Inquilab Logo

اُترپردیش میں۷؍ وعدوں کے ساتھ   کانگریس کی پرتگیہ یاترا کا آغاز

Updated: October 24, 2021, 10:36 AM IST | Jilani Khan | Lucknow

پرینکا گاندھی نے بارہ بنکی سے یاترا کوہری جھنڈی دکھائی، ۲۰؍ لاکھ ملازمتوں، کسانوں کے قرض کی مکمل معافی اور زرعی پیداوار کی قیمت خرید میں اضافےکا وعدہ

Priyanka Gandhi showing the green flag to a Portuguese pilgrim from Barabanki. (Photo: PTI)
پرینکا گاندھی بارہ بنکی سے پرتگیہ یاتر کو ہری جھنڈی دکھاتے ہوئے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

تر پردیش میں کانگریس  میں نئی جان پھونکنے  کی کوششوں میں مصروف پرینکا گاندھی واڈرا نے سنیچر کو بارہ بنکی سے’’ہم وچن نبھائیں گے‘‘ کے نعرہ کے ساتھ  پارٹی کی  پرتگیہ یاترا کو نہ صرف ہری جھنڈی دکھائی بلکہ اس موقع پر ۷؍ وعدے  کرکے حکمراں محاذ اور اپوزیشن پارٹیوں کیلئے مشکیں بھی کھڑی کردی ہیں۔   ان وعدوں میں ۲۰؍لاکھ نوکریوں کی فراہمی، کسانوں کے بجلی بلوں کی معافی ،   دھان ، گیہوں اور گنے کی  امدادی قیمت میں اضافہ جیسے کلیدی وعدے شامل ہیں۔  اس موقع پر انہوں نے بی جے پی کی کسان مخالف پالیسیوں کے لئے اسے جم کر نشانہ بھی بنایا۔ 
پرینکا گاندھی جارحانہ انداز میں نظر آئیں
 عوامی مسائل پر حکومت کو مسلسل کٹہرے میں کھڑا کرنے اور ان کیلئےسڑک پر اترکر، حکومتی دبائو کے باوجود آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر باتیں کرکے سرخیاں بٹور نے والی   کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی سنیچر کو بارہ بنکی ضلع کے ہرک بلاک میں’ پرتگیہ یاترا‘ کو ہری جھنڈی دکھانے  کے موقع پر بے حد جارح انداز میں نظر آئیں۔انہوں نے بی جے پی حکومتوں پر کسان مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے وعدہ کیا کہ اگریو پی میں کانگریس کی سرکار بنی توکسانوں کے کورونا دور کے بجلی بل معاف کردئے جائیں گے  اور  اس سے قبل کا بجلی بل بھی  آدھا کردیا جائے گا۔
’’ وچن نبھانے ‘‘ کے عزم کے ساتھ عوام سے وعدے
 کانگریس رہنما نے بے روزگار ی کے مسائل سے دوچار نوجوانوں کے زخموں پر مرہم لگانے کی کوشش کی اور کہا کہ اگر ہم اقتدار میں آئے تو ۲۰؍لاکھ نوجوانوں کورزگار فراہم کریں گے۔اسی طرح، انہوں نے مسلسل پریشانیوں میں گھرے کسانوں کے درد کو بھی بانٹنے کی کوشش کی اور انہیں یقین دلایا کہ کانگریس حکومت میں ان کے اہم مطالبات پرپوری سنجیدگی  سے غور کیا جائے گا اور ان کے ازالہ کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔انہوں نے یہ وعدہ بھی کیا کہ ’’ہماری حکومت ان سے دھان اور گیہوں کی خرید چھتیس گڑھ کے فارمولہ پر کرے گی، یعنی دونوں کو ۲۵۰۰؍ روپے فی کوئنٹل کی قیمت پر حکومت  کسانوں سے خریدے گی۔اتنا ہی نہیں، مغربی یوپی کے کسانوں کی اہم مانگ کو دیکھتے ہوئے پرینکا نے یہ وعدہ بھی کیا کہ کانگریس سرکار گنا کی سہارا قیمت ۴۰۰؍روپےفی کوئنٹل ادا کرے گی۔
خاتون ووٹروں پر پرینکا گاندھی کی خاص نظر 
 پرینکا گاندھی کے یہ اعلانات ریاستی سیاست میں کھلبلی مچانے والے ہیں۔انہوں نے کچھ دن قبل ہی یہ اعلان کیا تھاکہ کانگریس کی حکومت بننے پر بارہویں  پاس طالبات کو اسمارٹ فون اور گریجویویشن کی طالبات کو الیکٹرک اسکوٹی دی جائے گی۔ اتنا ہی نہیں، انہوں نے گزشتہ دنوں اسمبلی الیکشن میں ۴۰؍فیصد خواتین امیدوار اتارنے کا اعلان کرکے آدھی آبادی کو بڑا پیغام دیا تھا۔خواتین کیلئے یکے بعد دیگرے تین اہم اعلانات کرکےکانگریس میں یوپی امور کی انچارج  پرینکا گاندھی اس ووٹ بینک کو متوجہ کرنے کا دائو چل رہی ہیں جس  کی  جانب اب تک بحیثیت  علاحدہ  ووٹر  سیاسی پارٹیوں نے کوئی خاص دھیان نہیں دیا  حالانکہ  ہر نئےا لیکشن میں خاتون  رائے دہندگان کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
کسانوں اور نوجوانوںکو کانگریس کیلئے ہموار کرنے کی کوشش
ٍ پرینکا کے آج کے اعلانات کو مودی  اوریوگی حکومت سے ناراض بے روزگار نوجوانوں اور کسانوں کو کانگریس سے جوڑنے کی ایک اہم کڑی مانا جارہا ہے۔وہ گزشتہ کئی مہینوں سے خواتین، نوجوانوں اور کسانوں کے لئے مسلسل آواز اٹھاتی رہی ہیں اور اب وعدوں کے ذریعہ انہیں یہ یقین دہانی کرانا چاہتی ہیں کہ وہ اور ان کی پارٹی ان کے مسائل کے تئیں سنجیدہ  ہے۔
 کانگریس ذرائع بتاتے ہیں کہ آنے والے کچھ دنوں  میں  پارٹی مزید کئی چونکانے والے اعلانات کرے گی جن   سے بی جے پی اور ایس پی۔ بی ا یس پی جیسی پارٹیوں کی بوکھلاہٹ مزید بڑھ سکتی ہے۔ 
یکم نومبرتک یاترا جارہی رہےگی، تین روٹس پر نکلے گی
 کانگریس کی یہ ’پرتگیہ یاترا‘تین الگ الگ راستوں سے  پر چلتے ہوئے۲۷؍اضلاع  سے گزرے گی۔ بارہ بنکی سے نکلنے ’یاترا‘جھانسی جاکر ختم ہوگی جبکہ دوسری’ یاترا‘بنارس   سے نکل کر پوروانچل کےا ضلاع سے گزرےگی۔ ایک یاترا مغربی یوپی کے سہارنپور سے نکل کر متھرا تک جائے گی جس میں اس خطہ کے اضلاع میں عوام کو جوڑنے کی کوشش کی جائے گی۔پہلے روٹ کی ذمہ داری سینئر لیڈر پرمود تیواری، راجیش اور ندیم جاوید کے سپرد ہے جبکہ  دوسرے مرحلہ میںپی ایل پنیا ،پردیپ جین اور نسیم ا لدین صدیقی جیسے نمایاں چہرے سربراہی کریں گے۔ تیسرے روٹ پر’پرتگیہ یاترا‘ کی  قیادت سلمان خورشید اور پرمود کرشنم کریں گے۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK