• Tue, 16 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’کانگریس اور آر جے ڈی سے بہار کے وقار کو خطرہ‘‘

Updated: September 15, 2025, 11:15 PM IST

وزیراعظم مودی نے بہار دورے پر دونوں پارٹیوں کو جم کر کوسا، کہا: کانگریس اور آر جے ڈی کو عوام کی نہیں، صرف اپنے خاندان کی فکر ہے

Prime Minister Modi welcomes the public on the occasion of the visit
دورے کے موقع پر عوام کاخیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم مودی

وزیر اعظم مودی نے بہار دورے پر ایک بار پھر کانگریس اور آر جے ڈی کو جم کرکوسا۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں پارٹیوں سے بہار کے وقار کو خطرہ لاحق ہے کیونکہ ان دونوں کو ریاست کے عوام کی نہیں بلکہ اپنے خاندان کی فکر ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس اور آر جے ڈی بہار میں گزشتہ دو دہائیوں سے اقتدار سے باہر ہیں۔ اس میں سب سے بڑا کردار بہار کی ماؤں بہنوں نے ادا کیا ہے۔ میں اس کیلئے ماؤں بہنوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ آر جے ڈی حکومت میں مائیں بہنیں پریشان اور خوفزدہ تھیں کیونکہ اُس وقت قتل و غارت کھلے عام ہوا کرتی تھی لیکن آج ڈبل انجن والی حکومت میں وہ لکھ پتی دیدی اور ڈرون دیدی بن رہی ہیں۔ بہار کی جیویکا دیدی آج پورے ملک کیلئے ایک تحریک ہیں۔
 انہوں نے کہا کہ آر جے ڈی اور کانگریس کو صرف اپنے خاندانوں کے فلاح و بہبود کی فکر ہے۔ یہ لوگ کبھی آپ کی فکر نہیں کریں گے، لیکن  اس مودی کیلئے آپ ہی خاندان ہیں۔ اسی لئے مودی کہتا ہے’’ سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کئی تہوار ہیں۔ اس بار ہماری حکومت نے غریبوں کو بڑا تحفہ دیا ہے۔ نوراتری کا تہوار آج سے ٹھیک ایک ہفتے بعد آئے گا لیکن اس تہوار سے پہلے ہی ہم نے جی ایس ٹی میں کمی کا بڑا تحفہ دیا ہے۔
 کانگریس اور آر جے ڈی کو کوستے کوستے انہوں نے ایک بار پھر فرقہ وارانہ کارڈ کھیلنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ آج سیمانچل اور مشرقی ہندوستان میں دراندازوں کی وجہ سے آبادی کا بہت بڑا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ بہار، بنگال اور آسام کے لوگ اپنی بہنوں اور بیٹیوں کیلئے پریشان ہیں، اسی لئے میں نے لال قلعہ سے ڈیموگرافی مشن کا اعلان کیا ہے، لیکن، کانگریس اور آر جے ڈی کے لوگ دراندازوں کی وکالت کر رہے ہیں۔ انہیں بچانے میں لگے ہوئے ہیں۔ یہ لوگ بے شرمی سے بیرون ملک سے آنے والے دراندازوں کو بچانے کے نعرے لگا رہے ہیں۔ وہ یاترا نکال رہے ہیں۔ یہ لوگ بہار اور ملک کے وسائل اور سلامتی دونوں کو داؤ پر لگانا چاہتے ہیں۔
  کہا جاتا ہے کہ ایس آئی آر پر منہ کی کھانے کے بعد بی جے پی کے لیڈران بہت زیادہ پریشان ہیں۔ وزیراعظم مودی نے ایس آئی آر کا نام تو نہیں لیا لیکن اتنا ضرور کہا کہ `آج، پورنیہ کی اس سرزمین سے، میں ان لوگوں کو ایک بات واضح طور پر سمجھانا چاہتا ہوں۔ آر جے ڈی اور کانگریس کا یہ گروپ، میری بات غور سے سن لے، جو بھی گھسنے والا ہے، اسے باہر جانا پڑے گا۔ دراندازی کو روکنا این ڈی اے کی ذمہ داری ہے۔ میں ان لیڈروں کو چیلنج کرتا ہوں جو دفاع میں کھڑے ہیں اور دراندازوں کی حفاظت کر رہے ہیں، وہ کچھ بھی کرلیں اور کتنی ہی طاقت کا استعمال کرلیں، اب ہم انہیں ہٹانے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ مودی کی ضمانت ہے کہ دراندازوں کے خلاف کارروائی ہوگی اور ملک اس کے اچھے نتائج بھی دیکھے گا۔ دراندازوں کی حمایت میں آر جے ڈی اور کانگریس کی طرف سے اٹھائے جانے والے مسائل کا بہار کے عوام جلد ہی مناسب جواب دینے والے ہیں۔
 اس موقع پر انہوں نے پورنیہ ہوائی اڈے کا افتتاح کیا۔اس کے ساتھ ہی تقریباً۳۶؍ ہزار کروڑ روپے کے مختلف منصوبوں کے افتتاح  اور سنگِ بنیاد کے ذریعہ عوام کو رجھانے کی کوشش بھی کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK