Inquilab Logo

کانگریس کا ملک گیر احتجاج ، نعرہ دیا مودی ہے تو مہنگائی ہے

Updated: June 12, 2021, 7:50 AM IST | Bangalore

پیٹرول کی قیمت ۱۰۰؍ روپے سے تجاوز کرنے ،رسوئی گیس کے دام آسمان چھونے اور ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کیخلاف کانگریس پارٹی سڑکوں پر ، پیٹرول پمپوں کے باہر زبردست احتجاج

In amritsar, party workers protested in a horse-drawn carriage.Picture:PTI
مرتسر میں پارٹی کارکنوں نے گھوڑا گاڑی کے ذریعے احتجاج کیا ۔ تصویرپی ٹی آئی

    پیٹرول کی قیمت۱۰۰؍ روپے فی لیٹر، ڈیزل کے دام  ۹۲؍ روپے سے زائد ہونے ، رسوئی گیس کے دام کئی گنا بڑھنے اور سرسوں کے تیل کی قیمت میں دگنا سے زیادہ اضافہ ہونے کی وجہ سے پریشان پورے ملک کی آواز بنتے ہوئے اپوزیشن پارٹی کانگریس نے پورے ملک میں مظاہرہ کیا اور عوام کی آواز کو مودی حکومت کے ایوان تک پہنچانے کی کوشش کی ۔  کانگریس پارٹی نے قیمتوں میں اضافے کے خلاف پانچ روزہ احتجاج  و مظاہرہ شروع کیا ہےجس کا کافی اثر دیکھا جارہا ہے۔ یوپی ، بہار ، مغربی بنگال ، مہاراشٹر ، کرناٹک ، تلنگانہ ، آندھرا پردیش ، تمل ناڈو ، گجرات ، پنجاب ، ہماچل پردیش ، اتراکھنڈ اور جموں کشمیر میں پارٹی نے زوردار مظاہرہ کیا۔ 
بنگلور اور کرناٹک میں احتجاج 
  پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے بنگلور میں شیوانند اسکوائر پر دھرنا دیا اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر۱۰۰؍ ناٹ آؤٹ‘ کا نعرہ لگایا۔ کچھ کانگریسی لیڈرز’ناٹ آؤٹ۱۰۰؍‘ والا  پیڈ پہنے اور ہاتھوں میں  بیٹ لئے  ہوئے تھے۔اس موقع پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے  کرناٹک اسمبلی میں  اپوزیشن لیڈر سدارمیا نے الزام لگایا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی زبردست اضافہ ہوا ہے ، کورونا وائرس سے لاچار عوام جو پہلے ہی  اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے  سےعاجز آچکے تھے  اب ایسے  لوگوں کی پریشانیاں بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔انہوں نے سوال کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا انتخابی نعرہ ’اچھے دن آئیں گے‘، کب آئے گا اور کہاں ہے؟ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست میں بی جے پی حکومت کووڈکی دوسری لہر پر قابو پانے میں ناکام رہی ہے۔ اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی سمیت مختلف وجوہات کی وجہ سے سیکڑوں افراد کی موت ہو چکی ہے۔  کانگریس پارٹی کے متعدد لیڈروں اور کارکنان نے گرفتاریاں بھی پیش کیں۔  اس دوران ریاست کے ۵؍ ہزار پیٹرول پمپوں پر ایک ساتھ احتجاج کیا گیا۔
 مدھیہ پردیش میں دگ وجے کی قیادت میں مظاہرے
  پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف مدھیہ پردیش  میں بھی کانگریس کے کارکنان نے مظاہرہ کیا۔ دارالحکومت بھوپال میں سابق وزیراعلیٰ دگ وجے سنگھ کی قیادت میں دھرنا دیا گیا۔ ریاست کے مختلف مقامات سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ضلع ہیڈکوارٹرس پر مقامی  لیڈروں کی قیادت میں دھرنا دے کر مظاہرہ کیا گیا۔ بھوپال میںنیو مارکیٹ علاقے میں ایک پیٹرول پمپ کے پاس سینئر کانگریس  لیڈر دگ وجے سنگھ، سابق وزیر پی سی شرما اور دیگر  لیڈروں نے دھرنا دیا۔ کانگریس کے  لیڈران منہ پر ماسک لگائے ہوئے نظر آئے۔ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کے ساتھ ہی ضروری اشیاء کی قیمتیں بڑھنے سے مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ اسی طرح کا دھرنا اندور، گوالیار، جبل پور، ساگر، کھنڈوا، ستنا اور دیگر مقامات پر بھی دیا گیا  ۔ 
جموں کشمیر میں مہنگائی کیخلاف کانگریس سڑکوں پر اتری 
  کانگریس پارٹی نے جمعہ کو جموں کشمیر میں بھی ایندھن اور اشیائے خوردنی کی مہنگائی کے خلاف  احتجاج درج کرایا۔ جموں میں  اس  موقع پر جموں  کشمیرپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں پیٹرول کی قیمت چالیس رو پے فی لیٹر ہونی چاہئے تھی جو آج سو رو پےفی لیٹر ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف پارٹی  ملک گیر علامتی احتجاج درج کررہی ہے تاکہ مودی سرکار جاگ سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف لوگ کورونا وبا سے پریشان ہیں تو دوسری طرف مہنگائی نے ان کا جینا حرام کر دیا ہے۔ضلع راجوری میں بھی کانگریس کے کارکنوں نے علامتی احتجاج کیا۔ 
 پورے راجستھان میں پیٹرول پمپ بلاک  کئے گئے 
  راجستھان میں کانگریس نے بڑھتی مہنگائی، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کے خلاف دارالحکومت جے پور سمیت تمام اضلاع میں مرکز کی مودی حکومت کے خلاف پیٹرول پمپوں کے سامنے دھرنا دیا۔ پوری ریاست میں صبح ۱۰؍  بجےسے دوپہر۱۲؍ بجے تک یہ مظاہرہ کیا گیا۔ جے پور میں سول لائنس اجمیر روڈ پر پیٹرول پمپ والے ہنومان جی کے پاس کانگریس نے مظاہرہ کیا۔ اس میں کانگریس کے صدر گووند ڈوٹاسرا، وزیر صحت ڈاکٹر رگھو شرما، توانائی کے وزیر بی ڈی کلّا، وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سنگھ کھاچریاواس، اعلیٰ تعلیم کے وزیر بھنور سنگھ بھاٹی سمیت کئی کانگریس لیڈراننے حصہ لیا۔ جے پور میں ہی ٹونک روڈ پر واقع ایک پیٹرول پمپ کے سامنے کئے گئے مظاہرے میں سابق نائب وزیراعلیٰ سچن پائلٹ اور دیگر کانگریس کے لیڈروں نے حصہ لیا۔س موقع پر  ڈوٹاسرا نے کہا کہ مودی حکومت مہنگائی اور کورونا کا قہر روکنے میں ناکام رہی ہے۔ مہنگائی کے سبب ہر شخص کا بجٹ بگڑ گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر مودی من کی بات کرتے ہیں کام کی بات نہیں  کرتے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف ایک دن میں لڑائی نہیں لڑی جا سکتی اور اب گاؤں گاؤں اور گلی گلی میں جاکر مودی حکومت کو بے نقاب کرنے کا کام کیا جائے گا اور ملک کو مودی شاہ کی مہنگائی بڑھانے والی جوڑی سے نجات دلانے کی کوشش کی جائے گی۔ 

petrol Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK