Inquilab Logo

مہنگائی ،خوف اور نفرت کیخلاف کانگریس کا ’ہلا بول‘، مودی پر حملہ

Updated: September 05, 2022, 10:14 AM IST | Agency | New Delhi

رام لیلا میدان میںہلا بول ریلی میں ہزاروں  افراد کی شرکت، راہل گاندھی نے مرکز پر عوام میں نفرت اور خوف پیدا کرنے کا الزام عائد کیا، غربت اور مہنگائی میں اضافہ کیلئے بھی ذمہ دار ٹھہرایا

Rahul Gandhi`s speech at the rally of the Congress in Ram Leela Maidan against inflation .Picture:INN
راہل گاندھی مہنگائی کے خلاف رام لیلا میدان میں کانگریس کی ہلا بول ریلی سے خطاب کرتے ہوئے۔ اسٹیج میں دیگر لیڈروں کو بھی دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر:پی ٹی آئی

 مہنگائی، خوف اور نفرت کیلئے مودی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اتوار کو کانگریس نے رام لیلا میدان میں اپنی ’ہلا بول‘ ریلی  میں مودی سرکار کو جم کر نشانہ بنایا اور اس کیلئے بی  جےپی اور آر ایس ایس کو مورد الزام ٹھہرایا۔ راہل گاندھی   وزیراعظم مودی اوران کی پارٹی پر ملک  میں  خوف اور نفرت پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے  کہا کہ اس سے ملک کمزور ہوگا جس کا فائدہ دشمن طاقتوں کو پہنچے گا۔ اپنی اس ریلی کے ذریعہ جہاں  کانگریس نے طاقت کا مظاہرہ کیا وہیں مہنگائی کے موضوع پر مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لینے کی کوشش بھی کی۔ 
  حکومت پر چوطرفہ حملہ
  ملک کے موجودہ حالات کیلئے مودی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کربی جے پی اور آر ایس ایس کے نظریہ کو شکست دے گی۔ رام لیلا گراؤنڈ میں ہزاروں کی تعداد میں کانگریس کے پرجوش کارکنوںکی موجودگی میں   راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی پر بھی براہ راست حملہ کیا۔انہو ں نے کہا کہ’’ نریندر مودی جی میڈیا اور دو صنعت کاروں کی بدولت آج وزیراعظم ہیں۔وہ  دو صنعتکاروں اور میڈیا کی حمایت کے بغیر وزیر اعظم نہیںرہ  سکتے۔‘‘
  میڈیا پر حکومت کا قبضہ
  ریلی سے کانگریس کے دیگر سینئر لیڈروں نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے مہنگائی پر کانگریس کی `ہلا بول ریلی میں یہ بھی کہا کہ اب اپوزیشن کے پاس عوام میں جانے اور ان سے براہ راست بات کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا کیوں کہ میڈیا پر  حکومت کا  قبضہ ہے۔ ریلی سے اعلان کیاگیا کہ اسی لیے کانگریس ستمبر سے `’بھارت جوڑو یاترا‘ نکالنے جا رہی ہے۔پٹروول، ڈیزل، کھانا پکانے کی گیس اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کانگریس کےدور اقتدار میں کبھی اتنی مہنگائی نہیں رہی۔
 نفرت کو بڑھاوا، مہنگائی کوکھلی چھوٹ
 کانگریس کے سابق صدر راہل نے مودی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ آٹھ برسوں میں بے روزگاری اور مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے اور اسے روکنے کی کوشش کرنے کے بجائے حکومت نے مخالفانہ اقدامات کرکے خوف اور نفرت پھیلانے کا کام کیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ آج ملک کے حالات بہت خراب ہو چکے ہیں۔ جب سے  بی جےپی کی حکومت آئی ہے، ملک میں نفرت اور غصہ بڑھتا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے آنے کے بعد نفرت مسلسل پھیل رہی ہے لیکن حکومت اسے روک نہیں رہی ہے۔ اسی طرح ملک میں خوف کی فضا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے آنے کے بعد سے ایک نہیں کئی خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے لوگ اپنے مستقبل سے خوفزدہ ہیں، مہنگائی اور بے روزگاری کا خوف ہے۔
’ نفرت عوام کو تقسیم کررہی ہے‘
 کانگریس کے لیڈر نے کہاکہ مشکل یہ ہے کہ یہ خوف کم نہیں ہو رہا ہے، یہ خوف بڑھتا جارہا ہے، اس کی وجہ سے ہندوستان میں نفرت بڑھ رہی ہے۔ نفرت سے لوگ تقسیم ہوتے ہیں، ملک تقسیم ہوتا ہے، ملک کمزور ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری نے سب سے زیادہ مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ ملک جن مشکلات سے گزر رہا ہے اس کی ساری ذمہ داری  بی جے پی  غیر ذمہ دار حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ آج ملک چاہ کر بھی اپنے نوجوانوں کو روزگار نہیں دے سکے گا۔ جو بے روزگاری آج آپ دیکھ رہے ہیں، آنے والے وقتوں میں مزید بڑھے گی۔‘‘
؍   ۱۷؍ مقررین کا خطاب، راہل گاندھی کی قیادت کی تائید

   بدعنوانی اور مہنگائی کے خلاف کانگریس کی ’’ہلا بول ریلی‘‘  سےپارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی  کے علاوہ ۱۶؍  لیڈروں نے خطاب کیا جن میں کئی ایسے لیڈر بھی تھے جو   ۲۳؍ ناراض لیڈروں کے گروپ میں شامل سمجھے جاتے ہیں۔ ان میں   بھوپیندر سنگھ ہڈا  شامل ہیں۔  اجلاس سے خطاب  میں   سبھی نے  راہل  گاندھی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے مودی حکومت پر تنقید کی۔ ریلی کیلئے لوگ۱۰؍بجے سے پہلے ہی ریلی کے مقام پر پہنچ گئے تھے جبکہ  راہل گاندھی تقریباً ایک  بجے ریلی پہنچے۔ریلی کو سب سے پہلے آسام کے نوجوان ایم پی گورو گوگوئی نے خطاب کیا اور کہا کہ صرف ایک لیڈر یعنی  راہل گاندھی ہی ملک کے لیے لڑ رہے ہیں۔ ریلی میں آنے والے لوگوں کی بھیڑ ثابت کرتی ہے کہ حکومت کے خلاف کانگریس کی یہ تحریک اب رکنے والی نہیں ہے۔
 کانگریس کے جنرل سکریٹری طارق انور نے کہا کہ مودی حکومت سماج کو تقسیم کرنے کا کام کر رہی ہے اور اس ریلی کے ذریعے حکومت کو سخت پیغام جائے گا۔ اشوک چوہان نے کہا کہ حکومت مہنگائی سے غریبوں کوماررہی  ہے اور ملک کے غریبوں کی آواز مرکزی حکومت تک پہنچانے کے لیے اس ریلی کا انعقاد کیا گیا ہے۔ نوجوان لیڈر سچن پائلٹ نے کہا کہ اس حکومت نے مہنگائی میں زبردست اضافہ کرکے عوام پرجو حملہ کیا ہے اس کے تعلق سے حکومت کو اب بیدار کرکے ہی رہیں گے۔ مکل واسنک نے کہا کہ مودی حکومت نے ملک کے عوام کے ساتھ جو کھلواڑ کیا ہے اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK