Inquilab Logo

ایم ایل سی ا لیکشن میں کانگریس اور این سی پی کا غلبہ

Updated: February 03, 2023, 9:05 AM IST | Zaid A Khan ali imran and siraj shaikh | nashik

بی جےپی کو صرف کوکن ٹیچراسمبلی حلقے میںجیت ،ناسک گریجویٹ حلقے سے ستیہ جیت تامبے کامیاب ،بی جے پی کے گڑھ ناگپور میں کانگریس کے سدھاکر اڈبالے نے بازی ماری

Congress workers show the victory sign after the victory of Sudhakar Udbale (left) in Nagpur.
ناگپور میںسدھاکر اڈبالے(بائیں) کی جیت کے بعدکانگریس کارکنان فتح کا نشان دکھاتے ہوئے

مہاراشٹر قانون ساز کونسل کے ٹیچر اور گریجویٹ کے۵؍ اسمبلی حلقوںکیلئے گزشتہ دنوں ہوئی پولنگ کے نتائج ۲؍ فروری کو ظاہر کئے گئے جس میںکانگریس اور این سی پی کا غلبہ نظر آیا۔تادم تحریر امراوتی گریجویٹ حلقے میںکانگریس کے دھیرج لنگاڑے  بی جے پی کے رنجیت پاٹل سے ایک ہزار ووٹوں سے آگے چل رہے تھے۔
 وکرم کالے کی شاندار جیت 
 اورنگ آباد ٹیچر اسمبلی حلقہ انتخاب میں این سی پی امیدوار وکرم کالے آزاد امیدوار سویہ کانت سنگرام اوربی جے پی امیدوار پروفیسر کرن پاٹل نارائن راؤ کو ۷؍ ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دیدی ۔این سی پی امید وار وکرم کالے نے ۲۰؍ ہزار ۷۸؍ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مد مقابل آزاد امیدار سوریہ کانت سنگرام نے ۱۳۵۴۳؍ ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر  رہے جبکہ بی جے پی  امیدوار ۱۳۴۸۹؍ ووٹ لیکر تیسرے نمبر پر رہے ۔ونچت بہوجن اگھاڑی کے مانے کالی داس کو صرف۱۰۴۳؍ ووٹ پر اکتفا کرنا پڑا ۔ وکرم کالے پچھلے۱۵؍ سال سے اورنگ آباد ٹیچر اسمبلی حلقہ سے منتخب ہورہے ہیں ۔اس مرتبہ بھی ان کی کامیابی کی امید کی جارہی تھی لیکن بی جے پی نے انہیں سخت مقابلہ دینے کی بھی کوشش کی ۔وکرم کالے کو اپنی کامیابی کے سلسلے کو برقرار رکھنے کیلئے کافی دوڑ دھوپ کرنی پڑی۔ان کی تشہیر کے لئے ناندیڑ میں اساتذہ کی ایک کانفرنس منعقد کی گئی تھی جس میں این سی پی کے سینئر لیڈر سرکردہ لیڈر اجیت پوار نے بھی شرکت کی تھی ۔
         کوکن ٹیچرس حلقہ میں گیانیشور  مہاترے جیت گئے 
 کوکن ٹیچر حلقہ میں ووٹوں کی گنتی کے پہلے ہی دور میں بی جے پی کے گیانیشور مہاترے نے کامیابی حاصل کی ۔ اس انتخاب میںمہاوکاس ا گھاڑی کے امیدوار بالارام پاٹل کو شکست ہوئی ہے۔ مہاترے  نے اپنے قریبی سیاسی حریف بالا رام پاٹل کو تقریبا ۱۰ ہزار ووٹوں کے فرق سے شکست دی ۔ گیانیشور مہاترے کو ۲۰؍ ہزار ۶؍ سو ۸۳؍ ووٹ حاصل ہوئے جبکہ شیکاپ کے بالارام پاٹل کو ۱۰؍ ہزار ۹؍سو ۹۷؍ ووٹ ملے۔انتخاب کے نتائج کا اعلان ہوتے ہی خطہ کوکن کے مختلف مقامات پر اساتذہ اور پارٹی کارکنوں نے جیت کا جشن منایا۔ریلیاں نکال کر خوشی کا اظہار کیا گیا۔ جمعرات کی صبح سے ووٹوں کی گنتی کا عمل نیرول کے آگری کولی بھون میں شروع ہوا تھا۔ ووٹوں کی گنتی کے پہلے دور میں بی جے پی کے گیانیشور مہاترے آگے چل رہے تھے۔ پہلے راؤنڈ میں انہیں ۶۰؍ فیصد اور شیکاپ کے بالارام پاٹل کو ۴۰؍ فیصد ووٹ ملے لیکن اس گنتی میں۱۵۰۰؍  سے زائد ووٹوں کو باطل قرار دیا گیا۔ پہلے راؤنڈ میں ہی بی جے پی کے  مہاترے کی جیت کا راستہ صاف ہو گیا تھا۔
سدھاکراڈبالے کی بھاری ووٹوں سے جیت
  سدھاکر اڈبالے نے ناگپور ٹیچر حلقہ انتخاب میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے موجودہ بی جے پی ایم ایل اے ناگو گنار کو بڑے فرق سے شکست دی ہے۔ یا درہے کہ مہاوکاس اگھاڑی نے سدھاکر اڈبالے کو اپنا امیدوار قرار دیتے ہوئے حمایت کا اعلان کیا تھا۔ اڈبالے کی جیت سے بی جے پی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ سدھاکر اڈبالے کو ناگو گانار سے دوگنا زیادہ ووٹ ملے ہیں جو بی جے پی کا گڑھ مانا جاتا ہے۔ بنیادی طور پر سدھاکر اڈبالے کا تعلق چندر پور ضلع سے  ہے اور وہ ودربھ مدھیامک شکشک سنگھ کے لیڈر ہیں۔ سدھاکراڈبالے نے پرانی پنشن اسکیم کے نفاذ کے لیے مسلسل جدوجہد کی تھی۔ سدھاکر اڈبالے کو۱۶۵۰۰؍ ووٹ ملے جب کہ ناگو گنار کو۶۳۶۶؍ ووٹ سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ اس انتخاب میں کامیابی کے بعد پہلا ردعمل دیتے ہوئے اڈبالے نے کہا’’ میں دو سال سے حلقہ اساتذہ  کے رابطے میں تھا۔ پرانی پنشن اسکیم کے لیے بھی احتجاج کیا۔ امید تھی کہ مہاوکاس اگھاڑی کی حمایت کے بعد جیت لازمی ہے۔ اب مستقبل میں سیاسی جماعتوں کے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر اساتذہ کے مسائل کو قانون ساز کونسل میں اٹھا کر ان کو انصاف دلانے کی کوشش کروں گا۔‘‘ پوری ریاست کی توجہ ناگپور حلقہ انتخاب پر تھی۔ بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر نتن گڈکری، نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور ریاستی صدر چندر شیکھر باونکولے کا وقار داؤ پر لگا ہوا تھا کیونکہ یہ انتخاب ان کے آبائی ضلع کا تھا۔ اڈبالے کی اس جیت سے بی جے پی کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ بی جے پی کےگڑھ میں۱۲؍ سال سے بی جے پی کے حامی ایم ایل اے ناگو گانار کو شکست دے اڈابلے نے تاریخ رقم کی ہے۔
امراوتی میں کانگریس اور بی جے پی میں کانٹے کی ٹکر
 امراوتی ڈویژن کےایک لاکھ۲۴۰۳؍  ووٹوں میں سے۲۸؍ ہزار  ووٹوں کے۲؍ راؤنڈ ہوئے ہیں۔ تیسرے راؤنڈ کے۱۴؍ میزوں میں ووٹوں کی گنتی کے بعد کانگریس کے دھیرج لنگاڑے۲۹۷۰۸؍ ووٹوں کے ساتھ بی جے پی کے ڈاکٹر رنجیت پاٹل کے۲۷۹۴۷؍ووٹ سے۱۷۶۱؍  سے سبقت حاصل کئے ہوئے تھے۔ اس الیکشن میں لگاتار دو بار نمائندگی کرنے والے بی جے پی امیدوار ڈاکٹررنجیت پاٹل، کانگریس امیدوار دھیرج لنگاڑے، ونچت بہوجن اگھاڑی کے پروفیسر انیل املکر، شرد جھامبرے، کانگریس باغی شیام پرجاپتی، آزاد امیدوار کرن سارنائک سمیت۲۳؍ امیدواروں نے قسمت آزمائی ہے۔   ووٹوں کی گنتی صبح بدنیرہ کے نیمانی گودام میں شروع  ہوئی ۔حتمی نتائج دیر رات تک آسکتے ہیں۔ادھر ناسک گریجویٹ حلقےسے ستیہ جیت تامبے جیت گئے ہیں۔انہوں نے کانگریس سے بغاوت کرتے ہوئے آزاد امیدوار کی حیثیت سے لڑا تھا ۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK