Inquilab Logo

کانگریس نے گھر گھر گیارنٹی اسکیم لانچ کی

Updated: April 03, 2024, 11:40 PM IST | New Delhi

پارٹی صدر ملکارجن کھرگے کے ہاتھوں افتتاح ، بی جے پی پر طنز کیا کہ ’’مودی کی گیارنٹیاں ناکام ہیں ، عوام تک پہنچی ہی نہیں‘‘

Congress president Mallikarjan Kharge inaugurating the guarantee card in Delhi. (Photo: PTI)
دہلی میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے گیارنٹی کارڈ کا افتتاح کرتے ہوئے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

کانگریس پارٹی نے عوام کو د ئیے گئے۲۵؍ گیارنٹی کارڈکی گھر گھر مہم شروع کردی ہے اور انتخابات کے اختتام سے قبل آٹھ کروڑ خاندانوں میں ان تمام گیارنٹیوں  کے کارڈ تقسیم کئے جائیں گے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے  دہلی  کے شمال مشرقی لوک سبھا حلقہ میں گھر گھر گارنٹی کارڈ تقسیم کرنے کی مہم کا آغاز کیا۔ گارنٹی کارڈز۱۴؍ مختلف زبانوں میں چھاپے  گئے ہیں۔کانگریس ذرائع کے مطابق  ہر گارنٹی کارڈ میں پارٹی کے۱۵؍ گیارنٹی کارڈس کی تفصیلات ہیں جن کا کھرگے اور پارٹی لیڈر راہل گاندھی نے تاریخی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے دوران  اعلان کیا تھا۔ 
 پارٹی صدرکھرگے نے اس موقع پر کہا کہ کانگریس کی یہ گارنٹیاں  سب سے پہلے نوجوانوں کو انصاف  دلانے سے متعلق ہیں، جس کے تحت پہلی  گارنٹی  مستقل ملازمت کی ہے اور اس کے تحت ہر پڑھے لکھے نوجوان کو ایک لاکھ روپے کی اپرنٹس شپ کا حق دیا جائے گا۔ اس میں۳۰؍ لاکھ سرکاری نوکریاں دی جائیں گی اور تمام خالی آسامیوں کو کیلنڈر سال کے مطابق پُر کیا جائے گا۔ پیپر لیک کو روکنے کیلئے نئے قوانین اور پالیسیاں بنائی جائیں گی۔ اسی طرح نوجوانوں کے لئے۵۰۰۰؍ کروڑ روپے کا نیا اسٹارٹ اپ فنڈ بھی شروع کیا جائے گا۔پارٹی صدر نے ناری نیا ئے کے تحت مہالکشمی یوجنا چلانے کا بھی اعلان کیا ۔ مرکزی حکومت کی نئی ملازمتوں میں خواتین کو۵۰؍ فیصد ریزرویشن دیا جائے گا۔ شکتی کا سمان، آشا، مڈڈے میل اور آنگن واڑی کارکنوں کیلئے زیادہ تنخواہ کی گیارنٹی دی جائے گی ۔  کانگریس صدر نے اس موقع پر بی جے پی اور وزیر اعظم مودی پر طنز بھی کیا اور کہا کہ مودی جی کی تمام گیارنٹیاں ناکام ہیں کیوں کہ وہ عوام تک پہنچتی ہی نہیں ہیں۔ بی جے پی بھلے ہی دعوے کرے کہ اس نےملک کو ترقی دی ہے یا غریب عوام کو راحت پہنچائی ہے لیکن حقیقت یہی ہے کہ عوام  پریشان ہیں او ر یہ بات بی جے پی بھی جانتی ہے۔ 
  اس موقع پر موجود جے رام رمیش نے ان گیارنٹیوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ ہم ووٹرس کو ۵؍ طرح کے نیائے اور ۲۵؍ گیارنٹیوں کا تحفہ دے رہے ہیں۔ یہ گیارنٹی کارڈ واضح کرے گا کہ انہیں ہماری حکومت ملنے کے بعد کیا کیا ملے گااور ہم یہ بات لکھ کر دے رہے ہیں۔ بی جے پی کی طرح نہیں کہ صرف ریلیوں میں اعلان کردیا اور اس کے بعد کسی کو کچھ نہیں دیا۔  انہوں نے بتایا کہ کسانوں کے  لئے کسان نیا ئے یوجنا شروع کی جائے گی جس کے تحت کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی  گارنٹی  دی جائے گی اور سوامی ناتھن کمیشن کی  سفارشات کو نافذ کیا جائے گا۔ کسانوں کے قرض معاف کر دیے جائیں گے۔اس اسکیم کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے کے لیے ایک مستقل کمیشن تشکیل دیا جائے گی ۔کسانوں کی فصلوں کا بیمہ کیا جائے گا اور فصل کے نقصان کی صورت میں۳۰؍ دنوں کے اندر رقم براہ راست ان کے کھاتوں میں منتقل کر دی جائے گی۔  انہوں نے بھی بتایا کہ کانگریس کے پاس مزدوروں کیلئے انصاف کی گارنٹی ہے جس میں مزدوروں کی کم از کم یومیہ اجرت۴۰۰؍ روپے ہوگی اور یہ ضابطہ منریگا میں بھی شامل کیا جائے گا۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK