Inquilab Logo

وزیر خارجہ کی چین کو کلین چٹ پر کانگریس برہم، شہیدوں کی توہین قراردیا

Updated: April 14, 2024, 12:22 AM IST | Ahmadullah Siddiqui | New Delhi

یہ موقف ہندوستانی زمین پر چینی کنٹرول قبول کرنے کے مترادف ہے :جے رام رمیش

Senior Congress leader Jairam Ramesh. Photo: INN
کانگریس سینئر لیڈر جے رام رمیش۔ تصویر : آئی این این

 کانگریس نے ہندوستانی سر زمین پر چین کا قبضہ نہ ہونے کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کےبیان پرسخت ردعمل کا اظہارکرتے ہوئےاسے گلوان میں شہید فوجیوں  کی توہین قرار دیا۔پارٹی نے وزیر خارجہ کے بیان کومودی حکومت کے ذریعہ چینی جارحیت کے سامنے ہتھیار ڈال دینے کے مترادف بھی بتایا۔پارٹی کے جنرل سیکریٹری جےرام رمیش  نے کہا کہ ایک طرف چین ہندوستان  کے خلاف مسلسل جارحانہ رویہ اپنا رہا ہے تو دوسری طرف مودی حکومت اسے ایک اور کلین چٹ دے رہی ہے۔اپوزیشن جماعت نے ۱۹؍ جون ۲۰۲۰ء کو وزیر اعظم مودی اور اسی طرح اپریل ۲۰۲۴ء میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے ذریعہ چین کو عوامی طور پر کلین چٹ  دئیے جانے پر سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اب وزیر خارجہ  کے اس  حالیہ بیان سے کہ ’چین نے ہماری سرزمین پر قبضہ نہیں کیا ‘ شمالی سرحد پر ہندوستان کی پوزیشن کودھچکا لگا ہے۔ ان کا بیان محض وزیر اعظم کے اس بیان کی حمایت اور اس کو آگے بڑھانے کے لیے ہے جس میں انھوں نے کہا تھا کہ ’’ہماری سرحد میں کوئی داخل نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی دراندازی ہوئی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: لشکر والی عیدگاہ پر فلسطین کا جھنڈا لہرانے والے نوجوان نے قانونی طور پر کوئی غلط کام نہیں کیا ہے

کانگریس نے کہا کہ یہ سبھی بیانات سے صرف گلوان میںہمارے شہید فوجیوں کی سخت توہین ہی نہیں ہوئی بلکہ ہزاروں مربع کلو میٹر ہندوستانی سرزمین پر چینی دعوؤں کو بھی درست قرار دےدیاگیاجہاں ہندوستانی فوجی مئی ۲۰۲۰ء تک بغیر کسی پابندی کے جاتے تھے۔ کانگریس کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے کہاکہ وزیر خارجہ کا بیان اسٹرٹیجک اہمیت کے حامل ڈیم چوک اور ڈیپ سانگ کے میدانی علاقوں پر چینی کنٹرول کو قبول کرنے کے مترادف ہے جہاں چینی فوجی ہمارے فوجیوں کو اہم وائی جنکشن پر روک رہے ہیں اور انہیں گشت کے کئی پوائنٹس تک نہیں جانے دے رہے ہیں۔چار سال میں فوجی مذاکرات کے ۲۱؍دورکے باوجود چینی فوجی اپنی جگہ پر موجود ہیں جس جگہ پر واپس جانے کی بات ہوئی تھی اسے مودی حکومت نے بفر زون کے طور پر قبول کیا تھا ۔ جے رام رمیش نے کہا کہ  ہندوستان کے حقوق کی آواز مضبوطی سے اٹھانے کی بجائے وزارت خارجہ نے کہا تھاکہ دونوں ملک اپنے اپنے روایتی چرا گاہوں سے بخوبی واقف ہیں اور کسی بھی تنازعات کو طے شدہ میکانزم کے ذریعے نپٹا جاتا ہے۔‘‘ کانگریس صدر ملکا رجن کھرگے نے کہا کہ چین کو ہندوستانی سرزمین پر قبضہ کرنے  کے معاملے میں ’ڈبل کلین چٹ‘  قومی سلامتی ، سالمیت اور خودمختاری کو خطرے میں ڈالنے والی  ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK