• Tue, 02 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یاترا ختم مگر جدوجہد جاری رکھنے کا عزم، ’’ہائیڈروجن بم‘‘ کا انتباہ

Updated: September 02, 2025, 1:24 PM IST | Patna

راہل گاندھی نے ’’ووٹ چوری ‘‘ کے مزید ثبوت پیش کرنے کا اعلان کیا، کہا کہ ’’ہائیڈروجن بم کے بعد نریندر مودی ملک کو منہ دکھانےلائق نہیں رہ جائیںگے‘‘

On Monday, the Voter Adhikar Yatra ended with the "Gandhi to Ambedkar March" in Patna. Leaders of `India` addressed the public at the Dhaka-Bangla intersection.
پیر کو ووٹر ادھیکار یاترا پٹنہ میں ’’گاندھی سے امبیڈکر مارچ‘‘ کے ساتھ ختم ہوئی۔ڈاک بنگلہ چوراہے پر ’انڈیا‘ کے لیڈروں  نے عوام سے خطاب کیا

بہار کی فضاؤں میں ’’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘‘ جیسے نعرے کی گونج پیدا کردینےوالی راہل گاندھی اور تیجسوی یادو  کی  ۱۶؍ روزہ ووٹر ادھیکار یاترا جو  پٹنہ کے گاندھی میدان میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر پھول چڑھاکر شروع ہوئی تھی پٹنہ ہائی کورٹ کے قریب ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمےپر گلہائے عقیدت پیش کرکے ختم ہوئی ۔ اس دوران راہل گاندھی  نے ’’ووٹ چوری‘‘ کے ’’ہائیڈروجن بم‘‘ کا اعلان کرکے زعفرانی خیمے میں  ہلچل مچادی ہے جبکہ انڈیا اتحاد کے تمام لیڈروں نے بہار اسمبلی الیکشن میں کسی بھی قیمت پر’’ووٹ چوری‘‘ نہ ہونے دینے کے عزم کو دہراتے ہوئے  جدوجہد کو جاری رکھنے کا اعلان کیا۔
  عوام کا جم غفیر، پولیس نے مارچ کو روک دیا
  ووٹر ادھیکار یاترا جو غیر معمولی کامیابی سے ہمکنار ہوئی ہے اور جس نے ’’ووٹ چوری ‘‘ کو بہار میں انتخابی موضوع بنا دیاہے، کے اختتام پرپٹنہ میں ہونےوالی ریلی میں  غیر معمولی بھیڑ اکٹھا ہوئی۔ عالم یہ تھا کہ ڈاک بنگلہ چوراہا جہاں  انڈیا اتحاد  کے لیڈروں نے عوام سے خطاب کیا، سےگاندھی میدان  تک سڑکیں عوام  سےبھری ہوئی تھیں۔   یاترا کے آخری دن راہل گاندھی ،تیجسوی یادو اور دیپانکر بھٹا چاریہ کے ساتھ ، ملکارجن کھرگے، ہیمنت سورین،ٹی ایم سی کے  رکن پارلیمان یوسف پٹھان،راجیش رام، مکیش سہنی  اور انڈیا اتحاد کے دیگر بڑے لیڈر موجود تھے۔ ایس آئی آر اور مبینہ ووٹ چوری کے خلاف یہ ۱۶؍روزہ یاترا ۱۷؍اگست کو سہسرام  سے شروع ہوئی تھی۔ ۱۳۰۰؍ کلومیٹر طویل اس یاترا نے بہار کے ۳۸؍ میں  سے ۲۵؍ اضلاع کے ۱۱۰؍ اسمبلی حلقوں کا احاطہ کیا۔یاترا  کے اختتام پر ’’گاندھی  سے امبیڈکر مارچ‘‘ کو پولیس نے ڈاک بنگلہ چوراہے پر روک دیا جس کے بعد راہل گاندھی اور دیگر لیڈروں نے وہیں عوام سے خطاب کیا۔ 
راہل گاندھی کا ’’ہائیڈروجن بم ‘‘کا انتباہ
 ڈاک بنگلہ چوراہا پر مجمع عام سے خطاب کرتے ہوئے  راہل گاندھی نے یاد دہانی کرائی کہ مہاراشٹر میں این سی پی، کانگریس اور شیوسینا کا ووٹ چرایاگیا ہے۔انہوںنے  مہاراشٹر اسمبلی الیکشن سے قبل ’ایک کروڑ نئے ووٹرس‘ کا حوالہ دیتے ہوئے  اس بات کو دہرایا کہ ’’نئے ووٹ بی جے پی کے کھاتے میں گئے اور ہم لوگ اسمبلی الیکشن ہارگئے۔ انہوں نے کہا کہ ’’الیکشن کمیشن اور بی جے پی نے مل کر ووٹ چوری کرلئے۔‘‘ کانگریس لیڈر نے بطور خاص نوجوانوں کو مخاطب کرتےہوئے متنبہ کیا کہ’’  ووٹ چوری کا مطلب حقوق، ریزرویشن، روزگار، تعلیم، جمہوریت اور نوجوانوں کے مستقبل کی چوری ہے۔‘‘
  راہل گاندھی نے کہا کہ مادھو پورہ کی حقیقت بتاکر ہم نے ایٹم بم پھوڑا تھا، اب جلد ہی ووٹ چوری کا ہائیڈروجن بم آنےوالا ہے، بی جے پی والے تیار ہوجائیں۔ وزیراعظم مودی کو چیلنج کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ اس کے بعد مودی جی ملک کومنہ نہیں دکھا پائیں گے۔‘‘
لالوجی نے اڈوانی کو روکا تھا، مجھ میں ان ہی کا خون ہے
  مجمع عام  سے خطاب کرتےہوئے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادونے براہ راست وزیراعظم مودی کو للکارا۔ انہوں  نے رتھ یاترا کے دوران  بہار میں اڈوانی کا رتھ  روکے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’لالو جی نے اڈوانی کا رتھ روکا تھا،مجھے میں ان ہی کا خون ہے۔‘‘ انہوں نے عوام کو متنبہ کیا کہ ’’ہمیں آپ لوگوں کے ووٹ کے حق کی حفاظت کرنی ہے۔ فرضی ووٹروں کے نام بھی بڑی چالاکی سے جوڑے جا رہے ہیں۔ ہمیں ان کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا جو بہار میں گڑبڑی کر رہے ہیں۔‘‘ آر جے ڈی لیڈر نے متنبہ کیا کہ بہار جہاں  جمہوریت کا جنم ہوا، بی جے پی اور الیکشن کمیشن مل کر یہیں  سے  جمہوریت کو ختم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’  راہل گاندھی کی قیادت میں ہم  نے۲۰؍ سے زائد اضلاع کا دورہ کرکے ووٹ چوری کی بات  عوام تک پہنچائی ہے۔ اسمبلی الیکشن تک سڑکوں پر رہ کر عوام کی لڑائی لڑتے رہیںگے۔ مودی جی جھوٹ بولنے کی فیکٹری ہیں۔’ فیکٹری گجرات میں اور وِکٹری بہار میں‘ یہ نہیں چلےگا

  سی پی آئی ایم ایل کے دیپانکر بھٹا چاریہ جو راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کے ساتھ ووٹر ادھیکار یاترا کا حصہ رہے، نے بھی عوام سےخطاب کرتے ہوئے انہیں ’’ووٹ چوروں‘‘ کے تعلق سے الرٹ رہنے کی اپیل کی۔اس  کے ساتھ ہی انہوں نے بھگوا خیمے کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’جب ملک میں ’چوکیدار چور ہے‘ کا نعرہ گونج رہاتھا تو بی جےپی اور آر ایس ایس  کے کارکن ’ میں بھی چوکیدار‘ کا نعرہ بلند کررہے تھے۔ اب ’ووٹ چوری‘ کے نعرے کا جواب کیا وہ ’میں بھی چور‘ سے دیں گے؟‘‘
  کانگریس کے قومی صدر اور سینئر لیڈر ملکا ارجن کھرگے نےکہا کہ راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کی یاترا کو  روکنے کی بی جے پی والوں نے ہر ممکن  کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوپائے۔انہوں نے وزیر اعظم کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی چوری کی ہمیشہ سے عادت رہی ہے۔بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر نے امیراورغریب ہر ایک کو ووٹ کا حق دیا ہے، اس کو چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے جس کو ہم کامیاب نہیں ہونے دیںگے۔
  نتیش کمار کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک وقت میں نتیش کمار سوشلزم کی بات کرتےتھے مگر اب آر ایس ایس اور بی جے پی کے گود میں جابیٹھے ہیں۔ کانگریس صدر نے  نتیش کمار کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آنے والے وقت میں یہ لوگ انہیں بھی کچرے کی طرح پھینک دیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی یہ چوتھی یاترا ہے اورآگے بھی وہ  یاتراکرتے رہیں گے۔ جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کہاکہ موجودہ این ڈی اے حکومت سازش، ای ڈی اور انکم ٹیکس کی بنیاد پر اپوزیشن کے نمائندوں کو ڈرارہی ہے۔ یہ ووٹ چوری آج سے نہیں،کافی دنوںسے چل رہی ہے۔ اب انہیں راہل گاندھی نے بے نقاب  کر دیا ہے۔ مکیش سہنی نے کہا کہ جب ملک غلام تھا تب ہم نے ۲۵۰؍سال تک لڑنے کے بعد آزادی حاصل کی۔ اس کے بعد آئین نے ہمیں ووٹ کا حق دیا۔ لیڈر سمجھتے ہیں کہ عوام کیلئے اچھا کام کریں ورنہ عوام ہمیں بدل دے گی لیکن مودی جی کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جی عوام کے ووٹوں سے نہیں بلکہ ووٹ چوری کرکے جیتتے ہیں جس کو راہل گاندھی نے ثبوت کےساتھ بتادیاہے۔  انہوں نے انڈیا کے کارکنوں سے کہا کہ ہر بوتھ پر جاکر ووٹروں کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ٹی ایم سی کےممبر پارلیمنٹ یوسف پٹھان، شیوسینا کے سنجے راوت، کے سی وینوگوپال، اشوک گہلوت، کرناٹک کے ڈپٹی سی ایم ڈی کے شیو کمار  بھی اس موقع پر موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK