Inquilab Logo Happiest Places to Work

روہت پوار کا براہ راست پرفل پٹیل پر نشانہ

Updated: March 09, 2026, 11:18 PM IST | Mumbai

رکن اسمبلی نے سوال کیا کہ ’’ آپ مفاد پرست ہیں یا اجیت پوار کے چاہنے والے ؟‘‘ پریس کانفرنس کرکے وضاحت کرنے کا مطالبہ

Rohit Pawar also provided details to Akhilesh Pawar (Photo: PTI)
روہت پوار نے اکھلیش پوار کو بھی تفصیلات فراہم کیں( تصویر : پی ٹی آئی)

اجیت پوار کے بھتیجے اور این سی پی (شرد) کے رکن اسمبلی روہت پوار اجیت پوار کی ناگہانی موت پر مسلسل سوال اٹھا رہے ہیں۔پیر کے روز انہوں نے دہلی جا کر یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کی اور اس معاملے کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کی گزارش کی۔ ساتھ ہی انہوں نے  میڈیا سے بات کرتے ہوئے فضائی کمپنی کے مالک وی کے سنگھ اور اجیت پوار کا طیارہ اڑانے والے پائلٹ پرسنگین الزامات عائد کئے۔ انہوں نےاین سی پی رکن پارلیمان پرفل پٹیل کو بھی نشانہ بنایا۔ 
 یاد رہے کہ روہت پوار مسلسل اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں انہوں نے دہلی میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال سے ملاقات کی تھی۔ اب انہوں نے سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کی اور انہیں حادثے کے تعلق سے ساری تفصیلات فراہم کیں۔ان کا کہنا ہے کہ طیارے کی لینڈنگ کے وقت دھند چھائی ہوئی تھی اور حد نگاہ بہت کم ہو گئی تھی۔ اس کے باوجود کمپنی کے ڈائریکٹروی کے سنگھ نے طیارے کو لینڈکرنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے کہا ’’ طیارے کے ٹیک آف کرنے کے وقت دھند چھائی ہوئی تھی اور پائلٹ کیپٹن کپور نے وی کے سنگھ کو فون کیا تھا۔ دھند کے باوجود انہیں اڑان بھرنے کیلئے کہا۔‘‘ ساتھ ہی روہت پوار نے یہ سنگین الزام بھی لگایا کہ کیپٹن کپور ڈیوٹی کے دوران شراب پیا کرتے تھے۔  میںاس کاثبوت پہلے ہی دے چکا ہوں۔ جس وقت وہ اجیت پوار کا طیارہ اڑا رہے تھے اس وقت انہوں نے شراب نہیں پی تھی ، ایسا رپورٹ میں کہا گیا ہے لیکن شراب پئے بغیر جو کام انہوں نے کیا ہے اس سے سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا ان کے اوپر کسی قسم کا دبائو تھا؟ یہ بات معلوم کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آخر وی کے سنگھ کو کیوں بچایا جا رہا ہے؟ 
پرفل پٹیل پر براہ راست نشانہ
 یاد رہے کہ روہت پوار ایک روز قبل این سی پی (اجیت ) کے رکن پارلیمان اور سابق وزیر برائے ہوابازی پرفل پٹیل پر براہ راست نشانہ لگاتے ہوئے سوال کیا ہے کہ ’’ پرفل پٹیل! آپ پریس کانفرنس بلا کر اس بات کی وضاحت کریں کہ کیا آپ وی کے سنگھ کے بیٹے کی شادی میں گئے تھے؟ اور گئے تھے تو وہاں اور کون کون لوگ موجود تھے؟ ‘‘ یاد رہے کہ اجیت پوار کے بیٹے جے پوار نے بھی الزام لگایا تھا کہ پرفل پٹیل وی کے سنگھ کے بیٹے کی شادی میں گئے تھے اور وہاں آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندر بابو نائیڈو کے علاوہ مرکزی وزیر برائے ہوا بازی رام موہن نائیڈو بھی موجود تھے۔ یاد رہے نائیڈو کا تعلق تیلگو دیشم پارٹی سے ہے جوکہ مرکزی حکومت کی اہم حلیف ہے۔ اسی بنا پر روہت پوار کا کہنا تھا کہ اگر ان لوگوں کے وی کے سنگھ سے گہرے مراسم ہیں تو پھر ہمیں انصاف ملنا بے حد مشکل ہے۔ روہت پوار نے پرفل پٹیل سے سوال کیا ہے کہ ’’ آپ مفاد پرست ہیں یا اجیت پوار کے چاہنے والے ہیں؟ ‘‘ آپ اس کا جواب دیں۔ پرفل پٹیل نے خود تو اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا ہے لیکن  ان کی پارٹی کے انل پاٹل (ریاستی وزیر) نے کہا ہے کہ جس شادی کی  بات ہو رہی ہے اس میں پرفل پٹیل شریک نہیں تھے۔ پاٹل نے روہت پوار کو مہاراشٹر کا ’پپو‘ قرار دیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK