ایجوکیشنل سوسائٹی پر کا رروائی کیلئے خط لکھا ، سنگین الزامات عائد کئے
EPAPER
Updated: November 04, 2020, 1:43 PM IST | Agency | Raebareli
ایجوکیشنل سوسائٹی پر کا رروائی کیلئے خط لکھا ، سنگین الزامات عائد کئے
رائے بریلی صدر کی کانگریس کی باغی ایم ایل اے آدیتی سنگھ نے رائے بریلی میں واقع کملا نہرو ایجوکیشنل سوسائٹی کے کام کرنے کے طریقہ پر سوال اٹھاتے ہوئے کانگریس کی اعلیٰ قیادت پر تنقید کی ۔یہ سوسائٹی گاندھی خاندان کی نگرانی میں کام کررہی ہے۔ آدیتی کا کہنا ہے کہ سوسائٹی کی تجارتی اور معاشی سرگرمیاں غیرقانونی ہیں۔انہوں نے معاشیات سے متعلق اتر پردیش کرائم برانچ کے ڈی جی کو ایک خط لکھ کر کملا نہرو ایجوکیشنل سوسائٹی کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ ان کے مطابق گاندھی خاندان کے کملا نہرو ٹرسٹ نے ۱۹۷۶ء میں خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے یہ سوسائٹی قائم کی تھی۔ اس دوران ایک ہزار۱۳۵؍ روپے سالانہ کرایہ پر زمین لی گئی تھی جسے۳۰؍ سال کیلئے تعلیمی ادارہ بنانے کیلئے ٹرسٹ کو دیا گیا تھا۔ اس زمین کو دھوکہ کے ساتھ فری ہولڈ بنایا گیا تھا۔سول لائن پر واقع کملا نہرو ایجوکیشن سوسائٹی کی یہ زمین برسوں سے خالی تھی۔۱۹۷۶ء میں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی اس پلاٹ پر اسکول کھولنے کیلئے تیار ہوگئی تھیں لیکن وہاں کوئی ادارہ نہیں بنایا گیا۔ اس زمین پر۴۴؍ سال سے پٹری اور گمتی کے دکاندار قابض ہیں ۔ اسی دوران پیوش گوئل نے کانگریس کی قیادت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا :’’ وزیر اعظم سے شفافیت کے خواہشمندوں نے رائے بریلی میں کملا نہرو ایجوکیشنل سوسائٹی کے نام سے ایک اور زمین کا گھوٹالہ کیا ہے۔ اس پر کالج نہ بنا کر اس کا غلط استعمال کرنے کی کوشش کی۔ آخر گاندھی خاندان اور کانگریس کتنی بار گھوٹالوں کا جواب دےگی؟‘‘