Inquilab Logo Happiest Places to Work

جعلی کرنسی میں اضافے پر کانگریس نے حکومت کوگھیرا

Updated: May 30, 2025, 11:38 PM IST | New Delhi

آربی آئی کی رپورٹ پرکانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے کا ردعمل، کہا کہ’’ نوٹ بندی وزیراعظم مودی کی تاریخی غلطی تھی، اس نے ملکی معیشت پر گہرے اور دیرپا زخم پیوست کئے،مودی حکومت کے ۱۱؍برسوں میں ۶؍لاکھ ۳۶؍ہزار۹۹۲؍ کروڑ روپے کے بینک فراڈ ہوئے ہیں‘‘

Congress President Kharge said that more than 6 lakh bank frauds occurred in the 11 years of the Modi government.
کانگریس کے صدر کھرگے نےکہا کہ مودی حکومت کے ۱۱؍سال میں ۶؍لاکھ سے زائد بینک فراڈ ہوئے

ملک میں پانچ سوروپے کی جعلی کرنسی نوٹ میں ۳۷؍فیصد سے زیادہ اضافہ کی ریزرو بینک آف انڈیا کی رپورٹ پر کانگریس نےسخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ پارٹی کے صدر ملکارجن کھرگے نے  وزیر اعظم مودی کے نوٹ بندی کے اقدام کوہدف تنقید بناتے ہوئے اسے  ان کی تاریخی غلطی قرار دیا۔ کانگریس نے  کہا کہ ملک میں نوٹ بندی کے موقع پر کہاگیا تھا کہ اس سے جعلی کرنسی ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گی،لیکن ملک آج بھی اس معاشی دھچکےسے باہر نہیں نکل سکا۔ 
 کانگریس کےکمیو نی کیشن انچارج اور جنرل سکریٹری جے رام رمیش نےآربی آئی کی رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعظم مودی نے ۸؍نومبر ۲۰۱۶ء کی رات کافی دھوم دھام سے نوٹ بندی کا اعلان کیا تھا جوہماری معیشت کے لیے پہلا بڑا دھچکا تھا اوروہ آج تک اس صدمے سے پوری طرح سے نہیں نکل پائی۔‘‘ کانگریس لیڈر نے کہا کہ دوہزار روپے کے نوٹ  اسی وقت نومبر ۲۰۱۶ء میں متعارف کرائے گئے تھے، لیکن جس طرح انہیں اچانک متعارف کرایا گیا ، اسی طرح ۳۰؍ستمبر ۲۰۲۳ء کواس کا چلن  بند کرنے کا بھی اچانک اعلان کر دیا گیا تھا۔ اب تک ۲۴ء۹۸؍ فیصد اس طرح کے نوٹ آر بی آئی کو واپس جمع کرائے گئے ہیں۔ اس سے واضح طور پر ثابت ہوتا ہے کہ یہ سارا تجربہ کتنا فضول اوربیکار تھا۔‘‘ انہوںنے کہاکہ اب ۲۰۴۔۲۵ء میں پانچ سو روپے کے جعلی نوٹوں میں ۳۷؍فیصد کا اضافہ ہوگیا،جبکہ یہ کہا گیا تھا کہ نوٹ بندی سے جعلی کرنسی ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گی۔
 کانگریس صدرملکارجن کھرگے نے بھی نوٹ بندی کے باوجود جعلی کرنسی میں اضافہ کی رپورٹ پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوںنے کہاکہ’’ مودی حکومت کے ۱۱؍برسوں میں ۶؍لاکھ ۳۶؍ہزار۹۹۲؍ کروڑ روپے کے بینک فراڈ ہوئے ہیں، جو کہ۴۱۶؍فیصد کا اضافہ ہے۔ نوٹ بندی کے بعد بھی پچھلے ۶؍برسوں میں پانچ سو روپےکے جعلی نوٹوں کی تعداد میں ۲۹۱؍ فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس سال یہ سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی کے ’’میری رگوں میں سیندور دوڑرہا ہے‘‘ کے پس منظر میں کہا کہ ’’ہم نہیں جانتے کہ ان کی رگوں میں کیا ہے، لیکن یہ ضرور ہے کہ ان کی حکومت کی رگوں میں دھوکہ دھڑی اور جعلسازی موجود ہے۔‘‘ کانگریس صدر نے مزید کہا کہ جعلی نوٹ میں تشویشناک اضافہ نوٹ بندی کی ناکامی کا ثبوت ہے اور یہ ایک غیر سوچا سمجھاقدم تھا جس نے ہندوستانی معیشت پر گہرے اور دیرپا زخم لگائے۔ اس کے ذریعہ بدعنوانی،کالا دھن ،جعلی کرنسی کوختم کرنے کا وعدہ کیا گیاتھا، لیکن ان میں سے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں ہوا۔ اس کی بجائے ہندوستان کو انسانی اور اقتصادی بحران کا سامنا کرنا پڑا۔  چھوٹے کاروبار تباہ ہوگئے۔ لاتعداد دوکاندار اپنی روزی روٹی کھو بیٹھے۔ تجارت مفلوج ہو کر رہ گئی اور بازار ٹھپ ہوگئے۔ نقدی کی قلت کی وجہ سے سیکڑوں لوگ قطاروں اور افراتفری میں مرگئے۔ برسوں بعد معیشت اب بھی اس فیصلے کے نقصانات برداشت کر رہی ہے۔ نوٹ بندی نہ صرف ناکام ہوئی بلکہ اس نے قیادت اور معاشی فیصلے کی گہری خامیوں کو بے نقاب کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK