ستارا کی ڈاکٹرسمپدا منڈے کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کیلئے ۳؍مقامات پر احتجاج ۔ متعدد مظاہرین کوپولیس نے حراست میں لے لیا
EPAPER
Updated: November 10, 2025, 9:38 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ستارا کی ڈاکٹرسمپدا منڈے کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کیلئے ۳؍مقامات پر احتجاج ۔ متعدد مظاہرین کوپولیس نے حراست میں لے لیا
ستارا کے پھلٹن علاقے میں ڈاکٹر سمپدا منڈے کی خودکشی کے خلاف یوتھ کانگریس اور ریاستی کانگریس کی جانب سے پیر کو نریمان پوائنٹ، میرین ڈرائیو اور وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ ورشا کے قریب زبردست احتجاج کیا گیا ورشا کا گھیراؤ کرنے کی بھی کوشش کی گئی۔ اس دوران مظاہرین نے مہایوتی حکومت کے خلاف زبردست نعرے لگائے اور اس کیس کے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔اس احتجاج میں یوتھ کانگریس کے قومی صدر ادن بھانو چِب، انچارج منیش شرما، مہاراشٹر پردیش یوتھ کانگریس کے صدر شیوراج مورے، ممبئی یوتھ کانگریس کی صدر زینت شبرین، ریاستی کانگریس کے نائب صدر راجیش شرما، ریاستی کانگریس کے سینئر ترجمان سچن ساونت، یوتھ کانگریس کے انچارج اجے چِکارا اور مختلف اضلاع کے پارٹی کارکنان بھی شامل تھے۔
گرگاؤں چوپاٹی سے شروع ہونے والا احتجاج پولیس کے سخت بندوبست اور مظاہرین کو روکنے کی کوشش کے باوجودورشا بنگلے تک پہنچا۔ حکومت نے پولیس کی مدد سے یوتھ کانگریس کے احتجاج کو دبانے کی کوشش کی۔ کئی کارکنوں کو چرنی روڈ اسٹیشن پر روک دیا گیا۔ گرگاؤں چوپاٹی علاقے میں بھی مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کرکے مظاہرین کو گرفتار کیا گیا لیکن مشتعل کارکنوں نے وانکھیڈے اسٹیڈیم کے قریب میرین ڈرائیو پر سڑک بلاک کردی جس کی وجہ سے تقریباً آدھے گھنٹے تک ٹریفک نظام ٹھپ ہوگیا۔ پولیس نے مظاہرین کو حراست میں لے لیا لیکن یوتھ کانگریس کے ریاستی نائب صدر تنویر احمد ودروہی، لاتور ضلع یوتھ کانگریس کے صدر پروین کمار بیراج دار اور ناگپور دیہی ضلع یوتھ کانگریس کے صدر متھلیش کنہیرے نے نعرے لگاتے ہوئے ورشا بنگلے پرزبردست احتجاج کیا ۔ اس کے بعد پولیس نے ان کے ساتھ تمام لیڈروں، عہدیداروں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ اس مظاہرے کے دوران ممبئی یوتھ کانگریس کی صدر زینت شبرین نے کہاکہ’’ ہم ڈاکٹر سمپدا منڈے کو انصاف دلانے کیلئے یہ احتجاج کر رہے ہیںکیونکہ حکومت خاطیوں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پولیس کو خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے بجائے ہمیں اور یوتھ کانگریس لیڈروں کو جمہوری انداز میں پر امن احتجاج کرنے سے بھی روک رہی ہے۔‘‘ انہوںنے الزام لگایا کہ یہ خودکشی نہیںبلکہ قتل ہے اور سمپدا کو انصاف دلانے کیلئے مہاراشٹر بیدار ہو گیا ہے۔ریاستی کانگریس کے نائب صدر راجیش شرمانے کہا کہ ’’جب تک سمپدا اور اس کے اہلِ خانہ کو انصاف نہیں ملتا، کانگریس یوتھ کی جانب سے احتجاج کیاجاتا رہے گا۔ مرکزی اور ریاست کی جانب سے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس بھی انصاف کے لئے آواز اٹھانے سے روکنے کیلئے دباؤ ڈالنے کی کتنی ہی کوشش کر لیں لیکن یوتھ کانگریس نہیں جھکے گی۔‘‘
مرین ڈرائیو میں احتجاج کرنے والے سچن ساونت کو بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ سچن ساونت نے کہا کہ ’’یہ حکومت خواتین کو تحفظ فراہم کرنے میں تو بری طرح ناکام ہو گئی ہے لیکن خواتین پرظلم کیخلاف احتجاج کرنے والوں پر اپنی طاقت کا استعمال کر رہی ہے۔ یہ افسوسناک ہے۔‘‘ممبئی کانگریس کے ترجمان اور میڈیا کوآرڈینیٹرسریش چندر راج ہنس نے کہا کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کیلئے ایس آئی ٹی تشکیل دی جانی چاہئےجس میں ہائی کورٹ کے جج بھی ہوں اور بی جے پی کے سابق رکن پارلیمان رنجیت سنگھ نائک نمبالکر کو گرفتار کیا جانا چاہئے۔