Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اگرشرد پوارحکومت میں شامل ہوں گے تو بہت کچھ بدل جائیگا‘‘

Updated: May 12, 2025, 2:22 PM IST | Agency/Inquilab News Network | Pune

دونوں این سی پی کے انضمام اور مہایوتی میں شمولیت کی قیاس آرائی پر کانگریس لیڈر پرتھوی راج چوہان کا بیان۔

Prithviraj Chauhan avoided direct comments on Sharad Pawar. Photo: INN
پرتھوی راج چوہان نے شردپوار پر براہ راست تبصرے سے گریز کیا۔ تصویر: آئی این این

سابق وزیراعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر پرتھوی راج چوہان نے این سی پی سربراہ شردپوار کے بیان پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شردپوار اگر مہاوکاس اگھاڑی چھوڑ بھی دیں تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
 خیال رہے کہ مہاراشٹر میں لوکل باڈی انتخابات کےپیش نظر ریاستی سیاست میں گرما گرمی کاماحول ہے۔ شردپوار کے ایک بیان سے قیاس آرائیاں زور پکڑرہی ہیں کہ این سی پی (شردپوار)  اور این سی پی (اجیت پوار)کا انضمام ہوجائے گا اور یہ پارٹی مہایوتی کا حصہ ہوگی۔
 اس ضمن میں جب پرتھوی راج چوہان سے  استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ’’مجھے نہیں پتہ کہ شردپوار جی نے دونوں این سی پی کے ایک ہوجانے پر کوئی بیان دیا ہے، لیکن اندازہ ہورہا ہے کہ ان کے ساتھی لیڈران اقتدار کے لئے ہاتھ پیر ماررہے ہیں۔‘‘ پرتھوی راج چوہان نے ’زی ۲۴؍تاس ‘ کے ساتھ ہونے والے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ’’ پوار صاحب کی سیاست پھلےشاہو امبیڈکرکے نظریات پر مبنی رہی ہے، آپ یہ بھی جانتے ہی ہوں گے کہ پوار صاحب کی سیاست  اب تک  ذات پات اور فرقہ واریت مخالف رہی ہے، اگر وہ ان سب کے باوجود حکومت میں شامل ہوں گے تو بہت کچھ بدل جائے گا۔‘‘
 پرتھوی راج چوہان نے زی  ۲۴؍ تاس کے ساتھ انٹرویو میں  یہ بھی کہا کہ’’نئی نسل کے لیڈر اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتے، ہوسکتا ہے کہ یہی سبب ہو کہ نئی نسل کے لیڈران برسراقتدار کے ساتھ ہاتھ ملانے پر اصرار کرررہے ہوں۔ ان کی پارٹی میں اندرونی طور پر کیا چل رہا ہے، اس پر میں کوئی تبصرہ کرنا مناسب نہیں سمجھتا۔ لیکن یہ سمجھ میں آرہا ہے کہ ’’میں توڑ جوڑ کی سیاست نہیں کروں گا‘‘ کے موقف پر کوئی بھی برقرار نہیں۔ چونکہ پوار صاحب سینئر لیڈر ہیں اسلئے میں ان کے متعلق کچھ بھی کہنا مناسب نہیں سمجھتا۔ لیکن اتنا کہوں گا کہ بی جے پی کے خلاف لڑائی کانگریس  لڑتی رہے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK