پاکستان نے۲۰۱۲ء کے بعد سے کسی بھی طرز کی دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی ہے لیکن ورلڈ کپ، ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ، چمپئن ٹرافی اور ایشیاء کپ میں دونوں ٹیمیں کئی بار ایک دوسرے سے مقابلہ کرچکی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK