Inquilab Logo Happiest Places to Work

پروفیٹ فارآل مہم ، امسال ۱۵۰۰؍ بلڈ ڈونیشن اور میڈیکل کیمپ منعقد کرنےکا منصوبہ

Updated: July 26, 2025, 8:24 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

۱۲؍روزہ مہم کا ۲۴؍ اگست کو مسجد پرچئے سے باقاعدہ آغازہوگا، ممبئی ومہاراشٹر کے اضلاع کے علاوہ دیگرریاستوںمیں بھی آپ ؐکی سیر ت پاک پر پروگرام منعقد کرنےکااعلان

A ceremony was held at Islam Gymkhana to mark the success of the Prophet for All campaign.
پروفیٹ فار آل مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کےلئے اسلام جمخانہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا

 ممبئی ومہاراشٹر کےدیگر اضلاع کے علاوہ قومی سطح پر بھی گزشتہ ۴؍ سال سے ’پروفیٹ فار آل مہم‘ کا انعقاد انتہائی تزک واحتشام سے کیاجارہاہے۔چونکہ امسال آپ ﷺ کی یومِ ولادت مبارکہ کے ۱۵۰۰؍سال مکمل ہورہے ہیں، اس لئے مذکورہ مہم کو مزید جوش وخروش سے پورے ملک میں بڑے پیمانےپر منانے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ مسلمانوں کےعلاوہ برادران وطن کو آپؐ کی سیرت پاک سے آگاہ کیا جا سکے۔ اسی مقصد کے تئیں جمعہ کو اسلام جمخانہ میں ایک رسمی افتتاحی تقریب کاانعقاد کیاگیا جس میں مہم کے اغراضـ ومقاصد کےعلاوہ ۱۲؍روزہ پروگراموں کی معلومات فراہم کی گئیں۔
 واضح رہےکہ پروفیٹ فار آل مہم امن، ہم آہنگی، رواداری اور بین المذاہب افہام و تفہیم کے فروغ کیلئے حضرت محمد ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچانے کی ایک مثبت اور مربوط کوشش ہے۔
 پروفیٹ فار آل مہم کے کور کمیٹی کے رکن عامر ادریسی نے  مہم کے تعلق سےبتایاکہ ’’ امسال بڑے پیمانےپر اس کو چلانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کیلئے ہمارا وفد ملک کے ۲۰؍بڑے شہروںمثلاً دہلی، لکھنؤ ، پٹنہ ، حیدرآباداوربنگلوروغیرہ کا دورہ کرے  گا۔ ان شہروںکے مسلمانوںکو’ حضور سب کیلئے‘مہم کی پوری معلومات فراہم کرناہے، تاکہ وہ اپنے شہروںمیں بھی اس طرح کی مہم کاانعقاد کریں اور حضور کی سیرت پاک سے برادرا ن وطن کو آگاہ کرائیں ،جس سے قومی ہم آہنگی کو فروغ مل سکے۔یہ ایک نئی پیش رفت ہے جس سے مہم کو مزید مقبولیت ملنے کی اُمید ہے۔‘‘
 ۲۴؍ اگست کو’ مسجدپرچئے ‘ سےمہم کا باقاعدہ آغاز کیاجائے گا جس کے تحت ممبئی ومضافات کے کم وبیش ۵۰؍ مساجد میں  برادران وطن کو مدعو کر کے آپؐ کی سیر ت پاک بیان کی جائے گی۔ یہ مہم ممبئی اور مہاراشٹر کے دیگر اضلاع کے علاوہ دیگر صوبوںمیں بھی چلائی جائے گی۔قبل ازیں ۱۶؍ سے ۲۴؍اگست تک ممبئی و مضافات کے اسکولوںمیں سیرت پاک پر لیکچرکااہتمام کیاجائے گا۔ ۳۰؍اگست کو اسکولی طلبہ کے ذریعے ریلی نکالی جائے گی ۔ طلبہ اپنے علاقےمیں سیر ت پاک کی مناسبت سے تیارکئے گئے بینرز، پوسٹرز اور پلے کارڈز لے کر ریلی میں حصہ لیں گے۔اسی روز نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد کیاجائے گا جس میں برادران وطن شعراء آپ ؐکی سیرت پاک پر کلام پیش کریں گے۔
 ۳۱؍اگست کو قومی سطح کا بلڈ ڈونیشن اور میڈیکل کیمپ منعقد کرنےکا منصوبہ ہے۔ مہاراشٹر کے علاوہ دیگر صوبوںمیں ۱۵۰۰؍ کیمپ لگائے جائیں گے۔جمعہ کو اسی بلڈ ڈونیشن اور میڈیکل کیمپ سےمتعلق اسلام جمخانہ میں پوسٹر کا اجراء کیاگیا۔
 ۲؍ستمبر کو اسکولی طلبہ کے ذریعے شجرکاری اور صفائی مہم چلائی جائے گی۔ ۴؍ستمبر کو اپنے غیر مسلم ہمسایوں اور متعلقین کو ظہرانے اور عشائیہ پر مدعوکیاجائے گا۔ اس دوران ۲۴؍اگست سے ۴؍ ستمبر تک مختلف شعبوں سے وابستہ برادران ِوطن سے ملاقات اور ان سے آپ ﷺ کی سیرت پاک پر گفت وشنید کی جائے گی۔ آپؐ کی سیرت مبارکہ پر مضمون نویسی کا ایک پروگرام مرتب کیا گیا ہے جس میں حصہ لینےوالوں کے مضامین کا اعلان۲؍ستمبر کو جائےگا۔
 اس موقع پر مہم کے روح رواں یوسف ابراہانی نے’’ مہم کے اغراض ومقاصد پر روشنی ڈالتےہوئے کہاکہ ’’ یہ ایک عظیم تحریک ہے جس کے ذریعے برادران وطن تک آپ ﷺ کی سیرت پاک کے پیغام کو پہنچانےمیںبڑی کامیابی ملی ہے ۔ مہم کے وجہ سے بہت سے غیر مسلم ہمارے ساتھ آئےہیں ۔ اس سے باہمی تعلقات استوار ہوئے ہیں۔چنانچہ ہمیں اس تحریک کو مزید فعالیت اورمضبوطی کے ساتھ آگے بڑھانےکی ضرورت ہے۔‘‘
  مذکورہ مہم کی کور کمیٹی میں عامر ادریسی، پرنسپل زیب النساء ملک، سعید خان، فرید خان، پروفیسر قاسم ، فاروق سیداور عابد احمد شامل ہیں۔    

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK