Inquilab Logo

بچوں کو یہ ضرور سکھائیں کھانا کھاتے وقت کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں؟

Updated: April 30, 2024, 1:10 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

بچوں کو کھانے کی ٹیبل پر بیٹھنے کے قواعد سکھائے جانے چاہئیں۔ ان کو کھانا کھانے کے طور طریقے تین سال کی عمر سے سکھانا شروع کر دینا چاہئیں تاکہ وہ بچپن ہی سے کھانے کے آداب سیکھ لیں۔

Forbid children from eating with their left hand. Photo: INN
بچے اگر بائیں ہاتھ سے کھانا کھاتے ہوں تو انہیں منع کریں۔ تصویر : آئی این این

بچوں کو کھانے کی ٹیبل پر بیٹھنے کے قواعد سکھائے جانے چاہئیں۔ ان کو کھانا کھانے کے طور طریقے تین سال کی عمر سے سکھانا شروع کر دینا چاہئیں تاکہ وہ بچپن ہی سے کھانے کے آداب سیکھ لیں لیکن بچوں کو یہ آداب کیسے سکھائے جائیں، اس کیلئے کچھ مشورے دیئے جا رہے ہیں:
ہاتھ دھوئیں:
 بچوں کے سامنے کھانے کی ٹیبل یا دسترخوان پر بیٹھنے سے قبل ہاتھ ضرور دھوئیں۔ بچوں کو بھی ہاتھ دھونے کی ترغیب دیں۔
نیپکن کا استعمال:
 ٹیبل یا دسترخوان پر موجود نیپکن کو پہلے گود میں پھیلا کر رکھیں۔ دونوں شانوں کی طرف نیپکن رکھیں۔ اسی نیپکن کو کھانے کے بعد اٹھائیں اور منہ صاف کرکے پلیٹ کے بائیں جانب رکھ دیں۔
پھونک نہ ماریں:
 کھانا اگر گرم ہے تو اسے پھونک مار کر ٹھنڈا نہ کریں۔ بچوں کو بھی یہی سکھائیں کہ گرم کھانے یا مشروبات کو پھونک مار کر نہیں کھانا یا پینا چاہئے۔
منہ بھرا ہوا ہو تو بات نہ کریں:
 جب بھی نوالہ منہ کے اندر موجود ہو، باتیں نہ کریں۔ بچے اگر کھانے کے دوران منہ میں نوالہ رکھ کر باتیں کریں تو انہیں منع کریں۔ انہیں بتائیں کہ جب نوالہ منہ میں موجود ہو تو باتیں نہیں کرنی چاہئیں۔ اسی طرح منہ کھول کر کھانا نہ چبائیں۔ چباتے وقت منہ بند رکھیں۔
چباتے وقت آواز نہ نکلے:
 بچوں کو سمجھائیں کہ کھانا کھاتے وقت چپر چپر کی آواز نہیں آنی چاہئیں۔ کوشش کریں کہ منہ بند کرکے کھائیں۔
مشروبات پیتے وقت سڑکیں نہ ماریں:
 چائے، کافی، شربت یا کولڈرنک پیتے وقت سڑ سڑ کی آوازیں نہیں آنی چاہئیں۔ بچوں میں ابتدا ہی سے اس عادت کو پروان نہ چڑھنے دیں۔
کھانا مٹھی میں نہ بھریں:
 بچوں کی عادت ہوتی ہے وہ ہر چیز ہاتھ میں بھرنا چاہتے ہیں، اگر نوڈلز ان کے سامنے موجود ہوں تو وہ نوڈلز کو مٹھی میں بھر لیتے ہیں اور اسے منہ میں ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بچوں کو اس طرح کرنے سے حتی الامکان روکیں۔
کھانسی یا چھینک آئے تو منہ پر ہاتھ رکھیں:
 بچوں کو بتائیں کہ اگر کھانا کھاتے وقت کھانسی یا چھینک آئے تو وہ منہ پر ہاتھ رکھیں۔
دائیں ہاتھ سے کھائیں:
 بچے اگر بائیں ہاتھ سے کھانا کھاتے ہوں تو انہیں منع کریں۔ بار بار ٹوکیں تاکہ ان میں سیدھے ہاتھ کی جانب رکھے ہوئے چمچے اور کانٹے کا استعمال کریں۔
ٹیبل پر کہنی نہ رکھیں:
 بچوں کی عادت ہوتی ہے کہ ٹیبل پر کہنیاں جما کر کھانا کھاتے ہیں۔ انہیں اس بات پر ضرور ٹوکیں، ان کی کہنی کو پیچھے کرکے ان کے ہاتھوں کو صحیح انداز میں رکھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK