ملبارہل کے علاقے میںسب سے زیادہ خلاف ورزی کرنے والے پائے گئے۔ دیوالی کے پٹاخوں سے شہر کے ۳۸؍جانور اور پرندے زخمی۔
EPAPER
Updated: November 14, 2026, 12:42 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
ملبارہل کے علاقے میںسب سے زیادہ خلاف ورزی کرنے والے پائے گئے۔ دیوالی کے پٹاخوں سے شہر کے ۳۸؍جانور اور پرندے زخمی۔
دیوالی کے موقع پر شہر اور مضافات میں جا بجا پٹاخے پھوڑنے سبب بے شمار آگ لگنے، لاکھوں کروڑوں روپے مالیت کا نقصان ہونے کے ساتھ ساتھ جانی نقصان بھی ہوا ہے ۔ دیوالی کے موقع پر پھوڑے جانے والے پٹاخوں کے سبب نہ صرف شہریوں کو شدید جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا بلکہ کئی جانور اور پرندے بھی آتش بازی سے متاثر ہوئے ۔ اس سلسلہ میں پولیس نے عائد کردہ پابندی کے باوجود گزشتہ۶؍ دنوں کے درمیان عوامی سڑکوں اور دیگر مقامات پر مبینہ طور پر پٹاخے پھوڑنے اور شہری انتظامیہ و عدالت کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں۸۲؍ ایف آئی آر درج کی ہے ۔ یہی نہیں خلاف ورزی کرنے پر ۱۱۰؍ افراد کو نوٹس بھی جاری کیا ہے۔
پولیس کی کارروائی کی زد میں آنے والوں میں رئیل اسٹیٹ ڈیولپرز، کاروباری افراد، ڈاکٹرز، ملازمت پیشہ افراد، میڈیکل اسٹور چلانے والے، مزدور، طلبہ، ڈرائیور اور عمر رسیدہ افراد بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: بہتر کوآرڈینیشن کیلئے خالد کھیراڈاکو سعودی حکومت کی جانب سےاعزاز
اس ضمن میں پولیس کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق سب سے زیادہ ۱۶؍کیس ملبار ہل پولیس اسٹیشن نے درج کئے ہیں۔ اس کے علاوہ پوائی میں ۱۱؍، گرگاؤں میں ۷، دھاراوی میں ۶، ماہم اور شیواجی پارک میں ۵۔۵؍، باندرہ اور کُرار میں ۴۔۴؍ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔ اسی طرح بانگور نگر، گورے گاؤں، پنت نگر اور وکھرولی میں ۳۔۳؍مقدمات درج کئے گئے۔ دادَر، سہار اور شاہو نگر میں ۲۔۲؍مقدمات درج ہوئے ہیں جبکہ آزاد میدان، کالا چوکی، مانخورد، ایم آر اے مارگ، ایم آئی ڈی سی اور نہرو نگر پولیس اسٹیشنوں میں ایک ایک کیس درج کیا گیا۔
امسال دیوالی کے موقع پر پھوڑے جانے والے پٹاخوں کے سبب انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں اور پرندوں کو بھی خمیازہ بھگتنا پڑا ہے ۔ اطلاع کے مطابق ممبئی میں پٹاخوں کی تیز آواز، دھویں اور آگ سے ۳۸؍ جانور اور پرندے زخمی ہوئے ہیں ۔ ان سبھی کو پریل کے بائی ساکر بائی دنشا پیٹ اینڈ اینیمل ہاسپٹل میں علاج کے لئے لایا گیا تھا۔ تشویشناک بات یہ ہے کہ اس سال زخمی جانوروں اور پرندوں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً دُگنی رہی۔