Inquilab Logo

مہنگائی ، ضروری اشیاء پر جی ایس ٹی اور بے روزگاری کیخلاف کانگریس کا احتجاج

Updated: August 06, 2022, 9:00 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

راج بھون کے محاصرہ کی کوشش ، مرکزی اور ریاستی حکومت کے خلاف نعرےبازی،کانگریس کے لیڈروں کو حراست میں لیا گیا

The protesting Congress leaders were detained and taken to the police station.
احتجاج کرنے والے کانگریسی لیڈروں کو حراست میں لے کر پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔

ملک میں بڑھتی مہنگائی ، ضروری اشیاء پر  جی ایس ٹی عائد کرنے اور بے روزگاری کے خلاف کانگریس پارٹی کے لیڈروں کی جانب سے جمعہ کو ریاست گیر احتجاج کیا گیا۔ اسی دوران کانگریسی لیڈروں، جن میں سابق وزراء بھی شامل تھے،نے راج بھون کا محاصرہ کرنے کا بھی اعلان کیا  تھا لیکن اس سے قبل ہی پولیس  نےانہیں اپنی تحویل میںلے لیا۔ عوامی مسائل پر مظاہرہ کرنے سے روکنے پر مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی( ایم پی سی سی ) کے صدر نانا پٹولےنے الزام عائد کیا کہ آئین میں اپوزیشن کو پُر امن احتجاج کا حق حاصل ہے اس کے باوجود  مرکز کی مودی اور ریاست کی ’ای ڈی ‘ حکومت اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے لیکن کانگریس عوامی مسائل کو اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
 مظاہرہ کرنے کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں نانا پٹولے نے کہا کہ  ملک کے عوام پہلے ہی منگائی اور بے روزگاری سے پریشان ہیں اس کے باوجود ۵؍ اگست ۲۰۲۲ء کو مرکزی حکومت نے اشیائے ضروریہ پر جی ایس ٹی لگا کر غریبوں کا جینا  مزید دشوار کر دیا ہے۔ مرکزی حکومت کو مہنگائی نظر نہیں آتی۔ بے روزگاری بڑھی ہے اور اگنی پتھ اسکیم نے نوجوانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کا کام کیا ہے۔ جب کانگریس نے عوام کے ان سوالوں کا جواب دینے کے لئےراج بھون کا محاصرہ کرنے کا اعلان کیا تو ریاست کی ’ای ڈی‘(ایک ناتھ اور دیویندر) حکومت نے رات سے ہی کانگریسی لیڈروں اور کارکنوں کو نوٹس دینے اور جمعرات سے ہی حراست میں لینے کا سلسلہ شروع کر دیا ۔ممبئی اور اطراف سے۱۰؍ ہزار سے زائد کارکنوں کو حراست میں لیا گیا۔ کانگریس لیڈروںکو پولیس نے اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ ودھان بھون سے احتجاج کرنے جارہے تھے۔
 راج بھون کا گھیراؤ کرنے جاتے وقت حراست میں لئے گئے لیڈروںمیں کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے، بالا صاحب تھورات، اشوک چوان، ورشا گائیکواڑ،چندرکانت ہنڈور، محمد عارف نسیم خان،  امر راجورکر، وجاہت مرزا،  پرتھوی راج چوان، مانیک راؤ ٹھاکرے،  ڈاکٹر نتن راؤت، اسلم شیخ، ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتاپ، چیف ترجمان اتل لونڈے، جنرل سیکریٹری راجیش شرما  و دیگر شامل تھے۔مظاہرین   نے اس موقع پر مرکزی اور ریاستی حکومت کے خلاف نعرےبازی کی۔ 
 احتجاج کے بعد نانا پٹولے نے کہا کہ جب کانگریس ملک بھر میں احتجاج کر رہی تھی، کانگریس لیڈر راہل جی گاندھی اور پرینکا جی گاندھی کو پولیس نے دہلی میں حراست میں لے لیا۔ پولیس کی طرف سے پرینکا جی گاندھی کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ انتہائی ناگوار اور قابل مذمت ہے۔ کانگریس پارٹی بی جے پی حکومت کے سیاسی ظلم کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ جمہوریت میں لوگوں کے سوالات اٹھانا کوئی جرم نہیں ہے لیکن نریندر مودی کی حکومت جمہوریت پر یقین نہیں رکھتی اور اپوزیشن کی آواز کو خاموش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
 مظاہرے کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات نے کہا کہ انگریزوں کے دور میں بھی ایجی ٹیشن ممکن تھا۔ ہم جمہوریت میں ہیں لیکن ریاستی حکومت لوگوں کو اس معاملے پر احتجاج کرنے سے روک رہی ہے۔ مرکزی حکومت نے بچوں کے دودھ پر جی ایس ٹی، نمک اور آٹے پر جی ایس ٹی لگایا ہے۔ جب عوام مہنگائی کا شکار ہے تو کیا حکومت کو جواب نہیں دینا چاہتے؟ یہ کیسی حکومت ہے؟ کیا ای ڈی حکومت کی ریاست میں احتجاج پر بھی پابندی ہے؟ ۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK