Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج ممبئی اور تھانے میں شدید بارش کا امکان،محتاط رہنے کی اپیل

Updated: July 26, 2025, 8:26 AM IST | Mumbai

ممبئی میں ۲۶؍ جولائی کی سیلابی صورتحال کو آج ۲۰؍ سال مکمل۔ جمعہ کو لگاتار بارش سے اندھیری سب وے بند کرنا پڑا، مضافات کے متعدد مقامات پر ٹریفک نظام متاثر رہا

Heavy rain on Friday caused great inconvenience to citizens
جمعہ کو ہونے والی تیز بارش کے سبب شہریوں کو زبردست پریشانی کا سامنا کرنا پڑا

محکمہ موسمیات نے سنیچر کیلئے ممبئی، تھانے اور اطراف کے علاقوں میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کے پیش نظر ممبئی پولیس نے عوام کو بغیر ضرورت سفر نہ کرنے اور ساحلوں پر نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔ جبکہ جمعہ کو ممبئی کے مضافات میں لگاتار بارش سے کئی مقامات پر ٹریفک نظام متاثر رہا  اور اندھیری سب وے بھی کچھ وقفہ کیلئے بند کرنا پڑا تھا۔آج، سنیچر کو، ممبئی میں ۲۰۰۵ء میں ہونے والی طوفانی بارش کو ۲۰؍ سال مکمل ہوگئے جب ہزاروں افراد مختلف مقامات پر پھنس گئے تھے، ایک ہزار سے زائد لوگوں کی موت ہوگئی تھی اور کروڑوں روپے مالیت کے سازو سامان کا نقصان ہوا تھا۔
جمعہ کی بارش
 جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب میں ہی ماہرین موسمیات نے اشارہ دیا تھا کہ بارش کے بہت زیادہ بادل بحر عرب سے شہری علاقوں میں داخل ہورہے ہیں جس کی وجہ سے مختلف مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔ تاہم اس روز جنوبی ممبئی میں کم اور مشرقی مضافات میں مغربی مضافات کے مقابلے اوسط بارش ہوئی۔
 محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو صبح ساڑھے ۸؍ بجے سے شام ساڑھے ۵؍ بجے کے درمیان سانتا کروز کی مشاہدہ گاہ میں ۷۴ء۲؍ ملی میٹر اور قلابہ میں محض ۱۱ء۴؍ ایم ایم جبکہ تھانے میں ۵۳ء۲؍ ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ 
 اس کے مقابلے بی ایم سی کے ذریعہ شہر کے مختلف مقامات پر نصب کئے گئے آلات کے ذریعہ اندھیری میں ۱۱۷؍ ملی میٹر، کے ایسٹ وارڈ میں ۱۱۰، کے ویسٹ وارڈ میں ۱۰۶، گوریگائوں کے آرے کالونی میں ۱۰۵، ملنڈ میں ۹۶، پوائی میں ۹۶، وکھرولی میں ۷۲، باندرہ میں ۶۳ء۵، سائن میں ۶۱، جوہو ایئر پورٹ پر ۶۰، دہیسر میں ۶۰ء۵؍ اور چمبور میں ۲۱ء۵؍ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ملنڈ کی ہائوسنگ سوسائٹی میں سانپ آگیا
 موسم باراں میں جنگلات کے قریب واقع رہائشی علاقوں میں اکثر سانپ گھس آتے ہیں اور ایسا ہی واقع ملنڈ (مغرب) کی وینا نگر میں واقع ایک ہائوسنگ سوسائٹی میں پیش آیا جب یہاں کے چند مکینوں نے ایک بڑا سانپ الیکٹرک کیبن میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا۔ ہائوسنگ سوسائٹی میں سانپ نظر آنے پر جانوروں کی فلاح کیلئے کام کرنے والی تنظیم ’ریسکنک ایسوسی ایشن فار وائیلڈ لائف ویلفیئر (آر اے ڈبلیو ڈبلیو)کو اطلاع دی گئی جس پر اس کے ایک ممبر نے آکر اس سانپ کو بحفاظت سوسائٹی سے نکالا۔ اس ممبر کے مطابق یہ سانپ تقریباً ۸؍ فٹ لمبا تھا لیکن زہریلا نہیں تھا۔ طبی جانچ کے بعد اسے محکمہ جنگلات کے افسران کی مدد سے جنگل میں چھوڑ دیا گیا۔
حادثات
 شہر کے ساتھ مشرقی اور مغربی مضافات میں  درخت اور شاخیں گرنے کے ۱۵؍ واقعات رونما ہوئے۔ شارٹ سرکٹ کے ۷؍ حادثات ہوئے جبکہ گھروں کی دیواریں وغیرہ گرنے کی ۳؍ شکایتیں موصول ہوئیں تاہم ان تمام معاملات میں کسی کے زخمی ہونے کی کوئی خبر نہیں ہے۔
اونچی لہریں اٹھیں گی
 شہری انتظامیہ کے مطابق سنیچر کو ممبئی کے سمندروں میں دوپہر ساڑھے ۱۲؍ بجے ۴ء۰۸؍ میٹر اونچی لہریں اٹھنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ دن بھر تیز ہوائوں اور طاقت ور لہروں کے پیش نظر عوام کو ساحل سمندر پر پانی میں نہ جانے کی صلاح دی گئی ہے۔
جھیلوں پر کم بارش
 ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی جھیلوں  میں جمعہ کی صبح ۶؍ بجے تک جمعرات کے مقابلے پانی کی مقدار معمولی کم ہوگئی۔ جمعہ کی صبح ان جھیلوں میں ۸۷ء۲۱؍ فیصد پانی ذخیرہ تھا جبکہ ایک روز قبل یعنی جمعرات کو یہ مقدار ۸۷ء۲۴؍ تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK