Inquilab Logo

کانگریس ، این سی پی اور شیوسینا کو آئندہ انتخابات مل کر لڑنا چاہئے : شرد پوار

Updated: January 09, 2023, 1:08 PM IST | Kolhapur

این سی پی چیف نے شندے فرنویس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہاتھ میں اقتدار ہو تو پاؤں بھی زمین پر رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے

NCP chief Sharad Pawar
این سی پی چیف شرد پوار

نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے قومی صدر شرد پوار نے اتوار کو کہا کہ این سی پی، کانگریس اور شیوسینا (ٹھاکرے)پرمشتمل مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کو آئندہ ریاستی اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات  متحدہ طور پر لڑنا چاہئے۔اتوار کی صبح یہاں ایک ہوٹل میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں این سی پی  چیف نے کہا’’ہم مل کر تیاری کر رہے ہیں اور اگلے سال ریاستی اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات لڑنے کیلئے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ جب تک مل کر الیکشن لڑنے کے معاملے پر حتمی فیصلہ نہیں کیا جاتا تب تک مل کر لڑنا مشکل ہوگا۔ 
 ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ ہاتھ میں اقتدار  ہوتو  پاؤں بھی زمین پر رکھنے کی ضرورت  ہوتی ہے ، لیکن موجودہ حکمراں جماعت کے لیڈر غلط  بیانیاں کر رہے ہیں اور اپوزیشن لیڈروں کو جیل میں ڈال رہے ہیں  جو طاقت کا غلط استعمال ہے۔یہاں تک کہ اب تو شیو سینا کے بھی دو گروپ تھے لیکن وفادار شیوسینک میدان میں کام کر رہے ہیں اور ادھو ٹھاکرے کے ساتھ آنے والے انتخابات میں لوگ حقیقی شیو سینا دیکھیں گے۔شیوسینا کے لیڈر سنجے راؤت کے اس بیان پر کہ موجودہ ریاستی حکومت اگلے ماہ گر جائے گی،  پوار نے طنزیہ انداز میں جواب دیا اور کہا کہ  راؤت نے اس معاملے پر کیا کہا اس کے بارے میں انہیں کچھ نہیں معلوم،  راوت کے پلان کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔
 کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور ان کی `بھارت جوڑو یاترا کی تعریف کرتے ہوئے شرد پوار نےکہا کہ  بی جے پی راہل گاندھی کے بارے میں عام ہونے والے تاثر کو آلودہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ شرد  پوار نے کہا کہ ریاست کے موجودہ گورنر بھگت سنگھ کوشیاری بار بار متنازع بیان دے رہے ہیں اور گورنر کے عہدے کے وقار کا لحاظ نہیں  کررہے ہیں۔اجیت پوار کے حوالے سے انہوں  نے کہا کہ چھترپتی سمبھاجی مہاراج کو `سوراجیہ رکشک کہنا غلط نہیں ہے کیونکہ انہوں نے `سوراجیہ پر ہونے والے حملوں کا  پوری قوت  کے ساتھ سامنا کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK