• Sat, 14 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اڈانی پروجیکٹ کی’ ہیراپھیری‘ پرکانگریس نےسرکارکو گھیرا

Updated: November 14, 2026, 2:14 PM IST | Inquilab News Network/Agency | New Delhi

کانگریس نے اس معاملے کو بڑے پیمانے کا گھوٹالہ قرار دیاہے اورالزام لگایا کہ ۵؍ ہزار کروڑ روپے سے زائد کے پروجیکٹ کو محض ۷۵؍ کروڑ کا بتایاگیا،جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے۲۷۷؍ کروڑ کی ادائیگی سے بچنے کیلئے پروجیکٹ کی لاگت میں ۹۹؍فیصد کی کمی کا دعویٰ کیا ، شیوسینا نے بھی تنقید کی۔

Images of Jairam Ramesh and Aaditya Thackeray. Left: A screenshot of a report on the matter, released by the Congress party on its X handle. Photo: INN
جئے رام رمیش اور آدتیہ ٹھاکرے کی تصاویر۔ بائیں :کانگریس نے اپنے ایکس ہینڈل پر مذکورہ معاملے پر ایک رپورٹ جاری کی ہے، اس کا عکس۔ تصویر: آئی این این

 کانگریس نے مہاراشٹر کے  ستارا میں ’اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ‘ کے ذریعہ اپنے ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی لاگت میں۹۹؍ فیصد کمی کی درخواست پر مرکزی حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ ایسا اس لئے کیا جارہاہے تاکہ تاکہ اسے ماحولیات کے تحفظ کے لیے حکومت کے پاس خطیر رقم جمع نہیںکرانی پڑے ۔اس سلسلہ میں معاصر انگریزی روزنامہ ’انڈین ایکسپریس ‘ کی تفتیشی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس نے اس معاملے کوانتہائی بڑے پیمانے کا اسکینڈل قرار دیا  ہے اوراڈانی گروپ کے کاروباری معاملات کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے ذریعہ جانچ کا مطالبہ کیا ہے ۔

کانگریس کے جنرل سیکریٹری  اور کمیونی کیشن انچارج جے رام رمیش نے ’ انڈین ایکسپریس‘ کی رپورٹ ’ایکس‘پر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ’’ اڈانی گروپ کی قابل تجدید توانائی کمپنی، ’اڈانی گرین انرجی لمیٹڈ‘ نے مہاراشٹر کے ضلع ستارا میں اپنے ۱۵۰۰؍ میگاواٹ کے ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی لاگت کو پانچ ہزار ۶۷۵؍ کروڑ سے ۷۵؍ کروڑ ۵۶؍لاکھ کرنے کی درخواست دی۔‘‘انہوں نے کہا کہ’’ گزشتہ ایک دہائی کے دوران، ’موڈانی‘ (مودی اور اڈانی) گروپ کی غیر معمولی توسیع دراصل دستاویزی ثبوتوں کے ساتھ سامنے آنے والے گھپلوں کی ایک داستان ہے۔ انڈین نیشنل کانگریس مارچ ۲۰۲۳ء سے ہی اس گروپ کی ترقی اور ایک کے بعد دوسری کمپنی، ایک کے بعد دوسری صنعت، اور ایک کے بعد دوسرے سرکاری اثاثے پر قبضے کی پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کے ذریعے مکمل تحقیقات کا مطالبہ کر رہی ہےجن کا تفصیل کے ساتھ ریکارڈ موجود ہے۔ جے رام رمیش نے مہاراشٹر پاور پروجیکٹ کی تخمینہ لاگت میں کی گئی تبدیلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جو پروجیکٹ گزشتہ سال پانچ ہزار ۶۷۵؍ کروڑ کا تھا ،اب ایک حلف نامہ میں اس لاگت  ۷۵؍ کروڑ ۵۶؍لاکھ کرروڑ روپے بتائی گئی جو کہ ۹۹؍فیصد کمی کے مترادف ہے۔

یہ بھی پڑھئے: دیوالی کے موقع پر ممنوعہ پٹاخے پھوڑنے والے ۸۲؍افراد کیخلاف ایف آئی آر

خیال رہے کہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاگت میں ایک سوویں حصے کی کمی اس لیے بھی اہمیت رکھتی ہے کہ اس سے متناسب طور پر اڈانی گرین اینرجی کو جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے ۲۷۷؍کروڑ روپے کے مقابلے میں صرف دوکروڑ ۲۷؍لاکھ روپے جمع کرنے ہوں گے۔ ۳۰؍اکتوبر کو وزیر اعظم کے شکایات کے ازالے اور ریاستی حکومت کے شکایات کے ازالے کے پورٹل کے ذریعے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کو درج کی گئی شکایت کے بعدمحکمۂ جنگلات نے  جانچ شروع کردی ہے۔اس میں  پروجیکٹ کی غلط لاگت کا الزام لگایا گیا ہے۔ مرکزی وزارت ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی نے۶؍ نومبر کو ریاستی محکمے اور محکمہ جنگلات کو اس معاملے کی تحقیقات کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اس رپورٹ پر اڈانی گروپ، مہاراشٹر حکومت یا مرکز کی طرف سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

کانگریس لیڈر نے اسے ناقابل یقین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مودی-اڈانی گروپ سے جڑا ایک اور ایسا معاملہ ہے جس میں مبینہ طور پر جواب دہی سے بچ نکلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے اسے بڑے پیمانے پر گھوٹالے کا اشارہ قرار دیتے ہوئے گروپ کے کام کاج کی جانچ کے لیے جے پی سی تشکیل دینے کے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔

وہ ہماری ریاست کو لوٹ رہے ہیں:شیوسینا یوبی ٹی 

شیوسینا یوبی ٹی کے لیڈر آدتیہ ٹھاکرے نے ایکس پر لکھا کہ ’’وہ ہماری ریاست کو لوٹ رہے ہیں، ہمارے جنگلات کو تباہ کر رہے ہیں اور واجب الادا رقم تک ادا کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ آخر مہاراشٹر اس لوٹ مار کے خلاف آواز کیوں نہ اٹھائے؟ مہاراشٹر اس تباہی کو برداشت کیوں کرے؟ویسے بھی پمپ اسٹوریج پروجیکٹس سے سہیا دری پہاڑی سلسلے کو نقصان پہنچ رہا ہے!وزیر اعلیٰ دفتر مہاراشٹرکو ان پروجیکٹس کو مسترد کرنا چاہیے اور اس کے بجائے بیٹری اسٹوریج پروجیکٹس متعارف کرانے چاہئیں!‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK