Inquilab Logo

کانگریس کا دعویٰ، بہار الیکشن میں این ڈی اے کوواضح شکست ہوگی

Updated: July 28, 2020, 9:59 AM IST | Agency | Patna

پریم چندر مشرا نے کہا کہ اگر بہار میں آج الیکشن ہوا تو این ڈی اے ۲۰۰؍ سے زائد سیٹوں پر شکست سے دوچار ہوگی

Bihar Election - PIC : INN
بہار الیکشن ۔ تصویر : آئی این این

کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن کونسل پریم چندر مشرا نے بہار کی قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) حکومت پر اسمبلی انتخاب کو۶؍ ماہ کیلئے ٹالنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کورونا اور سیلاب کی تباہ کاری سرکاری مشنری کی مکمل ناکامی کی وجہ سے پیداہوئی صورتحال نے حکومت میں بیٹھے لوگوں کو خوفزہ کر دیا ہے۔ انہوں نےدعویٰ کیا کہ بہار کے سرکاری مشنری کی ناکامی نے کورونا اور سیلاب کی تباہی میں لوگوں کو متعدد اقسام کی مشکلات کا سامنا کرنے کیلئے غیر محفوظ اور مجبوری کی زندگی گزارنے پر مجبور کردیا ہے۔ موجودہ حالات میںاگر انتخابات ہوجائیں تو بہار میں جنتادل یونائٹیڈ ( جے ڈی یو )اور بی جے پی کی۲۰۰؍ سے زائد سیٹوں پر شکست ہوگی ۔
 کانگریس لیڈر نے کہاکہ وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی عوام کےدرمیان جانے کی حالت میں نہیں ہیں۔ دونوں جماعتوں کے لیڈران ایک ہی طرح کی بیان بازی کی مدد لے کر لوگوں کو گمراہ کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سچائی ہے کہ آزادی کے بعد اب تک کی سب سے ناپسندیدہ حکومت کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار ہیں جنہیں ایسا لگتاہے کہ میڈیا میں یکطرفہ خبروںکے آنے سے حکومت کی ناکامیاں چھپ جائیںگی ۔
 پریم چندر مشرا نے کہاکہ جب عوام ناراض ہوں تو زیادہ تراخبارات میں بی جے پی، جے ڈی یو حکومت کی حمایت میں روزانہ حزب اقتدار کے درجنوں لیڈران کے ایک جیسے بیانات کو شائع کیاجانا اور اپوزیشن کی خبروںکو جگہ نہ دینے سے حکومت کو نہیں بچایاجاسکتا ۔کانگریس لیڈر نے سوال کیاکہ کیا یہ درست نہیںہے کہ کابینہ کےاجلاس میں وزیر صحت اور محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری کے مابین کورونا سے نمٹنے کے سلسلے میں اختلافات سامنے آئے اور پرنسپل سیکریٹری نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ ڈاکٹر اسپتال جانا نہیں چاہتے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہ صحیح ہے تو اپوزیشن کا الزام درست ہے کہ حکومت نے عوام کو خدا کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا اور یہ صورتحال کورونا انفیکشن بڑھنے کیلئے مکمل طور پر ذمہ دار ہے اور اس کیلئے بطور وزیراعلیٰ خود نتیش کمار کو ذمہ داری لینی چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی کا واضح موقف ہےکہ انتخابات وقت پر ہوں لیکن موجودہ صورتحال انتخاب کیلئے مناسب نہیںہے اور انتخاب وقت پر کرانا ہی ہوتو الیکشن کمیشن انفیکشن سے پاک انتخابات کی گارنٹی لوگوں کو دیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK