• Thu, 11 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پی ایم مودی کا پہلا منی پور دورہ: نسلی تشدد سے متاثر لوگوں کا کہنا ہے کہ ”ان سے کوئی توقع نہیں ہے“

Updated: September 11, 2025, 7:05 PM IST | Imphal

کوکی-زو کونسل نے مودی کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے ”تاریخی اور نایاب موقع“ قرار دیا جبکہ متاثرین نے اسے علامتی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

PM Modi. Photo: X
پی ایم مودی۔ تصویر: ایکس

وزیر اعظم نریندر مودی، منی پور میں نسلی تشدد شروع ہونے کے دو سال سے زائد عرصے کے بعد ۱۳ ستمبر کو شمال مشرقی ریاست کا دورہ کریں گے۔ لیکن متاثرہ خاندانوں کا کہنا ہے کہ انہیں اس دورے سے حالات میں تبدیلی آنے کی کوئی خاص امید نہیں ہے۔ مکتوب میڈیا کے مطابق، کوکی-زو کونسل (کے زیڈ سی) نے مودی کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ”تاریخی اور نایاب موقع“ قرار دیا جو تقریباً چار دہائیوں بعد کسی وزیر اعظم کا اس علاقے کا پہلا دورہ ہے۔ اسی کے ساتھ، کونسل نے آئین کی دفعہ ۲۳۹۔الف کے تحت ایک علیحدہ انتظامیہ کیلئے اپنا مطالبہ دہرایا اور دلیل پیش کی کہ امن اور بقاء کیلئے یہ تقسیم ضروری ہے۔

لیکن دوسری طرف، تشدد میں متاثر ہونے والے خاندانوں نے مودی کے دورے سے مایوسی کا اظہار کیا۔ تشدد کے نتیجے میں امپھال میں اپنا گھر کھو دینے والی خاتون نے کہا کہ ”میری پوری زندگی ختم ہو گئی ہے۔ اب صرف ہمارا ذاتی درد باقی ہے۔“ ایک بے گھر میتئی خاندان نے بھی مایوسی ظاہر کی اور کہا کہ انہیں مودی کے دورے سے ”کچھ امید نہیں“ ہے۔

یہ بھی پڑھئے: درگا پوجا میں وزیر اعظم مودی کی تصویر لگانے کا حکم بالکل غلط: بھاردواج

پیشہ سے وکیل سیام فائپی، جن کا گھر اور خاندانی اسکول جلا دیا گیا تھا، نے اس دورے کو علامتی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ”ڈھائی برسوں میں کچھ نہیں بدلا۔ سیاسی لیڈران امن کی تصویر پیش کر رہے ہیں، لیکن زمینی حقیقت اس کے بالکل برعکس ہے۔“ فائپی نے رہائشیوں سے اپیل کی کہ ”وہ گھروں میں رہیں، وقار برقرار رکھیں اور ان لوگوں کو یاد رکھیں جو ہلاک ہو گئے ہیں۔“ دریں اثنا، کے زیڈ سی نے ۲۰۲۳ء سے ”ناقابل پیمائش مشکلات“ کی طرف اشارہ کیا اور اکثریت رکھنے والی میتئی برادری پر تشدد کا الزام لگایا جس کی وجہ سے ۲۵۰ سے زائد زندگیاں ضائع ہوئیں۔

وزیراعظم کے دورے سے قبل، منی پور کے گورنر اجے کمار بھلا نے منگل کو چوراچندپور میں پانچ کوکی-زو ایم ایل اے سے ملاقات کی۔ مقامی حکام نے بتایا کہ مودی سنیچر کی دوپہر کو چوراچندپور کے مین گراؤنڈ میں کوکی-زو برادری کے اراکین سے خطاب کر سکتے ہیں۔ حکام کے مطابق، مودی ریاستی دارالحکومت امپھال اور چوراچندپور میں ریلیوں سے خطاب کر سکتے ہیں جو ہزاروں لوگوں کو بے گھر کرنے اور برادریوں کے درمیان تقسیم کو گہرا کرنے والے پرتشدد جھڑپوں کے بعد ان کا منی پور کا پہلا دورہ ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK